اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) دفاعی تجزیہ کار جنرل ر غلام مصطفی نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان پر دہشت گردی کے الزامات لگا تا رہتا ہے بھارت کے اس بیانیے کو امریکہ اور مغربی دنیا بھی سپورٹ کررہی ہے حالانکہ سب کو معلوم ہے پاکستان خود دہشت گردی کا شکا ر ہے لیکن بھارت دنیا کو اپنی مظلومیت کی تصویر پیش کر رہا ہے۔چینل فائیو کے پروگرام نیوز ایٹ 8میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ میں پاکستان کا مقدمہ دنیا کے سامنے بہتر انداز میں پیش کیا اور واضح کیا کہ دراصل خطے میں دہشتگردی بھارت لے کر آیا ہے اب دنیا کو پاکستان کا موقف سمجھ آنا شروع ہو گیا ہے لہذا پریشان ہونے کی ضرورت نہیں،بھارت بغیر ثبوت کے الزامات عائد کر رہا ہے بھارت کشمیر میں جو دہشت گردی کر رہا ہے سب کو علم ہے۔اگر بھارت بات چیت نہیں کرتا تو نقصان اسی کا ہے۔سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد نے کہا ہے کہ اصولی طور پر الیکشن کمیشن غیر ذمہ داری کیجانب بڑھ رہا ہے جس کی بڑی مثال علیم خان کے بارے میں اہم فیصلہ دینا ہے جو تین سال سے ان کے ہاں زیر التواتھا اب علیم خان کی وزارت بھی خطرے میں پڑ گئی ہے۔الیکشن کمیشن کے پاس کسی کو سزا دینے کا اختیار نہیں لیکن اس نے تو فیصلہ سنا دیا۔ضمنی الیکشن میں عمران خان نے صاف کہہ دیا ہم سے کوئی مدد کی امید نہ رکھے یہ بڑا بہترین فیصلہ ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ لندن کی طرز پر پاکستان میں بلدیاتی الیکشن ممکن نہیں،لندن کے سسٹم کو پاکستان میں لاگو کرنا مشکل ہے۔
