ٹوکیو(ویب ڈیسک)جاپان میں ایک آرٹسٹ نے ایسی کتاب تیار کرلی جسے قاری جیسے جیسے پڑھتا جاتا ہے ویسے ویسے آنے والی سطر روشن ہوتی چلی جاتی ہے۔جاپان کے ناول نگار یوکا اوہاشی مقامی آرٹ یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں اور نت نئے تجربات سے اپنے مداحوں اور اساتذہ کو حیران کرتے آئے ہیں۔ اس بار وہ مداحوں کے لیے ایک روشن کتاب لے کر آئے ہیں جس کی سطریں اور حروف یوں چمکنے لگتے ہیں گویا صفحے کے زیریں حصے میں ننھے ننھے بلب نہاں ہوں، لیکن یہ چمک دمک کسی روحانیت کا معجزہ نہیں بلکہ اس چمتکار کے پیچھے ایک راز پوشیدہ ہے؟جاپانی آرٹسٹ نے اپنی کتاب کے حروف کو لیزر آری کی مدد سے کاٹ کر علیحدہ کرلیا اور حروف کی خالی جگہوں پر ایک ’ایل ای ڈی اسٹرپ‘ چسپاں کردی جب یہ ایل ڈی اسٹرپ انسانی لمس محسوس کرتی ہے تو متحرک ہوجاتی ہے اور یوں محسوس ہوتا ہے جیسے بلب روشن ہوگئے ہوں اور جیسے جیسے وقت گزرتا جاتا ہے ویسے ویسے روشنی تیز ہوجاتی ہے۔جاپانی ناول نگار نے اپنی تخلیق کو سوشل میڈیا پر صارفین کے ساتھ شیئر کیا تو لوگ محو حیرت رہ گئے اور کچھ ہی وقت میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد لوگوں نے اسے پسند کیا جب کہ 50 ہزار کے لگ بھگ افراد نے اسے ری ٹویٹ کیا جس سے اس کتاب میں لوگوں کی دلچسپی ظاہر ہوتی ہے۔جاپانی آرٹسٹ نے مداحوں کی پذیرائی پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے صارفین کا شکریہ ادا کیا لیکن ساتھ ہی انہوں نے مداحوں کو کتاب کی عدم دستیابی کی خبر سنا کر رنجیدہ بھی کردیا تاہم انہوں نے مداحوں کو کتاب کی مارکیٹ میں دستیابی کی یقین دہانی کرائی ہے۔