ملتان(ویب ڈیسک) اسٹار آل راﺅنڈر محمد حفیظ نے پی سی بی سے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے دوران اسٹیڈیم میں شائقین کا داخلہ مفت کرنے کی درخواست کر دی۔قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 10 دسمبر سے ملتان میں جاری ہے، جس کے لئے ٹکٹوں کے نرخ 100اور 50 روپے رکھے گئے ہیں لیکن بیشتر مقابلوں کے دوران خالی اسٹینڈز کرکٹرز کا منہ چڑاتے نظر آتے ہیں، کئی مقابلوں میں تو سیکیورٹی، براڈکاسٹرز اور دیگر ذمہ داریاں سر انجام دینے والے افراد کی تعداد شائقین سے زیادہ نظر آئی۔اس صورتحال پر محمد حفیظ خاموش نہیں رہ سکے۔ انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ کا سہارا لیتے ہوئے پی سی بی کو عاجزانہ درخواست کردی کہ ملتان اسٹیڈیم میں شائقین کا داخلہ مفت کردیا جائے۔