تازہ تر ین

زرداری کیخلاف آج نا اہلی ریفرنس دائر ہو گا

اسلام آباد(وائس آف ایشیا ) وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ آصف زرداری کے امریکہ میں فلیٹ ہیں جو انہوں نے گوشواروں میں ظاہر نہیں کیے ، حکومت شریک چیئرمین پیپلزپارٹی کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کرے گی، نوازشریف اور آصف زرداری آخری الیکشن لڑ چکے ہیں ، دونوں کا ملکی سیاست میں کوئی مستقبل دکھائی نہیں دیتا،کرپشن کی تحقیقات آزادانہ طریقے سے آگے بڑھ رہی ہیں، حکومت کو کوئی سیاسی چیلنج بھی درپیش نہیں ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے دعوی کیا کہ آصف زرداری کا امریکا میں فلیٹ سامنے آیا ہے، آئین کے آرٹیکل 62 اور63 کے تحت منتخب نمائندے کو اثاثے بتانے ہوتے ہیں مگر آصف زرداری کی جانب سے جو گوشوارے جمع کرائے گئے ہیں ان میں اس اپارٹمنٹ کا ذکر نہیں لہذا پارٹی نے خرم شیرزمان کو ذمہ داری دی ہے کہ زرداری کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کریں کیونکہ آصف زرداری اثاثے چھپانے پر اب ممبر قومی اسمبلی رہنے کے اہل نہیں رہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئین کا آرٹیکل 62 اور 63 تمام انتخابی امیدواروں پر یہ ذمے داری عائد کرتا ہے کہ وہ اپنے اثاثوں کو ظاہر کریں۔وزیراطلاعات نے کہا کہ نوازشریف اور زرداری اپنے آخری الیکشن لڑ چکے ہیں، حکومت کو کوئی سیاسی چیلنج درپیش نہیں، نوازشریف، شہباز شریف اور سعد رفیق، یا پیپلزپارٹی کے لوگوں کے خلاف تحقیقات کا آغاز ان کی اپنی حکومتوں میں ہواتھا، انہوں نے اپنے دور میں اداروں کو تحقیقات نہیں کرنے دی، ہم نے آکر صرف ان اداروں پر سے دبا ﺅختم کیا اس لیے اب تحقیقات ہورہی ہیں جو آزادانہ طور پر آگے بڑھ رہی ہیں۔فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ ہم نے کرپشن فری سیاسی نظام لانے کا وعدہ کیا تھا، ہم نے اداروں، تحقیقاتی ایجنسیوں کو فری ہینڈ دیا ہے اور یہ فری ہینڈ تمام جماعتوں کے لیے ہے، یہ کہتے ہیں تحریک انصافکے فلاں کی تحقیقات نہیں ہوئی، ہم اس سے پہلے وفاقی حکومت میں نہیں رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن کے خلاف تحقیقات سے عالمی سطح پر مثبت امیج جارہا ہے اس لیے سرمایہ کاری میں اضافہ ہورہا ہے، پاکستان کی تاریخ کی بڑی سرمایہ کاری آرہی ہے، بین الاقوامی کمپنیوں نے یہاں سرمایہ کاری کی حامی بھری ہے، پرتگال نے پاکستان کے لیے اپنی سفری پالیسی تبدیل کی اب پاکستان ان کے لیے گرین زون ہے، امید ہے دیگر ممالک بھی پاکستان کے لیے اپنی پالیسی تبدیل کریں گے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ریاست مدینہ کی رحم کی بنیاد کو آگے لے کر چل رہے ہیں، حامد انصاری کو اسی بنیاد پر رہا کیا گیا، کرتارپور راہداری کے موقع پر بھارتی میڈیا نے حامد انصاری کا معاملہ اٹھایا تھا۔وزیراطلاعات نے کہاکہ فیصل واوڈا کا اپارٹمنٹ گوشواروں میں ظاہر کیا گیا ہے، عابد شیر علی نے اپارٹمنٹ کا معاملہ ان دستاویزات سے لیا ہے جو فیصل واوڈا نے جمع کرائے ہیں۔قبل ازیں اسلام آباد میں ایوان صنعت و تجارت میں تاجروں سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جب ہمیں حکومت ملی تو مالی خسارے کا سامنا تھا، جس پر ہم نے چین، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سے بات چیت کی اور ادائیگیوں کے مسئلے کو حل کیا۔انہوں نے کہا کہ اصل سفر اب شروع ہوا ہے اور اب ہم نے اپنے پاﺅں پر کھڑا ہونا ہے، ہماری معاشی ٹیم کی اصل جنگ یہ ہے کہ کس طرح ملک کو اپنے پاں پر کھڑا کرنا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پاکستان کو پاﺅں پر اس طرح کھڑا کرنا ہوگا کہ درآمدات کم اور برآمدات بڑھانی ہوں گی، ڈالر کے ذخائر اتنے کرنے ہوں گے کہ قرض لینے کی ضرورت نہیں پڑے لیکن یہ سب کرنے کے لیے ٹیکس کا نظام وسیع کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ اس مرتبہ ٹیکس ریٹرن میں مثبت رجحان سامنے آیا ہے اور رواں سال اس میں تقریبا دگنا اضافہ ہوا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 2017 میں 11 لاکھ 21 ہزار 5سو 23 ٹیکس ریٹرن فائل ہوئی تھیں جو رواں سال 15 لاکھ سے زائد ہوئی ہیں۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ٹیکس نیٹ سے باہر لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی کوشش کر رہے ہیں، اس کے علاوہ ہم درآمدات کو کم اور برآمدات کو بڑھا رہے ہیں جبکہ ہم سے یہ شکایت کی گئی کہ آپ نے موبائل کی درآمدات پر ٹیکس لگا دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم ہر سال 2 ارب ڈالر کے موبائل، 90 کروڑ کی دالیں، ایک ارب 10 کروڑ ڈالر کا پالم آئل درآمد کرلیتے ہیں اور جب تک ہم اس طرح کے اخراجات کو کم اور ٹیکس کے نظام میں نہیں لائیں گے ملک کیسے اپنے پاں پر کھڑا ہوگا۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس وقت ہماری قانونی ترسیلات زر 20 ارب ڈالر ہے جبکہ تمام اندازے کہتے ہیں کہ یہ 40 ارب ڈالر ہے اور بدقسمتی سے ہم 10 ارب ڈالر کے لیے دنیا بھر میں دھکے کھاتے ہیں، لہذا اگر ہم اپنی ترسیلات زر کو بڑھا کر قانونی طریقے میں لے آتے ہیں تو بہت سے مسائل حل ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ منی لانڈرنگ روکنے کے لیے اقدامات کرنا شروع کردیے ہیں، گزشتہ حکومت کے 2 مسئلے تھے ایک کرپشن اور دوسرا کرپشن کا پیسہ باہر بھجوانا تھا۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سابق دور میں کرپشن کی گئی اور کشتیوں اور ماڈلز کے ذریعے اس پیسے کو ملک سے باہر بھیجا گیا جبکہ ہم کرپشن روک کر منی لانڈرنگ بن کر رہے ہیں، ترسیلات زر کو قانونی کر رہے ہیں اور برآمدات بڑھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا آنا بہت ضروری ہے، کرتارپور سرحد کھولنے کی سیاسی اہمیت کے ساتھ معاشی اہمیت بھی ہے۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ فرانس نے پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری تبدیل کرکے ریڈ سے گرین کردی ہے جبکہ جرمنی بھی اسے تبدیل کرنے کا سوچ رہا ہے۔اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے امریکا کے ساتھ تعلقات مسلسل بہتر ہورہے ہیں اور امریکا نے طالبان مذاکرات میں کردار پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے، جب سے پی ٹی آئی کی حکومت آئی ہے پاکستان کی بین الاقوامی امیج میں بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے سی پیک سڑکوں کی حد تک محدود تھا لیکن وزیر اعظم کے حالیہ دورہ چین کے بعد ہم نے زراعت کو اس کا اہم حصہ بنا دیا ہے اور سڑکوں اور دیگر منصوبوں کو ہم پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر لے کر جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ آئل ریفائنری کے معاہدے ہورہے ہیں، جس سے ہمیں ڈالر کی کمی نہیں ہوگی۔کراچی (این این آئی)پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی طرف سے امریکہ میں جائیداد چھپانے اوراسے انتخابی گوشواروں میں ظاہرنہ کرنے کے خلاف تحریک انصاف کی قیادت نے الیکشن کمیشن میں درخواست دائرکرنے کی ہدایت کردی ہے،تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیرزمان کا کہنا ہے کہ پارٹی قیادت کی ہدایات انہیں موصول ہوگئی ہیں پارٹی قیادت کی ہدایت کے مطابق سابق صدرآصف علی زرداری کے خلاف جمعرات کوالیکشن کمیشن سندھ میں درخواست دائرکی جائے گی جس میں انہیں گوشوارے چھپانے پرنااہل کرنے کی استدعاکی جائے گی سابق صدرآصف علی زرداری نے این اے 213 نوابشاہ سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے ۔ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے این اے 213 سے منتخب رکن قومی اسمبلی و پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کو عام انتخابات میں الیکشن قوانین کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا تھا جس کے مطابق ان پر انتخابی مہم کی تشہیر اور اخراجات کی تفصیلات نہ دینے کا الزام تھا۔ سابق صدرنے اپنے انتخابی گوشواروں میں بتایا تھا کہ ان کا ذریعہ آمدن زمینداری ہے،سابق صدر کے حلف نامے کے مطابق آصف زرداری کے پاس نقد رقم 75 کروڑ 86 لاکھ، 69 ہزار 73 روپے ہے جبکہ وہ کسی بھی سرکاری ادارے اور محکمے کے نادہندہ نہیں۔حلف نامے میں آصف علی زرداری نے اپنی تعلیم ڈپلومہ بتائی ہے تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ سابق صدرنے امریکہ میں اپنی ملکیت جائیداد انتخابی گوشواروں کے علاوہ نامزدگی فارم میں بھی چھپائی ہے اوروہ بددیانتی کے مرتکب ہوئے ہیں نیویارک کے علاقے میں ان کی مہنگی ترین جائیداد کی تفصیلات حاصل کرلی گئی ہیں جس پران کے خلاف نااہلی کے لیے الیکشن کمیشن سندھ میں آج درخواست دائرکردی جائے گی۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain