ن لیگ میں پت جھڑ جاری‘مزید 3ارکان اسمبلی با غی

مظفرگڑھ،اوچشریف(نمائندگان)مسلم لیگ(ن) میں ”پت جھڑ“ کا سلسلہ جاری ہے مزید تین ارکان اسمبلی ”باغی“ بن گئے۔ جبکہ ایم پی اے مخدوم افتخار گیلانی نے ھی صوبہ محاذ میں شمولیت اختیار کرلی۔ مظفرگڑھ سے سپیشل رپورٹر کے مطابق ضلع مظفرگڑھ سے مسلم لیگ (ن) کے تین ارکان صوبائی اسمبلی نے پارٹی چھوڑ کر جنوبی پنجاب صوبہ محاذ میں شمولیت کا اعلان کردیا ۔مسلم لیگ (ن) کو چھوڑنے والوں میں ایم پی اے ملک مرتضیٰ رحیم کھر، خان محمد خان جتوئی اور میاں علمدار قریشی شامل ہیں۔ ایم پی اے خان محمد خان جتوئی سپریم کورٹ میں پیشی کی وجہ سے نہ آسکے اور اپنے بیٹے شہروز خان کو جلسہ میں بھیج کر شمولیت کا اعلان کرایا۔میاں ذیشان گرمانی ایم پی اے گزشتہ روز اعلان کرچکے اور یہ چاروں ارکان صوبائی اسمبلی آزاد حیثیت سے کامیاب ہوکر مسلم لیگ(ن) میں شامل ہوئے تھے۔ چوک سرور شہید میں ایم پی اے ملک مرتضیٰ رحیم کھر کی رہائش گاہ پر جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے عہدیداران کے جلسہ میں ایم این اے رانا قاسم نون، ایم این اے سید باسط سلطان بخاری، ایم این اے چودھری طاہر اقبال اور صوبائی ارکان اسمبلی نے شرکت کی۔ یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ خان محمد خان جتوئی اور مرتضیٰ رحیم کھر کے ترقیاتی فنڈز ایک سال سے بند تھے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے مرتضیٰ رحیم کھر کو فنڈز دیکر واپس لے لئے گئے پنجاب حکومت ان اراکین کے پارٹی چھوڑنے سے آگاہ تھی جبکہ میاں علمدار عباس قریشی ،جو کہ یونین ناظم کا الیکشن ہار گئے تھے 2013 ءمیں جمشید احمد دستی کی بھرپور حمایت سے ریکارڈ ووٹ لیکر کامیاب ہوئے تھے پھر جمشید دستی کو بائی پاس کرکے راتوں رات مسلم لیگ (ن)میں شامل ہوگئے تھے۔ مظفرگڑھ سے تحصیل رپورٹر، چوک سرور شہید سے نامہ نگار، اڈا محمد والا سے نمائندہ خبریں کے مطابق چوک سرور شہید میں جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کی جانب سے سیاسی شو کیاگیا، اجتماع میں مسلم لیگ (ن) کے 2 ارکان صوبائی اسمبلی غلام مرتضیٰ رحیم کھر اور علمدار قریشی نے صوبائی اسمبلی سے اپنے استعفے صوبہ محاذ کے حوالے کیے جبکہ پی پی 259 سے مسلم لیگی ایم پی اے خان محمدخان جتوئی کے بیٹے شہروز جتوئی نے انکا استعفیٰ صوبہ محاذ کے قائدین کے حوالے کیا۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صوبہ محاذ میں شامل ہونے والے ارکان صوبائی اسمبلی کا کہنا تھا کہ وہ صوبہ محاذ کے قائدین کیساتھ بہت پہلے سے رابطے میں تھے، ان کا کہنا تھا کہ صوبہ محاذ کی جانب سے ان سے انتخابات کے بعد 6 ماہ کے اندر جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کا وعدہ کیاگیا ہے۔جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے جنرل سیکرٹری طاہر بشیر چیمہ کاکہنا تھا کہ اگر وزیراعلیٰ پنجاب سمجھتے ہیں کہ جنوبی پنجاب کے لوگ نیا صوبہ نہیں چاہتے تو وہ اس حوالے سے ریفرنڈم کرالیں۔ رانا قاسم نون کا کہنا تھا کہ انکی تحریک عوام کے حقوق کے لیے ہے۔مخدوم باسط سلطان بخاری کا کہنا تھا کہ تحریک کے ذریعے جلدالگ صوبہ ملے گا۔ طاہر اقبال چودھری اور نائب صدرصوبہ محاذ سمیع اللہ چودھری نے دعویٰ کیا کہ جنوبی پنجاب کے ارکان اسمبلی کی اکثریت الگ صوبے کی حامی ہے اور آئندہ کچھ روز میں صوبہ محاذ میں مزید ارکان اسمبلی شمولیت اختیار کریں گے۔ کرمداد قریشی سے نامہ نگار کے مطابق میاں علمدار عباس قریشی کا کہنا تھا کہ اب بھی مشاورت سے یہ اقدام اٹھایا ہے اور آئندہ بھی ایک ہی پلیٹ فارم سے سیاست کریں گے۔ خان پور بگا شیر سے نمائندہ خبریں کے مطابق جلسہ جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کے حوالہ سے ریفرنڈم ثابت ہوا۔ اس موقع پر معروف سیاسی و سماجی شخصیت ملک جمعہ کھنڈویہ خان پور بگا شیر سے سب سے بڑا قافلہ لے کر پنڈال میں پہنچے۔ مترو سے نمائندہ خبریں کے مطابق صوبہ جنوبی پنجاب محاذ کے نائب صدر و ایم این اے طاہر اقبال چودھری نے کہا ہے کہ پہلی بار جنوبی پنجاب کے ارکان اسمبلی کو بلا کر وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا مشاورت کرنا جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کی پہلی کامیابی ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی طرف سے جنوبی پنجاب مخالف کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کے ہمراہ خان سجاد خان کھچی اور چودھری محمد ظفر ارائیں بھی موجود تھے۔ اوچشریف سے نمائندہ خبریں اور نمائندہ خصوصی کے مطابق ایم پی اے و سجادہ نشین اوچشریف مخدوم سید افتخار حسن گیلانی بھی جنوبی پنجاب صوبہ محاذ میں شامل ہوگئے۔ مخدوم سید افتخار حسن گیلانی نے خسرو بختیار سے ملاقات کے دوران جنوبی پنجاب صوبہ محاذ میں شمولیت کا اعلان کیا۔ فون پر ”خبریں“ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے جنوبی پنجاب سے جو ناانصافیاں کی ہیں ان کے ازالے کی گھڑی آگئی ہے۔
صوبہ محاذ

 

آج 5بجے اپوزیشن کے شدید احتجاج کے باوجود وفاقی بجٹ کا کھڑاک

اسلام آباد( ویب ڈیسک) اپوزیشن کے اعتراضات کے باوجود مسلم لیگ (ن) کی حکومت آج اپنا چھٹا وفاقی بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کرے گی۔اسپیکرقومی اسمبلی نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا آخری بجٹ پیش کرنے کے لئے قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام 5 بجے طلب کر لیا۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کے بجٹ پیش کرنے پراعتراض کیا ہے۔آئندہ مالی سال کے بجٹ کا حجم تقریبا 5 ہزار 500 ارب روپے ہوگا، مختلف اشیا پر سبسڈی دیئے جانے کا امکان ہے مگر تاجروں کو بجٹ سے کوئی امیدیں نہیں ہیں، بجٹ میں تقریبا سو اشیا پر سبسڈی کے لیے 230 ارب روپے رکھے جانے کا امکان ہے جب کہ اس کے علاوہ کاشتکاروں کی مراعات میں اضافے اور فائلرز کے لیے ٹیکس شرح میں کمی کی بھی توقع ہے۔اگر اپوزیشن بجٹ مسترد بھی کردے یا بحث میں حصہ نہ بھی لے تو بجٹ پاس کرنے میں حکومت کو کوئی قانونی یا آئینی رکاوٹ نہیں پیش آئے گی۔ پارٹی سے ارکان کے مستعفی ہونے کے باوجود حکومت کے پاس مطلوبہ اکثریت موجود ہے اور سادہ اکثریت سے بجٹ منظورہوجائے گا۔اس وقت مسلم لیگ (ن) کے پاس 8 رکن قومی اسمبلی کے مستعفیٰ ہونے کے باوجود 179 ارکان موجود ہیں جب کہ ان کی اتحادی جماعتوں جمعیت علمائے اسلام (ف)، آزاد ارکان ، جماعت اسلامی ، مسلم لیگ فنگشنل، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، اے این پی، پی این پی، قومی وطن پارٹی اور ضیائ الحق مسلم لیگ کے ارکان بھی شامل ہیں۔قومی اسمبلی میں بجٹ پیش ہونے کے بعد سینیٹ میں زیر بحث لایا جائے گا، جہاں سینیٹرز7 روز بحث کے بعد اپنی سفارشات قومی اسمبلی کو بھیجیں گے۔ قومی اسمبلی سینیٹ کی تجاویزکو منظورکرنے کی پابند نہیں۔ جن سفارشات کی قومی اسمبلی منظوری دے ان کو بجٹ کاحصہ بنادیا جائے گا۔

 

عوام اب خواجہ آصف کے سائے کو بھی ووٹ دیں گے: مریم نواز

اسلام آباد(آن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ سے خواجہ آصف کی نا اہلی کے بعد مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ aجس کا ووٹ کے میدان میں مقابلہ نہیں کر سکتے اس کو فکسڈ میچ میں نا اہل کرا دو۔ مگر یاد رکھو! عوام اب خواجہ آصف کے سائے کو بھی ووٹ دےگی انشااللہ۔ یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے آئین کے آرٹیکل 62 ایف ون کے تحت خواجہ آصف کو تاحیات نا اہل قرار دے دیا ہے۔

 

ابرار الحق کا وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کیخلاف عدالت جانے کا اعلان

نارووال (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر خارجہ خواجہ آصف کی تاحیات نااہلی کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف نے وفاقی وزیر داخلہ احسن
اقبال کیخلاف عدالت جانے کا اعلان کردیا۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے لارجر بنچ نے عثمان ڈار کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے خواجہ آصف کو تاحیات نااہل قراردے دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما ابرارالحق نے خواجہ آصف کی تاحیات نااہلی کا فیصلہ آنے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کیخلاف عدالت سے رجوع کرنے کا اعلان کردیا، ان کا کہنا تھا کہ احسن اقبال کیخلاف آئندہ ہفتے عدالت جاوں گا اور بابراعوان میرے کیس کی پیروی کریں گے۔ واضح رہے کہ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال بھی اقامہ ہولڈر ہیں اور ان کے پاس سعودی عرب کا اقامہ ہے۔

 

گاندھی کے ملک کو ہم نے عزت کے لٹیروں کی سرزمین بنادیا، ملیکہ شراوت

ممبئی (ویب ڈیسک )بالی ووڈ کی نامور اداکارہ ملیکہ شراوت کا کہنا ہے کہ گاندھی کے ملک کو ہم نے عزت کے لٹیروں کی سرزمین بنادیا ہے۔ خود کو سیکولر ملک کہنے والا بھارت ہمیشہ ہی اپنی عوام کو بنیادی حقوق اور انصاف دینے میں ناکام رہا ہے یہی وجہ ہے کہ بھارتی معاشرے میں بڑھتی ہوئی عریانیت کی وجہ سے خواتین کے ساتھ جنسی حراسانی کے واقعات میں دن بدن اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے جب کہ مقبوضہ کشمیرکی 8 سالہ آصفہ بانو کا اجتمائی زیادتی کے بعد قتل اور بی جے پی رہنما کی جانب سے ہندو لڑکی سے اجتماعی زیادتی جیسے واقعات نے پوری انسانیت کا سرشرم سے جھکا دیا۔ملیکہ شراوت نے بھارت میں پیش آنے والے انسانیت سوز واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں بچوں اور عورتوں کے ساتھ جو کچھ بھی ہورہا ہے وہ ایک شرم ناک عمل ہے اور اس درندگی کی وجہ سے گاندھی کی سرزمین عزت کے لٹیروں کی سرزمین بن چکی ہے۔

 

سابق سپیکر قومی اسمبلی فہمیدہ مرزا کا تحریک انصاف میں شامل ہونےکا انکشاف

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق سپیکر قومی اسمبلی و پیپلز پارٹی کی اہم رہنما فہمیدہ مرزا کا تحریک انصاف میں شامل ہونے کا انکشاف۔ نجی ٹی وی پروگرام میں یہ انکشاف سنیٹر چودھری سرور نے کیا۔ اس انکشاف پر نبیل گبول نے کہا کہ ایسی تو کوئی خبر سننے میں نہیں آئی۔ جس پر چودھری سرور نے کہا کہ ابھی میں اپنی خبر کی تصدیق نہیں کر سکتا۔

 

اعصام نے بارسلونااوپن کے سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹوالیا

بارسلونا(اے پی پی) سٹار پاکستانی کھلاڑی اعصام الحق قریشی فتوحات برقرار رکھتے ہوئے بارسلونا اوپن ٹینس ٹورنامنٹ مینز ڈبلز سیمی فائنل میں پہنچ گئے، اعصام اور جین جولین راجر نے کوارٹر فائنل میں مارسیلو میلو اور لیوکاز کیوبٹ کو سخت مقابلے کے بعد شکست دی۔ جمعرات کو کھیلے گئے مینز ڈبلز کوارٹر فائنل میں اعصام الحق اور ان کے ڈچ جوڑی دار جین جولین راجر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے برازیل کے مارسیلو میلو اور ان کے پولینڈ کے جوڑی دار لیوکاز کیوبٹ کو ایک سخت مقابلے کے بعد 7-5، 3-6 اور 10-5 سے زیر کر کے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا۔میگا ایونٹ کے فیصلہ کن معرکے میں رسائی کےلئے قومی ٹینس سٹار اعصام اورہالینڈکے جین جولین راجرزکو ارجنٹائن کے گویڈوپیلا اورچلی کے نکولس جیری کےخلاف کامیابی حاصل کرناہوگی۔اس سے قبل پری کوارٹرفائنل میں پاک ڈچ جوڑی نے ٹومی روبریڈو اور جوم مونار پر مشتمل اسپینش جوڑی کو سٹریٹ سیٹس میں 7-5 اور 6-3 سے ہرا یاتھا۔

سلو اوور ریٹ کی بناءپرکوہلی کو 12 لاکھ روپے جرمانے کا سامنا

بنگلور (اے پی پی) رواں انڈین پریمیئر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن میں چنائی سپر کنگز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں سلو اوور ریٹ کی بناءپر رائل چیلنجرز بنگلور کے کپتان ویرات کوہلی پر 12 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ انڈین پریمیئر لیگ گورننگ کونسل کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق رائل چیلنجرز بنگلور کی ٹیم چنائی سپر کنگز کے خلاف کھیلے گئے میچ میں مقررہ وقت میں اوورز ختم کرانے میں ناکام رہی جس کی پاداش میں کوہلی پر 12 لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

 

دھونی ٹی20 میں بطور کپتان 5 ہزار رنز کرنےوالے دنیا کے پہلے بلے باز

بنگلور(اے پی پی) مہندرا سنگھ دھونی ٹی ٹونٹی کرکٹ میں بطور کپتان 5 ہزار رنز مکمل کرنےوالے دنیا کے پہلے بلے باز بن گئے۔ انہوں نے رواں آئی پی ایل میں چنائی سپر کنگز کی قیادت کرتے ہوئے رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف میچ میں 70 رنز کی دھواں دار اننگز کھیل کر یہ سنگ میل عبور کیا۔

 

عامر نے لیورپول کی جیت پاکستانیوں کے نام کردی

لندن(آئی این پی) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے لیور پول میں کینیڈین حریف کے خلاف جیتنے والی فائٹ پاکستانیوں کے نام کردی۔اپنے ویڈیو پیغام میں باکسر عامر خان نے کہا کہ پاکستانیوں نے جیت کے لیے دعائیں کیں اور ان کی کامیابی صرف ان کی نہیں بلکہ پاکستان میں ان کے سپورٹرز کی بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جا کر اپنے مداحوں سے ملاقات کروں گا جنہوں نے مجھے سپورٹ کیا۔عامر خان پاکستان میں باکسنگ لیگ کا ارادہ بھی رکھتے ہیں اور اس حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عامر خان سپر باکسنگ لیگ کرانے کا ارادہ ہے۔عامر خان نے کہا کہ وہ آئندہ چند ہفتوں میں پاکستان آرہے ہیں جہاں باکسنگ لیگ سے متعلق بڑا اعلان کریں گے۔یاد رہے کہ 21 اپریل کو برطانیہ کے شہر لیور پول میں ہونے والے مقابلے میں عامر خان نے کینیڈین حریف فِل لو گریکو کو صرف 39 سیکنڈ میں ہی ناک آٹ کردیا تھا۔