لاہور (ویب ڈیسک ) اس موسم میں شکر قندی عام ملتی ہے مگر بہت کم افراد ہی اسے کھانا پسند کرتے ہیں۔درحقیقت یہ صرف منہ کا ذائقہ دوبالا کرنے والی سوغات نہیں بلکہ جسم کو گرم رکھنے کے ساتھ متعدد ایسی فوائد پہنچاتی ہے، جن کا تصور بھی اکثر افراد نے نہیں کیا ہوگا۔
بلڈ شوگر کو متوازن رکھے
ایک طبی تحقیق کے مطابق شکرقندی خون میں گلوکوز کی سطح متوازن رکھنے میں کردار ادا کرتی ہے۔ اس میں ایک قدرتی جز اینتھوسیان اور دیگر اینٹی آکسائیڈنٹس بھی پائے جاتے ہیں جو کہ بیکٹیریا کش خوبیوں، سوجن سے بچاو¿ اور وائرس سے بچاﺅمیں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔ امریکی ذیابیطس ایسوسی ایشن کے مطابق شکرقندی انسولین کی مزاحمت کو کم کرتی ہے، ساتھ ساتھ بلڈ شوگر کی سطح کو مستحکم رکھتی ہے۔ اس مزیدار چیز میں فائبر زیادہ مقدار میں موجود ہے جو دل کی متعدد بیماریوں سے بچانے میں مدد دیتا ہے۔
جلد کے لیے بھی فائدہ مند
اس میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس جلد کو قدرتی طور پر تروتازہ رکھنے میں مدد دیتے ہیں جبکہ خلیات کو نقصان پہنچانے والے اجزائ کی روک تھام کرکے قبل از وقت بڑھاپے سے تحفظ دیتے ہیں۔
بالوں کو جگمگائیں اور گرنے سے روکے
شکرقندی ایک جز بیٹا کروٹین سے بھرپور ہوتی ہے جو کہ جسم میں جاکر وٹامن اے میں تبدیل ہوجاتا ہے۔ اس وٹامن کی کمی کا نتیجہ اکثر خشک جلد کی شکل میں نکلتا ہے جو کہ بالوں میں خشکی اور اس کے جھڑنے کی صورت میں بھی نظر آتا ہے۔ صحت مند سر کی سطح کے لیے غذا میں زیادہ بیٹا کروٹین کو شامل کرنا ضروری ہے اور شکرقندی اس کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔
بینائی کے لیے فائدہ مند
نارنجی یا اورنج رنگ کے پھلوں اور سبزیوں جیسے شکرقندی، گاجر، آم اور آڑو وغیرہ بیٹا کیروٹین سے بھرپور ہوتی ہیں جو کہ وٹامن اے کی ایک قسم ہے جو بینائی کو درست رکھنے میں مدد دیتی ہے جبکہ تاریکی میں آنکھوں کو ایڈجسٹ ہونے میں بھی مدد دیتی ہے۔ ایک شکر قندی میں اتنی وٹامن سی ہوتی ہے جو کہ ایک دن کی ضروریات کا نصف ہوتی ہے جبکہ وٹامن ای بھی کچھ مقدار میں جسم کا حصہ بن جاتا ہے۔
دل کو صحت مند بنائے
شکرقندی میں وٹامن سی اور بی سکس کے ساتھ ساتھ دل کی صحت کے لیے فائدہ مند فائبر اور مینگنیز جیسے اجزائ موجود ہوتے ہیں۔ شکر قندی میں موجود پوٹاشیم جسم میں سوڈیم کے اثرات کو کم کرتا ہے جس سے ہائی بلڈ پریشر سے نجات پائی جاسکتی ہے جو کہ ہارٹ اٹیک اور فالج جیسے جان لیوا امراض کا خطرہ بڑھاتا ہے۔
قبض سے نجات دلائے
شکرقندی قبض کی شکایت کو ختم کرنے کے لیے بہترین ہے جو کہ پانی، فائبر، میگنیشم اور وٹامن بی سکس سے بھرپور ہوتی ہے، میگنیشم آنتوں کو ریلیف پہنچا کر ان کی قدرتی حرکت کو بحال کرتی ہے، جبکہ پانی اور فائبر جسمانی نمی کو برقرار رکھتے ہیں جبکہ فضلے کو جسم سے باہر نکال دیتے ہیں۔