لاہور (ویب ڈیسک ) سوندھی خوشبو اور ہرے پتوں والی میتھی موسمِ سرما کی خاص سوغات ہے۔یہ صحت کے لیے بہت مفید سبزی ہے۔میتھی سے کئی قسم کی ڈشیں بنائی جاتی ہیں ،مثلاً میتھی آلو ،میتھی قیمہ اور میتھی کے پراٹھے وغیرہ۔میتھی سے بنے کھانے خوش ذائقہ اور غذائیت سے بھر پور ہوتے ہیں۔یہ بہت ذوق وشوق سے ہر گھر میں پکائے اور کھائے جاتے ہیں۔
میتھی اور پالک کوگوشت کے ساتھ بھی پکایا جاتا ہے۔یہ ڈش بہت مزے دار ہوتی ہے۔وہ افراد جو خون کی کمی اور کم زوری کا شکار ہوں ،ان کے لیے یہ مفید ڈش ہے۔
چہرے کی رنگت نکھارنے اور چمک پیدا کرنے کے لیے میتھی اور ٹماٹر کو ہلکی آنچ پر پکا کر کھا یا جائے تو فائدہ ہوتا ہے۔بالوں کی بھر پور نشوونما اور افزایش کے لیے بھی میتھی کو اپنی غذاو¿ں میں زیادہ شامل کرنا چاہیے
۔
مختلف کھانوں میں سوکھی میتھی بھی شامل کی جاتی ہے ،جس سے ذائقے اور لذت میں اضافہ ہوتا ہے۔کمر اور جوڑوں کے درد میں اگر میتھی دانے کی کھچڑی پکا کر دیسی گھی کے ساتھ کھائی جائے تو فائدہ ہوتا ہے۔
میتھی بھوک بڑھاتی اور ہاضمے کو بہتر کرتی ہے۔
میتھی دانوں کا قہوہ پینے سے حلق کے امراض د±ور ہوجاتے ہیں۔قہوہ بنانے کے لیے دو گلاس پانی لے کر اس میں ایک کھانے کا چمچہ میتھی دانہ شامل کرکے اس قدر جوش دیں کہ ایک گلاس پانی رہ جائے۔
پھر اس میں شہد ملا کر پییں ،کھانسی میں افاقہ ہوتا ہے۔اس کے علاوہ حلق کی سوزش ،بلغم اور گلے میں درد کی شکایات کا بھی خاتمہ ہوجاتا ہے۔دمے میں مبتلا افراد کو بھی یہ قہوہ فائدہ پہنچاتا ہے۔
جن افراد کو چکر آتے ہوں ،نقاہت محسوس ہوتی ہویا تھکن کا شکار ہوں ،ان کے لیے بھی میتھی ٹانک کا کام کرتی ہے ،کیوں کہ اس میں فولاد ہوتا ہے۔بڑھتے ہوئے،خاص کر اسکول جانے والے بچوں کو بھی میتھی ضرور کھلانی چاہیے۔