لاہور( ویب ڈیسک ) مشرقی افریقی ملک کینیا کے ریاضی اور فزکس کے استاد کو دنیا کا بہترین استاد قرار دے دیا گیا۔کینسا کے ساحلی صوبے رفت ویلے کے علاقے پوانی کے پسماندہ گاو¿ں میں پڑھانے والے 36 سالہ پیٹر تبیچی کو دبئی میں ہونے والے سالانہ ’گلوبل ٹیچر پرائز‘ میں بہترین استاد منتخب کیا گیا۔یہ ایوارڈ ہر سال دبئی کی ’رکی فاو¿نڈیشن‘ کی جانب سے دنیا بھر کے ان استادوں کے لیے منعقد کیا جاتا ہے جو مشکلات کے باوجود احسن طریقے سے تعلیم کو آگے بڑھاتے ہیں۔رواں برس اس مقابلے میں دنیا بھر کے 180 ممالک کے اساتذہ نے درخواستیں جمع کرائی تھیں، جس میں سے دنیا بھر کے 50 اساتذہ کو فائنل کیا گیا تھا۔بہترین استاد کے انتخاب کے لیے فائنل کے دوسرے راو¿نڈ میں صرف 10 اساتذہ کو منتخب کیا گیا تھا جس میں فلسطین کی خاتون استاد سمیت یورپ و امریکی ممالک کے اساتذہ بھی شامل تھے۔تاہم آخری مرحلے میں کینیا کے اقلیتی مسیحی استاد 36 سالہ پیٹر تیبچی کو ’گلوبل ٹیچر پرائز‘ کے لیے منتخب کیا گیا۔رکی فاو¿نڈیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گلوبل ٹیچر پرائز کی تقریب 23 اور 24 مارچ کی درمیانی شب کو دبئی میں منعقد ہوئی جس کی میزبانی ہولی وڈ اداکار ہف جیکمین نے کی۔
ایوارڈ تقریب میں دبئی کے شہزادے شیخ حمدان بن محمد بن راشد المختوم سمیت دیگر اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی اور پیٹر تیبچی کو دبئی کے شہزادے نے ایوارڈ دیا۔ایوارڈ جیتنے کے بعد پیٹر تیبچی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ افریقی استادوں کے لیے ہر گزرتا دن نئے چیلنجز لاتا ہے اور وہاں کے استاد ہر روز نئے مسائل سے جنگ لڑ کر تعلیم کو جاری رکھنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔پیٹر تیبچی کا کہنا تھا کہ یہ ایوارڈ نہ صرف ان کی بلکہ افریقا کے ہر اس استاد کی خدمات کا اعتراف ہے جو مشکلات کے باوجود تعلیم کے سلسلے کو جاری رکھنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔پیٹر تیبچی کا تعلق نہ صرف دیہی بلکہ کینیا کے پسماندہ ترین علاقوں سے ہے اور وہ مسیحیوں کے ایک اقلیتی فرقے ’فرانسسکنز‘ سے ہے جسے مینڈیکینٹ ا?رڈرز بھی کہا جاتا ہے۔
اس فرقے سے تعلق رکھنے والے زیادہ تر افراد سادگی اپناتے ہیں اور ساتھ ہی لوگوں کی خدمت، انہیں مذہبی تعلیمات دینے اور انہیں اپنے دین پر قائم رہنے کی تلقین کرتے رہتے ہیں۔
پیٹر تیبچی سرکاری استاد ہیں اور انہیں ریاضی اور فزکس میں مہارت حاصل ہے۔
وہ اپنی تنخواہ کا 80 فیصد حصہ بے گھر اور غریب بچوں کی تعلیم و تربیت پر خرچ کرتے ہیں۔
بہترین استاد کا یہ ایوارڈ ہر سال دبئی میں منعقد ہوتا ہے اور یہ ایوارڈ گزشتہ 5 سال سے منعقد کیا جا رہا ہے، اس ایوارڈ کو تعلیم کے شعبے میں نوبل انعام جتنی اہمیت حاصل ہے۔