لاہور (ویب ڈیسک ) کیا ایسی ملازمت بلکہ دنیا کی سب سے بہترین ملازمت کرنا پسند کریں گے جس میں آپ کو کچھ نہیں کرنا بلکہ درحقیقت آپ کو تو بس اپنی جگہ سے بھی نہیں ہلنا ہوگا۔جی ہاں اگر آپ کو لگتا ہے کہ امریکی خلائی ادارے ناسا میں ملازمت کے لیے آپ کو سائنسی ڈگری اور سخت محنت کرنا پڑے گی تو ایک بار پھر سوچ لیں۔درحقیقت دنیا بھر میں معروف یہ ادارہ ایک ایسی ملازمت کی پیشکش کررہا ہے جس کو پانے والے کو بس بستر پر 2 ماہ تک لیٹ کر گزارنا ہوں گے۔اس کا مقصد مصنوعی کشش ثقل کے انسانی جسم پر مرتب ہونے والے اثرات کو سمجھنا ہے۔آرٹی فیشل گریویٹی بیڈ ریسٹ اسٹڈی نامی اس تجربے کو رواں ہفتے ناسا نے یورپین اسپیس ایجنسی کے اشتراک کے ساتھ جرمن ایرو اسپیس سینٹر میں متعارف کرایا۔اس تحقیق کے دوران پہلی بار سائنسدان مصنوعی کشش ثقل کو استعمال کریں تاکہ جان سکیں کس طرح کشش ثقل نہ ہونے پر بے وزنی کی حالت میں انسانی جسم کو منفی اثرات سے بچانا ممکن ہوسکے گا۔اس مقصد کے لیے ناسا 12 خواتین اور 12 مردوں کو بھرتی کرے گا جن کو 2 ماہ یا 60 دن بستر پر گزارنا ہوں گے۔اور ہاں اس دوران کامیاب امیدواروں کو بس لیٹ کر ہی سب کچھ کرنا ہوگا جیسے کھانا پینا وغیرہ، مگر 60 دن کے اس آرام پر انہیں ساڑھے 18 ہزار ڈالرز (26 لاکھ پاکستانی روپے) ملیں گے، بس ایک شرط ہے اور وہ ہے جرمن زبان روانی سے بولنا ہوگی۔اور ہاں مجموعی طور پر کامیاب امیدواروں کو اس مرکز میں 89 دن گزارنے ہوں گے، یعنی 60 دن بستر پر آرام اور باقی دیگر تجربات کے لیے۔