بیجنگ (ویب ڈیسک ) ایثار، ہمت اور دوستی کی ایک غیر معمولی خبر چین سے آئی ہے جہاں 12 سالہ ایک بچہ روزانہ اپنے معذور دوست کو پیٹھ پر سوار کرکے گھر سے اسکول اور اسکول سے گھر لے جاتا ہے اور بیت الخلا تک پہنچانے میں بھی اس کی مدد کرتا ہے۔ یہ خدمت وہ مسلسل چھ برس سے انجام دے رہا ہے۔چین کے صوبے سچوان کے علاقے میشان سے تعلق رکھنے والے اس ہیرو بچے کا نام ڑیوبنگ یانگ ہے۔ پہلی جماعت میں اس کا دوست زینگ ہی ایک مرض، ’ مائیستھینیا گرے وِس‘ کا شکار ہوگیا اور دھیرے دھیرے اس کی ٹانگیں بے کار ہوگئیں۔ اب وہ اسکول آنے جانے سے معذور ہوگیا، ایسے وقت میں ڑیوبنگ یانگ نے اس کی جانب مدد کے لیے ہاتھ آگے بڑھایا اور اسے اسکول لانے اور لے جانے لگا۔ اس کے بعد یہ سلسلہ چھ سال سے جاری رہا اور اب بھی وہ اپنے دوست کو پیٹھ پر سوار کرکے اسکول تک لاتا ہے۔ڑیوبنگ یانگ نے کہا کہ میرا وزن 40 کلوگرام اور میرے دوست زینگ ہی کا وزن 25 کلوگرام ہے اور اسی بنا پر میں اسے آرام سے اٹھالیتا ہوں۔ اب دھوپ اور بارش سے بے نیاز وہ اپنے دوست کو سیڑھیاں چڑھ کر کلاس روم تک چھوڑتا ہے۔ درمیان میں دو دوسرے ہم جماعتوں نے زینگ ہی کی ذمے داری سنبھالی لیکن وہ جلد ہی ہانپ گئے تاہم یانگ کی مدد جاری رہی اور اس نے کسی سے اس کی شکایت نہیں کی یہاں تک کہ اپنی والدہ کو بھی نہیں بتایا۔