اسلام آباد(ویب ڈیسک) جعلی اکاﺅنٹس کیس میں نیب کا کہنا ہے کہ آصف زرداری نے درخواست ضمانت میں غلط بیانی کی اور وہ کسی ریلیف کے مستحق نہیں ہیں۔ذرائع کے مطابق جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، سابق صدر آصف علی زرداری کی درخواست ضمانت پرقومی احتساب بیورو (نیب) نے اپنا جواب جمع کروادیا، نیب پراسیکیوٹرسردار مظفر عباسی نے جواب اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرایا۔نیب کی جانب سے جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے درخواست ضمانت میں غلط بیانی کی، وہ کسی ریلیف کے مستحق نہیں ہیں اور آصف زرداری نے دیگر ملزمان کی ملی بھگت سے نیشنل بینک سے ڈیڑھ ارب کا قرض لیا، آصف زرداری نے دھوکہ دہی سے فرنٹ کمپنی پیرتھینون بنائی لہذا پارک لین کمپنی میں آصف زرداری کی ضمانت مسترد کی جائے۔واضح رہے نیب سپریم کورٹ کے حکم پر جعلی بینک اکاﺅنٹس کیس کی تحقیقات کر رہا ہے۔
