لاہور(ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ ڈی جی نیب لاہور شہزاد سلیم نے کہا کہ میرے خلاف جعلی ڈگری کی قرارداد کو ختم کرائیں تو آپ کو دوبارہ نوٹس نہیں ملے گا اور حکومت سے کوئی سیٹل منٹ (تصفیہ) کریں تو ہم اس سارے معاملے کو ہی رفع دفع کر سکتے ہیں۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ نیب سیاست زدہ ہو چکا ہے یہ اعلی عدلیہ کہتی ہے، نیب اور نیازی کا گٹھ جوڑ ہے، نیب کے پیچھے نیازی چھپا ہے، میرے گھرمیں دو دن دھاوا بولا، بیمار والدہ کو کال آف نوٹس آگیا اور دو بہنوں کو طلبی کے نوٹس جاری کئے گئے، کیا مہذب معاشرے ایسے بیٹیوں کو نوٹس دیئے جاتے ہیں۔دوسری جانب نیب نے حمزہ شہباز کی طرف سے لگائے گئے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈی جی نیب لاہور نے کبھی اپنی ڈگری کے حوالے سے حمزہ شہباز سے بات نہیں کی، حمزہ شہباز کے الزامات کھسیانی بلی کھمبا نوچنے کے مترادف ہیں۔نیب اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ شریف فیملی کو طلب کیے جانے پر حمزہ شہباز کی جانب سے بے بنیاد اور من گھڑت الزامات لگائے جا رہے ہیں، نیب ایک خود مختار ادارہ ہے، حکومتی دباﺅ کی بات میں کو ئی صداقت نہیں۔