لاہور (ویب ڈیسک ) سابق وزیراعظم نواز شریف نے مہنگائی کے باعث عوام کی بڑھتی ہوئی مشکلات پر تشویش اور داتا صاحب کے باہر دھماکے میں شہید ہونے والوں کیلئے دکھ کا اظہار کیا ہے۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں بتایا کہ انہوں نے کوٹ لکھپت جیل میں میاں نواز شریف سے ملاقات کی ہے جس دوران انہوں نے عوام اور دھماکے کے شہداءکیلئے غم و دکھ کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا ”ابھی کوٹ لکھپت جیل میں میاں صاحب سے ملاقات کی۔ کارکنوں کو محبت بھرا سلام بھیجا اور مہنگائی اور عوام کی بڑھتی ہوئی مشکلات پر تشویش کا اظہار کیا۔ کہا داتا صاحب کے باہر دھماکے میں شہید ہونے والوں کیلئے دل بہت دکھی ہے۔ اللہ پاکستان پر رحم فرمائے۔ آمین۔“
