راولپنڈی(ویب ڈیسک)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ گوادر آپریشن کے دوران 5 شہری بھی شہید ہوئے۔گزشتہ روز تین دہشت گردوں نے گوادر کے فائیو اسٹار پی سی ہوٹل پر حملہ کیا تھا۔آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گوارد آپریشن کے دوران تینوں دہشت گرد ہلاک ہو گئے تھے۔شعبہ تلعقات عامہ کے مطابق گیٹ پر موجود گارڈ نے دہشت گردوں کو ہوٹل کے اندر داخل ہونے سے روکا، دہشت گرد ہوٹل کے مہمانوں کو یرغمال بنانا چاہتے تھے۔آئی ایس پی آر کا اپنے بیان میں کہنا ہے کہ ہوٹل میں مہمانوں اور ملازمین کا تحفظ یقینی بنایا گیا، دہشت گردوں کو ہوٹل کی چوتھی منزل کی گیلری تک محدود کیا گیا، مہمانوں اور عملے کو نکالنے کے بعد کلیئرنس آپریشن شروع کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہوٹل کی سیڑھی میں دہشت گردوں نے فائرنگ کی، پاک فوج، بحریہ اور پولیس کی ٹیمیں بروقت ہوٹل پہنچیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں نے ہوٹل کے سی سی ٹی وی کیمروں کو ناکارہ بنایا اور ہوٹل کی چوتھی منزل پر بارودی سرنگیں بچھائیں، سیکیورٹی فورسز نے چوتھی منزل تک رسائی کے لیے راستہ بنایا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آپریشن کے دوران 5 شہری بھی شہید ہوئے تھے، شہید ہونے والوں میں ہوٹل کے 4 ملازمین اور نیوی کا اہلکار شامل ہیں۔شہدائ میں سیکیورٹی گارڈ ظہور اور ہوٹل ملازمین بلاول، فرہاد اور اویس شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران 6 افراد زخمی بھی ہوئے، زخمیوں میں فوج کے دو کیپٹن، نیوی کے دو اہلکار اور ہوٹل کے دو ملازمین شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گوادر آپریشن کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی لاشیں شناخت کے لیے تحویل میں لے لی گئی ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ذمہ دارانہ رپورٹنگ پر میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ذمہ دارانہ رپورٹنگ کی وجہ سے دہشت گرد فورسز کی کارروائی سے بےخبر رہے۔
