تازہ تر ین

حضرت علیؑ کا یوم شہادت کل عقیدت و احترام سے منایا جائیگا

لاہور (خصوصی رپورٹر) امیرالمومنین حضرت علی کرم اللہ وجہہ کا یوم شہادت کل (پیر) بمطابق 21رمضان المبارک انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔ اس دن کی مناسبت سے مساجد اور امام بارگاہوں میں مجالس منعقد ہوں گی جس میں حضرت علی کرم اللہ وجہہ کی حیات مبارکہ پر تفصیلی روشنی ڈالی جائے گی۔ چھوٹے بڑے شہروں میں ماتمی جلوس نکالے جائیں گے۔ لاہور میں اندرون شہر مبارک حویلی موچی دروازے سے مرکزی جلوس برآمد ہوگا جو کہ اپنے مقررہ راستوں اندرون موچی دروازہ، محلہ شیعیاں سے ہوتا ہوا چوہٹہ مفتی باقر اور کوتوالی چوک پہنچے گا، جہاں جلوس کے شرکا نماز ظہرین ادا کریں گے، نماز کے بعد مرکزی جلوس رنگ محل، پانی والا تالاب، ٹبی سٹی، بازار حکیماں سے ہوتا ہوا بھاٹی چوک پہنچے گا اور شام کے وقت کربلا گامے شاہ میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔ لاہور میں یوم حضرت علی کرم اللہ وجہہ پر مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔ تمام سرکاری سکول و ضلعی دفاتر بند رہیں گے۔ شہر کے تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی لگا کر سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئیں ہیں۔ محکمہ داخلہ پنجاب میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی زیر صدارت امن و امان کے متعلق اجلاس کے دوران اجلاس میں چینی نائب صدر کی لاہور کے متوقع دورے اور یوم شہادت حضرت علی کے دوران سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق 21 رمضان کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے موبائل سروس کی بندش اور ڈبل سواری پر پابندی کی سفارش کی گئی۔ دوسری جانب یومِ شہادت حضرت علی کے موقع پر محکمہ داخلہ کی گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کرنیکی سختی سے ہدایت کی گئی ہے۔ لاہور میں نثار حویلی سے بر آمد ہوکر کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیر ہونے والے مرکزی جلوس سمیت پنجاب کے بڑے شہروں کے جلوسوں کی سخت سکیورٹی اور مانیٹرنگ کی ہدایت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق آتشیں اسلحہ کی نمائش اور ساتھ رکھنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ فرقہ واریت کو فروغ دینے والی متنازعہ اور اشتعال انگیز تقاریر کی سختی سے ممانعت کی گئی ہے اور اس پر عملدرآمد کی ہدایت کی گئی ہے۔ اجلاس کے دوران بتایا گیا کہ بڑے جلوسوں کی نگرانی کیلئے لائ اینڈ انفورسمنٹ ایجنسیز کی فضائی نگرانی کی غرض سے ہیلی کاپٹر استعمال کیا جائے گا اور ڈرون، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے سکیورٹی کی نگرانی بھی کی جائے گی۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain