لندن(ویب ڈیسک) گزشتہ ہفتے ”دریافت“ ہونے والا عجیب و غریب پرندہ ایک ایسا بگلا ثابت ہوا ہے جو ہلدی سے بھرپور شوربے میں گر گیا تھا۔تفصیلات کے مطابق، چند دن پہلے بکنگھم شائر (برطانیہ) سے مقامی محکمہ جنگلی حیات کو شوخ نارنجی رنگ والا ایک پرندہ ملا جو ا±ڑنے سے قاصر تھا۔ اسے فوری طور پر جنگلی جانوروں کے اسپتال پہنچایا گیا تاکہ مناسب دیکھ بھال کے بعد اسے آزاد کردیا جائے۔پرندے کی عجیب و غریب اور شوخ رنگت کی وجہ سے جنگلی حیات کے ماہرین کو گمان ہوا کہ انہوں نے پرندوں کی کوئی نئی قسم دریافت کرلی ہے۔ لیکن تفصیلی معائنے کے بعد انکشاف ہوا کہ یہ کوئی نیا پرندہ نہیں بلکہ عام سمندری بگلا (سی گل) ہے جو سالن کے شوربے میں گر کر لت پت ہوگیا تھا۔ اگرچہ وہ کسی طرح سالن سے باہر تو نکل آیا لیکن گاڑھے شوربے کی ہلدی نے اس کے پورے جسم کو شوخ نارنجی رنگ
میں رنگ دیا؛ اور وہ زخمی ہو کر ا±ڑنے کے قابل بھی نہیں رہا۔بکنگھم شائر کے ٹگی ونکلز وائلڈلائف ہاسپٹل کے عملے نے اس بگلے کا نام ”وِنی“ (Vinny) رکھ دیا ہے جسے چند دن مزید دیکھ بھال کے بعد، اڑنے کے قابل ہوجانے پر آزاد کردیا جائے گا۔واضح رہے کہ برطانیہ میں ایسا ہی ایک واقعہ 2016 میں بھی ہوچکا ہے جب ویلز کے علاقے میں ایک بگلا، تکہ مصالحہ کے برتن میں گر کر شوخ نارنجی رنگ کا ہوگیا تھا۔