روم، اٹلی(ویب ڈیسک) ایک اطالوی فنکار سادہ عمارتوں پر اس مہارت سے فن پارے بناتے ہیں کہ پوری عمارت تھری ڈی شاہکار بن جاتی ہے۔اٹلی میں پیٹا نامی فنکار بصری دھوکے (آپٹیکل الیوڑن) کےماہر ہیں۔ وہ کچھ اس طرح روغن کرتے ہیں کہ ہر زاویئے سے پینٹنگ منفرد دکھائی دیتی ہے۔ کبھی تصویر کے پہلو آپس میں بدلتے دکھائی دیتے ہیں تو کبھی باہم مدغم ہوتے نظر آتے ہیں۔ اس طرح ہر زاویئے سے پینٹنگ پر حقیقی تھری ڈی ماڈل کا گمان ہوتا ہے جسے نیچے موجود تصاویر میں بھی دیکھا جاسکتا ہے۔”میں جب بھی دیواروں پر رنگ و
روغن کرتا ہوں تو میری کوشش ہوتی ہے کہ ان کی ساخت اور ثقافت کے درمیان تعلق پیدا ہو، اور اس تعلق کو ایک عام فرد بھی محسوس کرسکے۔ گویا میری پینٹنگز آس پاس کے ماحول سے رابطہ کرتی نظر آتی ہیں،“ پیٹا نے اپنی ویب سائٹ پر لکھا۔ان کی سب سے مشہور پینٹنگ جرمنی کے شہر مین ہائیم میں ایک سڑک کے کنارے ہے جو اسی سال بنائی گئی ہے۔ یہ پینٹنگ سفید، نیلے اور سرمئی رنگ پر مشتمل ہے جس کے بعد عمارت مکمل تھری ڈی میں نظرآتی ہے کہ گویا وہ دیکھنے والے کے ساتھ ساتھ اپنی ہیئت بدل رہی ہے۔ پیٹا ایک عرصے سے اس بلڈنگ پر اپنی مہارت دکھانا چاہتے تھے۔لیکن پیٹا کہتے ہیں کہ وہ دنیا بھر میں دیواریں پینٹ کرنے والے فنکاروں کا کام دیکھتے ہیں اور ان سے سیکھنے کی کوشش کرتے ہیں۔ تاہم ان کا منفرد انداز بتاتا ہے کہ وہ کسی بھی پینٹنگ کو پس منظر سے الگ نہیں کرنا چاہتے۔ پیٹا نے کہا کہ وہ پہلے اسپرے سے کام کرتے تھے لیکن اب شوخ رنگ (ایکریلک) برش، آئل پینٹ
اور بڑے رول استعمال کرتے ہیں۔ تاہم اس کا انحصار دیوار یا عمارت کی لمبائی اور چوڑائی پر بھی ہوتا ہے۔جرمنی کی عمارت کی مشہور پینٹنگ انہوں نے 20 دن میں مکمل کی ہے۔پینٹنگ کے علاوہ پیٹا مجسمے اور دیگر اجسام بھی بناتے ہیں لیکن یہ ان کی مہارت ہے کہ وہ کسی بھی دیوار اور مٹیریل پر فن پارہ تخلیق کرسکتے ہیں۔