تیونس: مہاجرین کی کشتی ڈوبنے سے درجنوں افراد لاپتہ

تیونس (ویب ڈیسک)اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے مہاجرین انٹرنیشنل آرگنائزیش فار مائیگریشن (آئی او ایم ) کا کہنا ہے کہ نے لیبیا سے غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے مہاجرین کی کشتی تیونس میں حادثے کا شکار ہوگئی جس کے باعث کئی افراد لاپتہ ہیں۔امریکی خبررساں ادارے ’ اے پی ‘ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے مہاجرین نے بتایا کہ کشتی میں 86 افراد سوار تھے جن میں 82 تاحال لاپتہ ہیں۔آئی او ایم کے مطابق کشتی گزشتہ شب جرجیس کے قریب حادثے کا شکار ہوئی، مچھیروں نے ڈوبتی ہوئی کشتی میں سے 4 افراد کو بچالیا تھا۔برطانوی خبررساں ادارے ’ رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق ریڈ کریسنٹ کے عہدیدار مونگی سلم نے بتایا کہ حادثے میں بچ جانے والے 4 افراد نے تیونس کوسٹ گارڈ کو بتایا تھا کہ کشتی جرجیس کے علاقے میں ڈوبی تھی۔مونگی سلم نے کہا کہ ان 4 افراد میں سے ایک بعدازاں ہسپتال میں دوران علاج ہلاک ہوگیا۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ افریقی مہاجرین پر مشتمل ایک گروہ کو جرجیس سے 9 میل کے فاصلے پر بچایا گیا تھا انہوں نے کوسٹ گارڈ کو بتایا کہ وہ لیبیا کے ساحلی زوارہ سے سوار ہوئے تھے جن میں سے درجنوں افراد ڈوب گئے تھے۔مئی میں تیونس کے سمندر میں کشتی کو حادثے کے نتیجے میں 70 افراد جاں بحق اور متعدد لاپتہ ہوگئے تھے۔گزشتہ برس تیونس کی سمندری حدود میں غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے مہاجرین کی کشتی ڈوبنے سے 50 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔خیال رہے کہ تیونس کے شہریوں سمیت دیگر مہاجرین بہتر مستقبل کے لیے سمندری راستے سے یورپ داخل ہونے کی مسلسل کوششیں کرتے ہیں۔

صاف ستھری مچھلی کھانے سے ٹائپ ٹو ذیابیطس کا خطرہ کم ہوجاتا ہے

سویڈن(ویب ڈیسک) مچھلی کھانے کے بہت سے فوائد مسلمہ ہیں اور اب سویڈن کےماہرین نے کہا ہے کہ اگر آپ صاف ستھرے پانی سے پکڑی گئی اور غیرآلودہ مچھلی کھائیں تو جہاں اس کے بہت سے فوائد حاصل ہوں گے وہیں اس سے ٹائپ ٹو ذیابیطس کا خطرہ بھی کم کیا جاسکتا ہے۔یہ تحقیق سویڈن میں واقع چامرز یونیورسٹی کے ماہرین نے کی ہے اور انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر آلودہ مچھلی کھائی جائے تو اس کے سارے فوائد ضائع ہوجاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ یہ تحقیق غذا کے معیار اور صفائی پر مزید روشنی ڈالتی ہے۔تاہم ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ گزشتہ بعض تحقیقات سے تیل والی مچھلیوں اور ذیابیطس پر جو نتائج سامنے آئے ہیں وہ ایک دوسرے کا رد کرتے ہیں۔ بعض ماہرین کا خیال ہے کہ ایسی مچھلیاں شوگر کو دور رکھتی ہیں جبکہ بعض ماہرین نے یہاں تک کہ دیا کہ مچھلی کھانے سے ذیابیطس کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔چامرز یونیورسٹی کے ماہرین نے اسی سوال کا جواب تلاش کیا ہے اور وہ یہ ہے کہ اگر مچھلی بالکل صاف ستھری ہو تو اس کا فائدہ ہوگا ورنہ آلودہ مچھلی کھانے سے الٹا نقصان ہوسکتا ہے۔اب سائنسدانوں کا اصرار ہے کہ مچھلی صاف ہوتو ذیابیطس میں فائدہ ہوگا اور اگر آلودہ ہوئی تو الٹا نقصان اور ذیابیطس کا خطرہ بڑھ جائے گا۔ اس کی دلیل دیتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ آلودہ پانی میں ڈائی آکسن، ڈی ڈی ٹی، پی سی بی جیسے آلودہ کیمیکل پائے جاتے ہیں جو سمندری غذاﺅں میں سرایت کرجاتے ہیں اور یہ آلودہ مرکبات انسانی جسم میں جاکر ٹائپ ٹو ذیابیطس کی وجہ بن سکتے ہیں۔ماہرین نے بتایا کہ ڈائی آکسن ہوں یا پی سی بی جیسے آلودہ مرکبات ہوں وہ غذاو¿ں کے ذریعے ہی ہمارے جسم میں سرایت کرتے ہیں۔ یہ مرکبات چکنے گوشت والی مچھلیوں میں ذیادہ جمع ہوتے ہیں اور یوں وہ ذیابیطس سمیت کئی پیچیدگیوں کی وجہ بنتے ہیں۔

پولیس مقابلوں کے چیمپئن رانا ثنا اللہ نے سیکڑوں بے گناہوں کو مروایا، فردوس عاشق

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ رانا ثنا اللہ پولیس مقابلوں کے چیمپئن تھے اور سیکڑوں بے گناہ لوگوں کو پولیس مقابلوں میں مروایا گیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ 2007 میں چارڈر آف کرپشن کو چارٹر آف ڈیموکریسی کا نام دیا گیا، میچ فکسنگ کرکے سیاست کرتے رہے اور باریاں فکس کرکے ملک اور قوم کو نقصان پہنچایا گیا، شخصیات مضبوط ہوتی گئیں اور ادارے کمزور ہوتے گئے، چوتھی نسل کو گروی رکھا گیا۔فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ عمران خان عوام کے حقوق کا ضامن بن کر آئے ہیں، اگر وہ سسٹم کا حصہ بن جاتے تو ان کیلئے قابل قبول تھا، لیکن ان کا عزم محنت کش کو حق دلانا تھا، انہوں نے تہیہ کر رکھا ہے کہ نہ کرپشن کرنی ہے نہ کرنے دینی ہے، آصف زرداری کے بے نامی دار اثاثے سامنے آئے ہیں، بے نامی دار اثاثے ایف بی آر نے اٹیچ کر لئے ہیں اب آصف زرداری کو عمران خان کیسے اچھے لگ سکتے ہیں۔معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ رانا ثنا اللہ پولیس مقابلوں کے چیمپئن تھے اور سیکڑوں بے گناہ لوگوں کو پولیس مقابلوں میں مروایا گیا، فاشسٹ حکومت وہ ہوتی ہے جو حاملہ عورتوں کو گولیاں مارے، جو نشہ پھیلا رہا تھا اسے ہیرو بنا کر پیش کیا جارہا ہے، حکومت نے نشہ پھیلانے والوں اور ان کے سہولت کاروں کو پکڑنا ہے، اب پاکستان بدل چکا ہے نئے پاکستان میں قانون کی حکمرانی ہے، بڑے چہروں پر قانون کا اطلاق ہو گا تو عام آدمی کو بھی پیغام جائے گا کہ اب قانون کی حکمرانی ہے۔فردوس عاشق کا کہنا تھا کہ عمران خان جب وزیر اعظم بنے تو امریکی صدر ٹرمپ کے بیان پر پاکستان نے جو موقف اپنایا اس پر خاموشی ہوئی، آج عمران خان وقار کے ساتھ امریکا جا رہے ہیں، امریکا کی منتیں کر کے نہیں بلکہ ڈنکے کی چوٹ پر اور سینہ تان کر جارہے ہیں، یہ نیا پاکستان ہے کہ عمران خان سفیر کے گھر میں رہیں گے اور نہ کسی فائیو سٹار ہوٹل میں۔

چوہے میں ایچ آئی وی کو مکمل طور پر ختم کرنے کا پہلا کامیاب تجربہ

واشنگٹن(ویب ڈیسک) طبی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک جانور کے ماڈل سے انسانی ایچ آئی وی کو مکمل طور پر ختم کیا گیا ہے۔ ماہرین نے اس اہم کام کو دو مراحل میں انجام دیا ہے۔تاہم اس کے لیے ماہرین نے چوہے کے جینوم (جینیاتی سیٹ) میں ایک قدرے نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے تبدیلیاں بھی کی ہے۔ پہلے مرحلے میں لانگ ایکٹنگ سلو ایفیکٹوو ریلیز ( لیزر) کا عمل کیا گیا ہے جو اینٹی ریٹرو وائرل تھراپی کی ایک قسم ہے۔اس کے بعد کرسپر، سی ایس نائن جین ایڈیٹنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے وائرس سے متاثرہ ڈی این اے نکال باہر کیا گیا ہے۔ ماہرین نے اس سارے عمل کی تفصیل مشہور سائنسی جریدے نیچر میں پیش کی ہے۔ واضح رہے کہ چوہے میں انسانی ایچ آئی وی موجود تھا۔ماہرین نے بتایا ہے کہ انہوں نے خلیات (سیل) اور بافتوں (ٹشوز) سے متاثرہ وائرس نکالنے کا کام کیا اور ایک تہائی جانوروں میں کامیابی ملی۔ یہ تحقیق کامل خلیلی اور ان کے ساتھیوں نے کی ہے جو لیوس کاٹز اسکول آف میڈیسن میں تحقیق کررہے ہیں۔’ اگر ان دو طریقوں میں سے صرف ایک کیا جاتا تو وائرس دوبارہ لوٹ آنے کے 100 فیصد خدشات تھے۔ اسی لیے کرسپر سی ایس نائن اور اینٹی ریٹرو وائرل تھراپی کو ایک ساتھ آزمایا گیا اور یوں چوہے سے ایچ ا?ئی وی 100 فیصد ختم ہوگیا،‘ پروفیسر کامل خلیلی نے کہا۔عالمی اداروں کے مطابق صرف 2017 میں پوری دنیا میں ایچ آئی وی کے ساتھ رہنے والے لوگوں کی تعداد تین کروڑ 69 لاکھ تھی اور اسی سال مزید 18 لاکھ لوگوں تک یہ وائرس منتقل ہوگیا۔ ضروری نہیں کہ ایچ آئی وی سے ایڈز کا مرض لاحق ہو لیکن کسی نہ کسی مرحلے میں اس وائرس کے حامل افراد ایڈز کے چنگل میں پھنس جاتے ہیں یا ان میں خطرہ زیادہ ہوتا ہے۔ایڈز کا وائرس جسمانی رطوبتوں اور خون کی منتقلی کے ذریعے پھیلتا ہے اور امنیاتی نظام کو تباہ کردیتا ہے۔ ایڈز کے مریض اگر کوئی علاج نہ کروائیں تو بمشکل تین یا چار برس تک ہی زندہ رہ سکتے ہیں۔

ڈرون اب دیواروں پر پینٹنگ بھی بنانے لگے

روم، اٹلی(ویب ڈیسک) اٹلی میں ماہرین نے چار عدد ڈرون کو ایک ساتھ استعمال کرکے ایک بڑی دیوار پر خوبصورت پینٹنگ بنانے کا عملی مظاہرہ کیا ہے جسے عام طور پر گریفیٹی کہا جاتا ہے۔یہ مظاہرہ ایک منصوبے کے تحت کیا گیا جسے ’اربن فلائنگ اوپرا‘ (یو ایف او) پروجیکٹ کا نام دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت شہر کی انتظامیہ نے مختلف افراد سے کئی متاثرکن منصوبوں کی تفصیل مانگی تھی۔ یہ مقابلہ ایک ڈیزائننگ کمپنی کارلو ریٹی کمپنی نے کرایا تھا جس میں ایک ہزار لوگوں نے اپنے اپنے پروجیکٹ بھیجے جن میں سے 100 قبول کئے گئے۔اس پروجیکٹ کے تحت پولی ٹیکنک یونیورسٹی آف ٹیورن اور ٹیورن یونیورسٹی نے مشترکہ طور پر ڈرون کی مدد سے ایک بڑی دیوار پینٹ

کرنے کا منصوبہ پیش کیا گیا جسے عملی مظاہرے کی دعوت دی گئی۔پینٹنگ کے لیے ایک کار ساز کمپنی میں متروک دیوار کا انتخاب کیا گیا جو اٹلی کے شہر ٹیورن میں واقع ہے۔ 25 اور 26 جون کو پروگرام سے کنٹرول کئے گئےچار ڈرون نے پوری دیوار پر ایک خوبصورت پینٹنگ بناڈالی۔ مرکزی کنٹرول سسٹم نے ہر ڈرون اور رنگوں کو الگ الگ کنٹرول کیا اور ماہرین اس پورے عمل کا بغور جائزہ لیتے رہے۔اس عمل میں 14 میٹر لمبی اور 12 میٹر چوڑی دیوار کا انتخاب کیا گیا جس پر تین مختلف رنگوں کی تہیں چڑھائی گئیں۔اس میں سیاہ رنگت کو مضمون بیان کرنے میں استعمال کیا گیا۔ سرخ رنگت سے ٹیورن کی شہری زندگی اور دیگر اجزا دکھائے گئے۔ جبکہ سبزی مائل نیلگوں پرت سے پورے مضمون یا اسٹوری کا احاطہ کیا گیا۔ اس طرح ایک عمودی بڑی دیوار پر پہلی مرتبہ ڈرون سے کوئی پیچیدہ ڈرائنگ بنانے کا کامیاب تجربہ کیا گیا۔گزشتہ دنوں ڈرون کے ان گنت استعمال سامنے آئے ہیں تاہم اب وہ دن دور نہیں جب ڈرون عمارتوں پر رنگ و روغن ، پینٹنگ یا تزئین و آرائش کا کام بھی کریں گے۔

وزیراعظم 22جولائی کو امریکی صدرٹرمپ سے ملاقات کریں گے،ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد(ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان 22 جولائی کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے معمول کی میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ وزیراعظم عمران خان رواں ماہ امریکا کا دورہ کریں گے اور 22 جولائی کو ان کی ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات ہوگی جس میں پاک امریکا تعلقات پر بات چیت کی جائے گی، ملاقات کا ایجنڈا سفارتی سطح پرطے کیاجارہا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں اقوام متحدہ کے معاونین پر تشدد پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا کہ قابض بھارتی افواج نے3ہفتے میں40 نہتے کشمیریوں کوشہیدکیا، حریت رہنماﺅں کوبدنام زمانہ تہاڑجیل میں رکھاگیا ہے، پاکستان کو حریت قیادت کی حراست پرشدیدتشویش ہے، سرینگر کے خبارکے ایڈیٹرکی حراست کی مذمت کرتے ہیں، اقوام متحدہ اور دیگر عالمی اداروں کے ساتھ تعاون کرنے والوں کے ساتھ تشدد کی خبروں پر شدید تشویش ہے، بھارت عالمی برادری کوگمراہ کرنابندکرے۔ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ کرتارپورراہداری پرمثبت طریقے سے کام ہورہا ہے، اس پرمذاکرات کیلئے بھارت کو 14جولائی کی تاریخ دی ہے جو واہگہ پاکستان میں ہونگے، بھارتی وزیراعظم کو دعوت نہیں دی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ داﺅدابراہیم پاکستان میں نہیں اور دولت مشترکہ میں پاک بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات کا امکان نہیں، بی ایل اے کوامریکا نے دہشت گردجماعتوں کی فہرست میں ڈالا جو بڑی کامیابی ہے۔

ایمنسٹی سکیم بریک تھرو ثابت ہوگی، ملکی خزانے کو بھریں گے ،صوبائی وزیر اطلاعات صمصام بخاری

لاہور(ویب ڈیسک)ایمنسٹی سکیم بریک تھرو ثابت ہوگی، ملکی خزانے کو بھریں گے۔ عالمی ادارو ں کا پاکستان پر اعتماد بحال کر رہے ہیں۔ آئی ایم ایف سے 6ارب ڈالر کی منظوری خوش آئند ہے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت سید صمصام علی بخاری نے آج اپنے دفتر میں مختلف سیاسی شخصیات سے ملاقات کے دوران کیا۔ سید صمصام علی بخاری نے کہا کہ عوام کی دلچسپی اپنے مسائل کے حل اور ملکی ترقی میں ہے۔موجودہ حکومت نے درست سمت میں ترقی کے سفرکا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی اصلاحات کے بعد ملکی معیشت مضبوطی کی طرف جائے گی۔عمران خان نے ایک مرتبہ پھر این آر او نہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ پنجاب میں بڑے پیمانے پر حقیقی منصوبے شروع کریں گے۔ زراعت کے شعبے میں دورس نتائج کی پالیسیاں لا رہے ہیں۔ دریں اثناءصوبائی وزیر اطلاعات سید صمصام علی بخاری سے صوبائی وزیر زراعت نعمان لنگڑیال اور رائے حسن نواز نے ملاقات کی۔ ملاقات میں ساہیوال ڈویڑن کے ترقیاتی منصوبوں و مسائل کے حل کیلئے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ بعد ازاں سید صمصام علی بخاری نے وزیر زراعت نعمان لنگڑیال اور سابق ایم این اے و پی ٹی آئی کے رہنما رائے حسن نواز کے ہمراہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے بھی ملاقات کی جس میں وزیر اعلیٰ کو پنجاب کو ساہیوال ڈویڑن کے متعلق اہم سیاسی و انتظامی امور سے آگاہ کیا گیا۔

عالمی عدالت بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس کا فیصلہ رواں ماہ سنائے گی

کوپن ہیگن(ویب ڈیسک) عالمی عدالت انصاف پاکستان میں گرفتار بھارتی جاسوس کمانڈر کلبھوشن یادیو کیس کا فیصلہ رواں ماہ سنائے گی۔عالمی عدالت انصاف میں بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کیس کی سماعت 18 فروری سے 21 فروری تک جاری رہی تھی، 18 فروری کو بھارت نے کلبھوشن کیس پر دلائل کا آغاز کیا اور 19 فروری کو پاکستان نے اپنے دلائل پیش کیے۔20 فروری کو بھارتی وکلا نے پاکستانی دلائل پر بحث کی اور 21 فروری کو پاکستانی وکلا نے بھارتی وکلا کے دلائل پر جواب دیئے جب کہ سماعت مکمل ہونے کے بعد عالمی عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کمانڈر کلبھوشن یادیو کیس کا فیصلہ عالمی عدالت رواں ماہ سنائے گی اور اس بات کا قوی امکان ہے کہ فیصلہ جولائی کے آخری ہفتے میں سنایا جائے گا۔واضح رہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے جاسوس کلبھوشن یادیو کو مارچ 2016 میں بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا۔ بھارتی نیوی کے حاضر سروس افسر نے پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کا اعتراف کیا تھا جس پر فوجی عدالت نے کلبھوشن کو سزائے موت سنائی تھی۔

حکومت نے قومی بچت اسکیموں کے منافع کی شرح میں اضافہ کردیا

اسلام آباد(ویب ڈیسک) حکومت نے قومی بچت اسکیم میں منافع کی شرح میں اضافہ کردیا۔میڈیا کے مطابق حکومت نے اسپیشل سیونگ سرٹیفکیٹ پر منافع کی شرح میں 650 روپے اضافہ کردیا گیا ہے جس کے تحت سیونگ سرٹیفکیٹس پر ملنےوالا منافع 5700 روپے سے بڑھا کر 6350 روپے کردیا گیا ہے، ماہانہ بہبود سیونگ سرٹیفکیٹس اور پنشنر بینیفٹ اکاونٹس پر منافع 40 روپے ماہانہ اضافہ کے ساتھ 1190 روپے سے بڑھا کر1230 روپے ماہانہ کردیا گیا۔ریگولر انکم سرٹیفکیٹس پر منافع 80 روپے ماہانہ اضافہ کے ساتھ 1000روپے سے بڑھا کر 1080روپے ماہانہ، تین ماہ کے شارٹ ٹرم سرٹیفکیٹ کیلئے منافع 570 روپے اضافہ کے ساتھ 2450 روپے سے بڑھا کر3020 روپے، چھ ماہ کے شارٹ ٹرم سرٹیفکیٹ کیلئے منافع 1150روپے اضافہ کے ساتھ 4940روپے سے بڑھا کر6099 روپے، بارہ ماہ کے شارٹ ٹرم سرٹیفکیٹ کیلئے منافع 2300روپے اضافہ کے ساتھ 9980روپے سے بڑھا کر12280 روپے، اور سیونگ اکاونٹ کا سالانہ منافع 8 اعشاریہ 50 فیصد سے بڑھا کر 10 اعشاریہ 25 فیصد سالانہ کردیا گیا ہے۔

کترینہ کیف بھی سلمان خان کی فٹنس پر متاثر

ممبئی(ویب ڈیسک) بالی ووڈ کی باربی ڈول کترینہ کیف بھی انڈسٹری کے سلطان سلمان خان کی فٹنس کی دلدارہ نکلی۔بالی ووڈ انڈسٹری میں اپنے کسرتی جسم اور 6 پیکس کی وجہ سے پہچانے جانے والے دبنگ اداکار سلمان خان کا انڈسٹری میں کوئی ثانی نہیں۔ لیکن ان دنوں سلمان خان بڑی اسکرین کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی کافی متحرک ہیں۔ وہ اکثر ورزش کے دوران کی تصاویر پوسٹ کرتے ہیں اور ساتھ ہی مداحوں کی رہنمائی کے لئے منفرد مکالمات بھی لکھتے ہیں۔سلمان خان نے گزشتہ روز سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر ایک تصویر پوسٹ کی جس میں وہ ورزش کرتے نظر آرہے ہیں۔ اور ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ’اگر دکھانا ہے، ہرانا ہے، مارنا ہے تو محنت کرکے اپنا لیول بڑھا کے کام سے مارو کیوں کہ سخت محنت سے بڑھ کر کچھ نہیں۔سلمان خان کے کسرتی جسم کو دیکھ کر ا±ن کے مداح دیوانے تو ہیں ہی تاہم اب کترینہ کیف بھی سلو میاں کے جسمانی خدو خال کی شیدائی ہوگئی ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں دبنگ خان کو فٹنس آئیکن قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی اداکار کا تن سازی کے لئے پر جوش ہونا بہت متاثر کن عمل ہے۔