لاہور (ویب ڈیسک )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کو دوسری وزارتوں میں منہ مارنے کی عادت ہے انہیں اپنے کام سے کام رکھنا چاہیے۔اس کے بارے میں وزیر اعظم سے بات کروں گا ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ جو رات کو چینل پر بیٹھ کر باتیں کر رہے تھے ان کے لیے پیغام ہے کہ میں بے وقوف نہیں ہوں، میں نے وزیر اعظم سے بات کی، انہوں نے مجھ سے کہا کہ ایک ٹرین کو جانے دیں اور پھر ان کی اجازت سے ہی اس ٹرین کو بند کیا ہے۔یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارت کے غیر ذمہ دارانہ فیصلے پر وزیر ریلوے نے گزشتہ روز سمجھوتہ ایکسپریس بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ جب تک میں وزیر ریلوے ہوں سمجھوتہ ایکسپریس نہیں چل سکتی، یہ ٹرین ہفتے میں دو دن چلتی تھی، اب سمجھوتہ ایکسپریس کی بوگیاں عید کی چھٹیوں پر دیگر ٹرینوں میں لگائی جائیں گی۔’شیخ رشید کے اس اعلان سے اختلاف کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر ریلوے یہ فیصلہ نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ ابھی تک کابینہ میں بھی زیر بحث نہیں آیا جبکہ شیخ رشید احمد نے اس کے بند کرنے کا اعلان کردیا، میں سمجھتا ہوں کہ اس کے بند کرنے کا نقصان پنجابی اور سکھ برادری کو ہوگا، لہٰذا یہ دیکھنا ہوگا کہ سمجھوتہ ایکسپریس بند کرنے کا فائدہ زیادہ ہے یا نقصان۔پریس کانفرنس میں شیخ رشید نے کھوکھرا پار اور موناباو¿ کے درمیان چلنے والی تھر ایکسپریس کو بھی بند کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ جب تک میں وزیر ریلوے کے عہدے پر ہوں سمجھوتہ ایکسپریس اور تھر ایکسپریس نہیں چلیں گی۔وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ تھر ایکسپریس کے ٹریک کو تھر کول کے لیے استعمال کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ ‘ہمارے جو شہری بھارت میں ہیں انہیں کل صبح واپس لے آئیں گے، بھارتی مسافروں کی سیکیورٹی کی گارنٹی نہیں دے سکتے کیونکہ ہمارے پاس اتنے وسائل نہیں ہیں’۔انہوں نے کہا کہ ‘میرپور خاص سے زیرو پوائنٹ تک آج رات ایک ٹرین جائے گی جس کے ذریعے 200 مسافروں کو میرپور خاص سے زیرو پوائنٹ تک چھوڑا جائے گا’۔مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بھارتی اقدام کے حوالے سے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ‘2 ایٹمی قوتیں آمنے سامنے کھڑی ہوگئی ہیں’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘راولپنڈی کی لال حویلی کا سری نگر کے لال چوک سے خون کا رشتہ ہے اور میں مظفر آباد اور لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کا دورہ کروں گا’۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ‘کشمریوں کے ساتھ ظلم ہوا ہے، عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائی گئیں اور سلامتی کونسل کی قرارداد کو مذاق بنایا گیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ‘سلامتی کونسل نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق زبردست بیان دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ‘کشمیریوں کے ساتھ ظلم ہوا ہے، عالمی قوانین کی دھجیاں اڑائی گئی ہیں، مودی نے اپنا کام کرلیا اب کشمیری اپنا فیصلہ سنائیں گے’۔