ممبئی (ویب ڈیسک)اس سال انٹرنیشنل انڈین فلم اکیڈمی یعنی آئیفا ایوارڈ ممبئی میں ہوئے اور رنویر سنگھ کو فلم ‘پدما وت’میں مسلمان حکمران علاو¿الدین خلجی کے کردار کے لیے بہترین اداکار جبکہ عالیہ بھٹ کو فلم ’راضی‘ کے لیے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ دیا گیا۔اس کے علاوہ دپیکا اور رنبیر کپور کو بھی خصوصی ایوارڈ ملے۔ وکی کوشل کو فلم ‘سنجو’ میں معاون اداکار کا ایوارڈ ملا۔آئیفا میں اس سال سلمان سے لے کر کترینہ اور سارہ علی خان سے لے کر وکی کوشل تک سبھی نے اپنے فن کا مظاہرہ بھی کیا۔ایوارڈز کی تقریب میں جہاں دپیکا اور رنویر سنگھ ایک دوسرے میں گم نظر آئے وہیں ریڈ کارپیٹ پر نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے سلمان خان نے ایک بار پھر کہا کہ وہ سنجے لیلا بھنسالی کی فلم انشااللہ نہیں کر رہے۔تاہم انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ کیا وہ اس دعوے کو واقعی پورا کر پائیں گے یا نہیں کیونکہ فلم کک ٹو کے لیے فلمساز ساجد ناڈیاڈ والا ابھی تیار نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سلمان جیسے بڑے فلم سٹار کے لیے فلم بنانے میں میں جلدبازی کرنا ٹھیک نہیں ہے۔آئیفا میں ایوارڈ پانے والے رنویر سنگھ بھی اب مادام تساڈ میں بالی وڈ ستاروں کی بھیڑ میں نظر آنے والے ہیں۔اب ان کا مجسمہ بھی ان کی بیگم دپیکا پادوکون کے ساتھ اس مومی مجسموں کے عجائب گھر میں دیکھا جا سکتا ہے۔رنویر جو پہلے ہی کافی جوشیلے ہیں، آئیفا کے سٹیج پر پرجوش انداز میں سب کو یہ خوشخبری سنا رہے تھے۔اور ساتھ ہی ‘مائی وائف دپیکا’ کے ساتھ اس میوزیم کا حصہ بننے کے اپنے خواب کے شرمندہ تعبیر ہونے پر میوزیم کی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کرتے نہیں تھک رہے تھے۔