لاہور (خصوصی رپورٹر، لیڈی رپورٹر، کرائم رپورٹر) تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے ماڈل و اداکارہ صوفیہ مرزا کے خلاف منی لانڈرنگ کے ثبوت حاصل کرلئے ایف آئی اے نے یہ بھی کہا کہ صوفیہ مرزا سے منی لانڈرنگ سے متعلق تحقیقات ہورہی ہیں اور وہ روپوش ہوگئی ہیں۔ اس سے پہلے ایسا ہی ایک کیس ماڈل ایان علی کا بھی سامنے آچکا ہے مگر جب خبریں چینل ۵ کی ٹیم نے اداکارہ صوفیہ مرزا اس حوالے سے رابطہ کیا تو انہوں نے اس بات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی منی لانڈرنگ نہیں کی یہ سب میرے خلاف منفی پراپیگنڈہ ہے جو میرے سابقہ شوہر عمر فاروق نے کہا ہے اور وہی یہ کروارہا ہے میری دوبیٹیاں ہیں جن کو وہ مجھ سے لینا چاہتا ہے۔ وہ فراڈ کرکے دبئی میں اپنی پراپرٹی بنارہا ہے میں نے ایف آئی اے والوں سے کہا ہے کہ مجھے اس بندے کا بتائیں جس نے میرے خلاف درخواست دی ہے لیکن اگر دیکھا جائے تو شوبز انڈسٹری ان باتوں سے بھری پڑی ہے وہی کچھ آج صوفیہ مرزا بھی اپنے آپ کو اس کیس سے بچانے کیلئے کررہی ہیں ذرائع کے مطابق صوفیہ اپنے خاوند سے علیحدہ ہوکر اپنی مرضی کی زندگی گزارنا چاہتی ہے اور آج کل شوبز انڈسٹری کے اندر ان ہونے کی کوشش بھی کررہی ہے اس لئے اپنے خاوند پر ایسے الزام لگارہی ہے۔ اگر گھر بس جاتا تو وہی خاوند اچھا تھا آج وہی گلے کی ہڈی بن گیا ہے جس پر صوفیہ کی طرف سے الزام تراشی کی جارہی ہے ذرائع کے مطابق ہوسکتا ہے ان کی زندگی میں اب کچھ نیا ہونے جارہا ہو اور اب منی لانڈرنگ کا یہ دوسرا کیس سامنے آرہا ہے جس کے حقائق بہت جلد منظر عام پر آجائیں گے۔ ایف آئی اے کے ایک اعلیٰ افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر خبریں چینل ۵ کو بتایا ہے کہ صوفیہ مرزا کے خلاف منی لانڈرنگ کی درخواست آئی ہے جس کی تفتیش کی جارہی جبکہ اس پہلو پر بھی تفتیش کی جارہی ہے کہ درخواست گزار کے صوفیہ مرزا کے ساتھ کیا مراسم ہیں اس وقت اداکارہ کے معاملات مشکوک ہوگئے ہیں کیونکہ اعلیٰ سطح پر اس منی لانڈرنگ کیس کی انکوائری کا حکم دے دیا گیا ہے۔