رحیم یار خان: (ویب ڈیسک) پولیس نے چونیاں اور قصور میں ماوں کو گودیں اجاڑنے والے مبینہ ملزم سجاد کو مقامی زمیندار کے گھر سے گرفتار کر لیا۔ ملزم کے خون کے نمونے ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے حاصل کر لیے گئے۔ ماوں کی گودیں اجاڑنے والا چونیاں اور قصور کے معصوم بچوں کا مبینہ قاتل سجاد احمد بالاآخر قانون کے شکنجے میں آہی گیا۔ ملزم تھانہ کوٹ سمابہ کی حدود امین آباد کے علاقے میں مقامی زمیندار محمد حنیف کے گھر میں چھپا ہوا تھا، گزشتہ رات خفیہ اطلاع پر پولیس نے چھاپہ مار کر ملزم کو گرفتار کر لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق ملزم سجاد احمد کو لاہور میں آر پی او شیخوپورہ رینج کے دفتر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ملزم سجاد سے آئی جی پنجاب کی موجودگی میں پوچھ گچھ کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ملزم کے خون کے نمونے ڈی این اے ٹیسٹ کے لئے حاصل کر لیے گئے ہیں۔