اسلام آباد( و یب ڈ سک) وزراءکی مخالفت کے باوجود وفاقی کابینہ نے ملیریا کی دوا کلوروکوئن برآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ خبر یں نیوز کے مطابق وزارت قومی صحت کے حکام نے موقف اختیار کیا کہ دوا خام مال کی صورت میں ضرورت سے زیادہ موجود ہے۔پاکستان کے پاس اس وقت 3 کروڑ 90لاکھ کلورو کوئین کی گولیاں موجود ہیں۔وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد پاکستان 80 لاکھ کلوروکوئین گولیاں دوست ممالک کو بھیجے گا۔ یہ گولیاں امریکا، سعودی عرب، ترکی اور برطانیہ کو بھیجی جائیں گی۔ اس کے علاوہ اٹلی اور ازبکستان کو بھی کلوروکوئین برآمد کی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق اسدعمر ،شیخ رشید اور شیریں مزاری نے ملیریا کی دوا برآمد کرنے کی کر مخالفت کی تاہم اس کے باوجود کابینہ نے دوست ممالک کو دوا فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔واضح رہے کہ امریکا سمیت دنیا بھر کے مختلف ماہرین کی رائے میں یہ دوا کورونا وائرس کے علاج کے لیے موثر ثابت ہوسکتی ہے۔ پاکستان میں بھی محققین نے اس دوا کے استعمال کا جائزہ لینے کے تحقیق کا عمل شروع کردیا ہے۔
