لاہور (ویب ڈیسک) ڈرامہ کوئین سمجھی جانے والی اداکارہ میرا نے حال ہی میں ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ وہ کورونا وائرس کے باعث لگے لاک ڈاو¿ن کی وجہ سے امریکا میں پھنس گئی ہیں اور انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے وطن واپس لانے کی اپیل کی تھی۔ سوشل میڈیا پر اداکارہ کی یہ ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ان پر جھوٹ بولنے کا الزام عائد کردیا گیا تھا، جبکہ کئی رپورٹس میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ میرا امریکا میں اپنے سسرال میں خیریت سے موجود ہیں اور انہوں نے صرف ڈرامہ کرنے کے لیے یہ ویڈیو بنائی۔ اور اب میرا نے ایک اور ویڈیو جاری کردی جس میں انہوں نے الزام لگانے والوں کو تنقید کا نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ واضح کیا کہ وہ امریکا میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطے میں ہیں۔ انسٹاگرام پر جاری اپنی ویڈیو میں میرا کا کہنا تھا کہ میں نے اپنے ویڈیو پیغام میں وزیر اعظم عمران خان سے وطن واپس لانے کی جو درخواست کی وہ ایک پاکستانی ہونے کے ناطے میرا بنیادی حق ہے، کچھ لوگوں نے ایسے برے وقت پر اسے ایک نیا رنگ دینے کی کوشش کی جو قطعاً مناسب نہیں۔