سبرامینم کا مسلمانوں کخیلاف بیان نفرت انگیز اور قابل مذمت : فیاض الحسن چوہان

لاہو ر (لیڈی رپورٹر ) وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے حوالے سے حالات حکومت کے کنٹرول میں ہیں،بطورقوم متحد ہوکر کرونا کے خلاف جنگ جیتنی ہے، تقریباً ایک کروڑ افراد امداد پروگرام کے لئے رجسٹرڈ ہو چکے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق اپنے بیان میں وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار انتظامی تیاریوں پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں،پنجاب میں کرونا وائرس کے حوالے سے حالات حکومت کے کنٹرول میں ہیں۔فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایات پر کٹس اور ویکسین کی تیاری پر ریسرچ جاری ہے، عوام سے گزارش ہے کہ نمازِ جمعہ کے حوالے سے حکومت کی ہدایات پرعمل کریں۔وزیراطلاعات پنجاب نے اپنے بیان میں بتایا کہ تقریباً ایک کروڑ افراد امداد پروگرام کے لئے رجسٹرڈ ہو چکے ہیں جبکہ اب تک تقریباً ایک لاکھ 70 ہزار خاندانوں کو زکوٰة کی رقوم جاری کر دی گئی ہیں باقی افراد کو باقاعدہ جانچ پڑتال کے بعد رقوم کی منتقلی شروع کر دی جائے گی۔وزیراطلاعات پنجاب نے ایک بار پھر اس عزم کو دہرایا کہ حکومت اکیلے کرونا کو شکست نہیں دے سکتی،ہمیں بطور قوم متحد ہو کر کرونا کے خلاف جنگ جیتنی ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے بی جے پی رہنما کے نفرت انگیز بیان کی مذمت کی ہے۔انہوںنے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ میں بطور ترجمان سردارعثمان بزدار بی جے پی کے سوامی سبرمینین کے بیان کی پرزور مذمت کرتا ہوں ، اپنے تعصب بھرے بیان میں سبرمینین سوامی نے بیس کروڑ مسلمانوں کو بھارت کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں بھارتی ہٹلر کی زہریلی ذہنیت کی بلی تھیلے سے باہر آ گئی ہے، نریندر مودی کی بی جے پی اور آر ایس ایس نازیوں کے یہودیوں کے ساتھ ظلم کو بھارت میں دہرا رہے ہیں جبکہ وزیرِاعظم عمران خان کئی ماہ سے دنیا کو اس خطے کے ہٹلر سے خبردار کر رہے ہیں۔وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ سبرمینین سوامی کے مطابق بیس کروڑ مسلمان کسی بھی ملک کے لیے زہر قاتل ہیں، اس نفرت آمیز بیان پر اقوامِ متحدہ، انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں نریندر مودی کی انتہا پسندانہ اقدامات کا نوٹس لے۔

کرونا: ایک اور ہیلتھ ورکر سمیت 5جاں بحق، تعداد 40ہوگئی

لاہور‘کراچی ‘اسلام آ باد (نمائندگان خبریں)ملک بھر میں کورونا وائرس کے شکار افراد کی تعداد 2686 ہوگئی ہے جبکہ اس خطرناک بیماری سے 40 افراد جاں بحق اور 126 صحت یاب ہوچکے ہیں۔ ترجمان محکمہ اینڈ پرائمری ہیلتھ کیئر کے مطابق لاہور میں آج کورونا کے مزید 5 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد لاہور میں متاثرہ افراد کی تعداد 204 ہوگئی، لاہور میں مہلک وائرس 5 افراد کی زندگیاں نگل چکا ہے، پنجاب میں کرونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جہاں کرونا مریضوں کی تعداد 928 تک جا پہنچی جبکہ 11 اموات ہوئی ہیں۔ گجرات میں 90، گوجرانوالہ 14، جہلم 28 ، روالپنڈی 53، ملتان 2، فیصل آباد 9، منڈی بہاو¿الدین 14، نارووال 2، رحیم یار خان 3، سرگودھا 10، وہاڑی8، اٹک، لیہ، خوشاب، بہاولپور 1، 1، بہاولنگر 3، حافظ آباد 5، میانوالی 3، ننکانہ صاحب میں 13 افراد کرونا کا شکار ہیں، سب سے زیادہ کرونا وائرس سے متاثرہ مریض میو ہسپتال میں زیر علاج ہیں، مریضوں کو آئسولیشن وارڈ میں رکھا گیا ہے، جہاں ان کاعلاج معالجہ کیا جارہا ہے۔ ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر نے ہدایت کی ہے کہ گزشتہ 14 روز میں متاثرہ ممالک سے آنے یا کنفرم مریضوں سے ملنے والے افراد گھر میں آئسولیشن اختیار کریں، آئسولیشن کے دوران علامات ظاہر ہونے کی صورت میں 1033 پر رابطہ کریں تاکہ محکمہ صحت کی ریپڈ رسپانس ٹیمیں مشتبہ مریض کو ہسپتال منتقل کر کے ٹیسٹ کروائیں۔ ایک اور ہیلتھ ورکرز نے بیان دیا کہ سندھ میں کرونا سے مزید2 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں،جس کے بعد یہ تعداد بڑھ کر 13 ہو گئی ہے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹرعذرافضل پیچوہونے سندھ میںکرونا وائرس کے2 مزید افراد کی موت کی تصدیق کی ہے، جس کے بعد سندھ میں مرنے والوں کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔صوبائی وزیر نے بتایا کہ طبیعت بگڑنے پر دونوں مریضوں کو یکم اپریل کو ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، جن کی عمریں 60 اور 80 سال ہیں، دونوں مریضوں میں سے ایک عارضہ قلب اور دوسرے مریض کو گردوں کے مسائل کا سامنا تھا۔ صوبائی وزیرصحت کے مطابق جاں بحق ہونے والا ایک مریض حال ہی میں سعودی عرب سے آیا تھا، مریض کو دمہ اور سانس لینے میں تکلیف کا مسئلہ بھی لاحق تھا جبکہ سندھ میں جمعہ کوکرونا وائرس کے مزید 22 کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد صوبے میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 783 ہو گئی ہے۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق گھوٹکی میں کرونا وائرس کے 2، کراچی میں 6، حیدر آباد سے 14 کیسز سامنے آئے۔سندھ میں کرونا وائرس کے 707 مریض زیر علاج ہیں جبکہ وائرس سے 65 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ دوسری طرف نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر نے ملک بھر میں 37 اموات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وائرس سے متاثرہ 10 افراد کی حالت تشویش ناک ہے۔ سندھ میں 783، پنجاب میں 920، خیبرپختونخوا میں 311، گلگت بلتستان میں 190، بلوچستان میں 169، اسلام آباد میں 68، آزاد کشمیر میں 9 افراد کرونا وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ ملک بھر میں 126 افراد صحتیاب ہوگئے۔پاکستان میں اب تک کرونا وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں میں سے پنجاب میں سب سے زیادہ 11 ہلاکتیں ہوچکی ہیں جب کہ سندھ میں 12، خیبرپختونخوا 8، گلگت بلتستان 3 اور بلوچستان میں ایک شخص جاں بحق ہوچکا ہے۔ پنجاب کے ضلع لاہور میں 4، راولپنڈی 3 جبکہ رحیم یار خان اور فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ سندھ میں تمام ہلاکتیں کراچی میں ہوئی ہیں۔پنجاب کے ضلع لاہور میں 4، راولپنڈی 3 جبکہ رحیم یار خان اور فیصل آباد میں ایک ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ سندھ میں تمام ہلاکتیں کراچی میں ہوئی ہیں۔فیصل آباد کرونا سنٹر غلام محمد آباد میں کرونہ وائرس کا مشتبہ مریض جاں بحق نعش ورثاءکے حوالےکرنے کی بجائے سرکاری طریقے سے د فن کی گئی فیصل آباد میں کرونا وائرس سے جاں بحق ہو نے والت مریضوں کی تعداد 2ہو گئی اہل خانہ کو گھر میں کرونٹا ئن کر دیا گیا ۔پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوںمیں ہیلتھ ورکرز کے لئے نا مناسب انتظامات ،طبی عملے کے افراد بھی اس وائرس کے وار سے نہ بچ سکے، ڈاکٹراسامہ ریاض کے انتقال کے بعد ایک خاتون نرس جان کی بازی ہارگئیں،میو ہسپتال میں دو مزید نرسز مقدس اور بشرا میں بھی کرونا وائرس کی تصدیق ، تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں تباہی مچانے والا خطرناک کورونا وائرس پاکستان میں بھی تیزی سے پھیل رہا ہے۔

قوم نے کرونا کا بہادری سے مقابلہ کیا جنگ جیتنے کیلئے میڈیا کا تعاون درکار ڈی جی آئی ایس پی آر

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ کرونا کے خلاف جنگ میں میڈیا کا کردار قابل تعریف ہے۔تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ کرونا کی وبا دنیا بھر میں پھیل چکی ہے اور عالمی صورتحال کو تبدیل کر دیا ہے، فرنٹ لائن پراس وباکامقابلہ کرنےوالوں کوخراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں قوم کو اتحاد کاپیغام دینے پر علمائے کرام کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ہم نے اس وبا کا مل کر مقابلہ کرنا ہے۔میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ کرونا وبا کے خلاف جنگ میں میڈیا کے کردار کی بھی تعریف کرتا ہوں،کرونا کے خلاف جنگ میں ہمیں میڈیا کے تعاون کی بھی ضرورت ہے،میڈیا نے مستند رپورٹنگ کر کے اہم کردار ادا کیا ہے۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ مربوط نظام کےتحت ٹریک اینڈ ٹریس کر کے بر وقت ہدایات پہنچائی جا چکی ہیں،اب تک 465ملین پیغامات پی ٹی اے کے ذریعے عوام تک پہنچائے جا چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں کو ملک میں آئسولیٹ بھی کیا جا رہا ہے تاکہ وبا کو روکا جاسکے، تمام وسائل کو بروئے کار لا کر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، غیرمعینہ مدت تک لاک ڈان کے متحمل نہیں ہوسکتے۔میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں ضرورت کے مطابق سامان پہنچانے کے لیے بھی اہتمام کیا جا رہا ہے،کرونا جیسی وبا سے ہمارا پہلی مرتبہ واسطہ پڑا ہے،موجودہ حالات میں جو بھی ضروری اقدامات ہیں اٹھائے جا رہے ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ 38 دنوں میں قوم نے اس وبا کا بخوبی مقابلہ کیا ہے،اللہ سے دعا ہے کہ اس مصیبت اور وبا کود ور فرمائے۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے خلاف تمام اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات کر رہے ہیں اور متحد ہوکر چھپے دشمن کو شکست دیں گے۔ڈی جی آئی ایس پی آر کے ہمراہ میڈیا بریفنگ کے دوران فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر بنایا گیا، یہ کورونا سے متعلق اقدامات کا پلیٹ فارم ہے جہاں آج ڈاکٹر فیصل نے وزیر اعظم کو کورونا سے متعلق تمام معلومات دیں جبکہ وزیر اعظم نے آرمی چیف اور تمام اداروں کی کاوشوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ قوم کو وبا سے بچانا ویراعظم کی اولین ترجیح ہے، تمام اداروں کے ساتھ مل کر اقدامات کر رہے ہیں اور قومی حکمت عملی بنانے کے عمل میں مصروف ہیں، اس مقصد کے لیے صوبائی حکومتیں کورونا متاثرین کا ڈیٹا تشکیل دیں تاکہ مل کر حکمت عملی بنائیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے متحد ہو کر اس چھپے دشمن کا مقابلہ کرنا ہے اور اسے شکست دینی ہے، کورونا کی وبا پر قابو پانے کے لیے باہمی تعاون کا فروغ، حفاظتی تدابیر پر عملدرآمد اور آگاہی پیدا کرنے والی کوششوں اور کاوشوں کو تقویت دینے کے لیے یہ سینٹر فعال ہوا ہے اور اس سینٹر سے ہی ہم یکجہتی اور یکسوئی سے قومی بیانیہ سامنے لائیں گے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیر اعظم نے اسمگلنگ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے، انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایات دیں کہ ذخیرہ مافیا کی سرکوبی کی جائے جبکہ اسد عمر اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر ورکنگ پلان دیں تاکہ عملدرآمد ہو۔انہوں نے کہا کہ آٹے کی قلت کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور اس سلسلے میں وزیر اعظم نے گندم کی کٹائی سے متعلق بروقت اقدامات کے لیے ہدایات کیں اور کہا ہے کہ آٹے کی قلت اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے ڈائریکٹر جنرل(ڈی جی)میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ اس وبا نے عالمی ماحول کو یکسر تبدیل کردیا ہے اور ہمیں رنگ و نسل سے بالاتر ہو کر اس وبا کا مقابلہ کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ 38 دنوں میں قوم نے اس چیلنج کا بخوبی مقابلہ کیا ہے، افواج پاکستان ملک کے کونے کونے میں موجود ہیں اور اپنے تمام وسائل بروئے کر لا رہی ہیں جبکہ اس جنگ کو جیتنے میں میڈیا کا بھرپور تعاون درکار ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بدلتی صورتحال کے مطابق روزانہ کی بنیاد پر تمام ممکنہ اقدامات کیے جارہے ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو بھرپور تعاون فراہم کر رہے ہیں، قوم کو اتحاد کا پیغام دینے پرعلما کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور اللہ سے دعا ہے کہ اس مصیبت اور وبا کو دور فرمائے۔

کنسٹرکشن سیکٹر کو صنعت کا درجہ دینے کا اعلان تعمیراتی شعبہ میں پیسہ لگانیوالوں سے ذرائع آمدن نہیں پوچھے جائینگے عمران خان

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی)کنسٹرکشن ڈویلپمنٹ بورڈ بھی بنے گا۔ رواں سال سرمایہ لگانے والوں کو آمدن کا ذریعہ بتانے سے استثنی، گھر فروخت کرنے والوں پر کیپٹل گین ٹیکس نہیں لگے گا۔ چالیس لاکھ افراد کو ایک دو روز میں کورونا ریلیف امدادی چیک مل جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کا تعمیرات کے شعبے کیلئے پیکج کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ تعمیراتی شعبے میں فکسڈ ٹیکس کا نظام لا رہے ہیں۔ تعمیراتی سیکٹر میں پیسے لگانے والوں سے آمدن کے ذرائع نہیں پوچھے جائیں گے۔ ہم کنسٹرکشن کو صنعت کا درجہ دے رہے ہیں۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ صوبوں سے مل کر سیلز ٹیکس میں کمی لا رہے ہیں۔ جو خاندان گھر فروخت کرنا چاہتے ہیں، اس پر سیلز ٹیکس نہیں لگے گا۔ اس کے علاوہ نیا پاکستان ہاسنگ سکیم کیلئے 30 ارب کی سبسڈی دے رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تعمیراتی سیکٹر کھلنے سے معیشت کا پہیہ چل سکتا ہے۔ تعمیراتی سیکٹر 14 اپریل سے کھلے گا۔ اس کے علاوہ گڈز ٹرانسپورٹ کو بھی کھلا رکھا گیا ہے۔ عمران خان نے بتایا کہ کورونا ریلیف فنڈ کے لئے 10 ملین لوگ ایس ایم ایس کر چکے ہیں۔ 40 لاکھ افراد کو چند روز میں چیک ملنا شروع ہو جائیں گے۔ ہم یہ فنڈ بڑھانے کی کوشش کریں گ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے لوگوں کو اشیائےخورونوش پہنچانی ہیں۔ احساس پروگرام کے تحت بہت جلدی لوگوں کو ریلیف ملے گا۔ ہم کرائے کے گھروں میں رہنے والوں کے لیے بھی پالیسی لا رہے ہیں۔ خوراک کی فراہمی یقینی بناتے ہوئے اس کی قلت نہیں ہونے دی جائے گی۔ ذخیرہ اندوزوں اور سمگلروں کو نشان عبرت بنایا جائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے قیام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا دورہ کیا، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ بھی وزیراعظم کے ساتھ تھے۔ وزیراعظم عمران خان کو کرونا وائرس کی تازہ صورت حال پر بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے قیام پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس میں ملک میں کورونا کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے قومی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں عسکری اور سول اداروں کے اعلی حکام، صوبائی وزرائے اعلی ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہیں۔ صوبائی وزیر صحت سندھ، ڈی جی رینجرز سندھ، آئی جی سندھ اور دیگر بھی اجلاس میں موجود ہیں۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا ہم نے بہت ہی کم ٹیسٹ کیے ہیں، اگر یہ ٹیسٹ بڑھائے جائیں تو شاید بہت زیادہ کیس ظاہر ہوں، ہمیں ٹیسٹ صلاحیت بڑھانی ہوگی، ہمیں کرونا کے پھیلا کو کم کرنا ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان نے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے متعلق اعدادو شمار کسی صورت نہ چھپائے جائیں۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کی موجودہ صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ وبا سے متعلق ڈیٹا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر جاری کرے گا۔وزیراعظم عمران خان نے صوبوں کو ڈیٹا کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے شیئر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح ہدایت دی کہ کورونا وائرس سے متعلق اعدادوشمار کسی صورت نہ چھپائے جائیں۔ وبا سے متعلق کوئی بھی معلومات چھپانا قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہوگا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ الحمد للہ پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال پریشان کن نہیں، حکومتی اقدامات اور تمام اداروں کی محنت سے کنٹرول میں ہے۔ان کا کہنا تھا کہ 14 اپریل تک اسی طرح کی پابندیاں جاری رکھی جائیں گی، اس کے بعد صورتحال کا جائزہ لے کر آئندہ کے فیصلے کریں گے۔

کرونا: برطانیہ میں 5لاکھ افراد مر سکتے ہیں برطانوی وزیر صحت

لندن (نیٹ نیوز )برطانوی وزیر صحت میٹ ہینکوک نے متنبہ کیا ہے کہ کرونا وائرس سے لگ بھگ نصف ملین برطانوی ہلاک ہوسکتے ہیں۔ اگر ملک میں مکمل لاک ڈاﺅن نہیں کیا جاتا تو لاکھوں برطانوی شہریوں کی زندگی داﺅ پر لگ سکتی ہے۔ اس بحران سے نکلنے کا صرف ایک ہی راستہ ہے کہ پورے ملک میں شہریوں کی نقل وحرکت مکمل طور بند کردی جائے۔ پیرس‘ نیویارک‘ برسلز‘ بیجنگ‘ انقرہ (نیوز ایجنسیاں) دنیا بھر میں پھیلنے والے کرونا وائرس کے باعث یورپی ممالک سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، اٹلی، سپین اور فرانس متاثرہ ممالک میں سرفہرست ہیں، تاہم فرانس سے متعلق ایک پریشان کن خبر نے سب کو ششدر کر دیا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 1355 افراد زندگی کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ مزید 2116 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق فرانس کے علاوہ برطانیہ میں بھی 569 افراد کرونا وائرس کے باعث لقمہ اجل بنے تھے، وبائی مرض نے برطانیہ، امریکہ سمیت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔ کرونا وائرس سے متاثرہ 1355 فرانسیسی شہریوں کی مزید ہلاکت کے بعد فرانس میں اموات کی مجموعی تعداد 58388 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 2116 افراد میں وائرس کی تشخیص کے بعد مریضوں کی مجموعی تعداد 59 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔ فرانسیسی حکام کا کہنا ہے کہ وائرس میں مبتلا 6 ہزار 399 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے تاہم ابھی تک بار ہزار 428 افراد صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔ دوسری جانب فرانس کے وزیراعظم ایڈورڈ فلپ نے ملک میں 15 اپریل تک جاری پابندیوں میں مزید توسیع کرنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ فرانسیسی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فرانس نے 17 مارچ کو لاک ڈان کا اعلان کیا تھا اور پہلے دو ہفتوں کے لاک ڈان میں پہلے ہی 15 اپریل تک توسیع ہو چکی ہے۔ امریکی جانز ہاپکنز یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد 13 ہزار 915 ہو گئی ہے جن میں جمعرات کو ہونے والی 760 نئی اموات بھی شامل ہیں جبکہ سپین میں وائرس سے مرنے والے افراد کی تعداد 10 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا کورونا سے متاثر ہونے والا تیسرا بڑا ملک ہے جہاں ہلاک افراد کی تعداد 5 ہزار 316 ہو چکی ہے۔امریکا میں کورونا وائرس کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے ہیں جن کی تعداد 2 لاکھ 34 ہزار 462 ہو چکی ہے۔ اے ایف پی کے مطابق صدر ٹرمپ نے چند روز قبل واشنگٹن میں خطاب کرتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ ملک میں انتہائی تکلیف دہ دو ہفتے آنے والے ہیں۔ دوسری طرف نیو یارک کے میئر کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں میں گنجائش تین گنا بڑھانا پڑے گی۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلنے سے نیویارک مکمل طور پر بدل گیا ہے اور سڑکوں اور پارکوں میں ویرانی ہے جبکہ نظر آنے والے چند افراد نے ماسک پہنے رکھے ہیں۔ اے ایف پی کے مطابق جرمنی میں کورونا وائرس کے 84 ہزار 264 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جبکہ ایک ہزار 99 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ چین جہاں سے گذشتہ برس اس وبا کا آغاز ہوا میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 84 ہزار 264 ہے جبکہ 3 ہزار 318 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ بیلجیم میں ایک ہزار 11 اور ہالینڈ میں 3 ہزار 339 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ ایران میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 3 ہزار 160 ہو چکی ہے۔ دی گارڈین نے برطانوی محکمہ صحت کے حوالے سے بتایا کہ ملک کے ہسپتالوں میں کورونا وائرس سے ہلاک افراد کی تعداد 2 ہزار 921 ہو گئی ہے، ایک لاکھ 63 ہزار 194 افراد کے ٹیسٹ لیے گئے تھے جن میں سے 33 ہزار 718 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں۔ کئی دیگر ممالک کی طرح سنگاپور نے بھی آئندہ بدھ سے ملک میں لاک ڈان کا اعلان کیا ہے۔ سنگاپور کے وزیراعظم لی سین لونگ نے قوم کے ساتھ خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 8 اپریل کے مہینے میں سکولز بند کیے جا رہے ہیں جبکہ کاروبار اور دفاتر 7 اپریل سے بند کر دیے جائیں گے۔ ان کے مطابق ملک میں روزمرہ ضرورت کی اشیا کی خریداری کے لیے دکانیں، بازار بینکیں، سپر مارکیٹس اور ہسپتال وغیرہ کھلیں رہیں گے۔ دریں اثنا چین میں سنیچر کو کورونا کے خلاف لڑتے ہوئے اپنی جانیں دینے والے افراد کی یاد میں ایک قومی سوگ کی تقریب کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ چین میں کورونا کے خلاف لڑتے ہوئے محکمہ صحت کے 14 کارکنان بھی ہلاک ہوگئے تھے۔ عالمی وبا کرونا وائرس سے دنیا بھر میں 10 لاکھ سے زائد افراد بیمار ہوگئے جبکہ مرنے والوں کی تعداد 53 ہزار سے بڑھ گئی ۔میڈیارپورٹس کے مطابق فرانس میں گزشتہ روز کرونا وائرس سے مزید 1355 اور اسپین میں 961 اموات کا اعلان کیا گیا جس کے بعد دنیا بھر میں چوبیس گھنٹوں میں ہلاکتوں کی تعداد ساڑھے پانچ ہزار ہوگئی۔عالمگیر وبا کی زد میں آنے والے مریضوں کی تعداد دس لاکھ اور اموات کی تعداد 52 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے۔امریکا میں روزانہ بڑے پیمانے پر کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں جس کی وجہ سے مریضوں کی تعداد غیر معمولی طور پر بڑھ رہی ہے۔ مزید 25 ہزار کیسز کی تصدیق ہوئی ہے اور 700 سے زیادہ افراد ہلاک ہوگئے۔ اس وقت ملک میں کیسز کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 40 ہزار اور ہلاکتوں کی تعداد 5800 سے زیادہ ہے۔جان ہاپکنز یونیورسٹی اور ورڈومیٹرز کے مطابق اٹلی میں گزشتہ روز 760 اموات ہوئیں۔ اٹلی میں کل ہلاکتیں 13915 اور اسپین میں 10348 ہوگئی ہیں۔ اٹلی میں مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 15 ہزار اور اسپین میں ایک لاکھ 12 ہزار ہوچکی ہے۔برطانیہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 569، بیلجیم میں 183، جرمنی میں 176، نیدرلینڈز میں 166 اور ایران میں 124 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔فرانس میں ہلاکتوں کی تعداد 5387، ایران میں 3160، برطانیہ میں 2921، نیدرلینڈز میں 1339، جرمنی میں 1107 اور بیلجیم میں 1011 تک پہنچ گئی ہے۔کئی دوسرے ملکوں میں بھی گزشتہ 24 گھنٹوں میں بڑی تعداد میں ہلاکتیں ہوئی ہیں جن میں ترکی میں 79، سویڈن میں 69، برازیل میں 57، سوئزرلینڈ میں 48 اور کینیڈا میں 47 اموات شامل ہیں۔ جرمنی میں مریضوں کی تعداد 84 ہزار، فرانس میں 59 ہزار، ایران میں 50 ہزار اور برطانیہ میں 33 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔سوئزرلینڈ اور ترکی میں تعداد 18 ہزار، بیلجیم میں 15 ہزار، نیدرلینڈز میں 14 ہزار اور کینیڈا اور آسٹریا میں 11 ہزار ہے۔چینی حکام کے مطابق ان کے ملک میں گزشتہ روز 6 ہلاکتیں ہوئیں اور 35 نئے کیس سامنے آئے۔ اس طرح کل ہلاکتیں 3318 اور مجموعی کیسز 81589 ہیں جو اب چار ملکوں سے کم ہیں۔دنیا بھر میں کرونا وائرس کے 10 لاکھ سے زیادہ متاثرین میں 2 لاکھ 10 ہزار ایسے لوگ شامل ہیں جو مکمل طور پر صحت یاب ہوچکے ہیں۔52 ہزار اموات ہوچکی ہیں۔ باقی 7 لاکھ 44 ہزار افراد اب بھی اس بیماری میں مبتلا ہیں جن میں سے 37 ہزار کی حالت تشویش ناک ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق دوسری جانب اس خطرناک بیماری سے دنیا بھر میں 2 لاکھ 8 ہزار سے زائد افراد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔ کرونا وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں اٹلی میں ہوئیں جبکہ سب سے زیادہ مریض امریکا میں ہیں۔ غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کے مصدقہ مریضوں کی تعداد اس سے بہت زیادہ ہو سکتی ہے۔ سپین میں مسلسل دوسرے روز 24گھنٹوں کے اندر900سے زائد افراد ہلاک ہو گئے ہیں ، یہ بات جمعہ کو سرکاری اعداد وشمار میں دکھائی گئی ہے اگرچہ نئے متاثرین اور ہلاکتوں کی شرح مسلسل کم ہورہی ہے ۔سپین میں دنیا میں ہلاکتوں کے حوالے سے دوسری سب سے بڑی تعداد سامنے آئی ہے ۔وائرس سے اب تک 10945 جانیں جاچکی ہیں جن میں ایک روز قبل 932اموات ہوئیں جبکہ تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 117710 ہو گئی ہے۔تاہم وزارت صحت کے اعداد وشمار نئے کیسز اور اموات کی شرح میں مسلسل کمی کے رجحان کی تصدیق کرتے ہیں ، تازہ اعداد وشمار ظاہر کرتے ہیں کہ متاثرین کی شرح جمعرات کو 7.9فیصد کے مقابلے میں 6.8فیصد تک گر گئی ہے جو کہ گزشتہ ہفتے کے وسط میں 20فیصد تک پہنچ چکی تھی اور روزانہ کی بنیاد پر ہلاکتوں میں بھی جمعرات کو 10.5فیصد کے مقابلے میں 9.3فیصد تک کمی دیکھی گئی ہے اور 25مارچ کو 27فیصد اضافے سے یہ بڑی کمی دیکھی گئی ہے۔

پی ایس ایل کا میدان دوبارہ سجاو، چیمپئن بناو،عاقب جاوید

لاہور(ویب ڈیسک) پی ایس ایل 5 کا میدان دوبارہ سجاو، چیمپئن بناو، عاقب جاوید نے ستمبر میں باقی میچز کرانے کی تجویز پیش کردی۔کورونا وائرس کی وجہ سے پی ایس ایل5 میں لیگ مرحلے کے اختتامی میچز خالی اسٹیڈیمز میں ہوئے، پلے آف ختم کرکے سیمی فائنلز اور فائنل شیڈول کرکے ایونٹ جلد مکمل کرنے کی کوشش بھی ہوئی لیکن حالات کی نزاکت کو سمجھتے ہوئے بالآخر باقی میچز ملتوی کرنا پڑے، چیمپئن کا فیصلہ کرنے کیلیے مختلف تجاویز زیر غور آئیں، لیگ مرحلے کی ٹاپ ٹیم ملتان سلطانز کو ٹرافی دینے، رواں سال کے آخر یا آئندہ ایڈیشن سے قبل مقابلے کرانے کی بات کی گئی، ذرائع کے مطابق پی سی بی ایونٹ مکمل کرنے کے حق میں ہے، نومبر، دسمبر میں زمبابوے سے ہوم سیریز کے دوران باقی میچز کا امکان ہے۔اس صورتحال میں لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر آپریشنز عاقب جاوید نے بھی چیمپئن کا فیصلہ میدان میں کرنے پر زور دیا ہے، پی ایس ایل ناگزیر حالات کی وجہ سے ملتوی ہوئی منسوخ نہیں، اس میں بورڈ یا کسی فرنچائز کا قصور نہیں،آگے چل کر حالات بہتر ہونے پر اسے مکمل ہونا چاہیے،چیمپئن کا فیصلہ میدان میں کرنا لیگ کی مقبولیت برقرار رکھنے کیلیے ضروری ہے، کوئی بھی اپنے لیے ایونٹ نہیں کراتا سارا میلہ شائقین کیلیے سجایا جاتا ہے،لوگ میچ دیکھتے اور لطف اندوز ہوتے ہیں تب ہی کوئی ایونٹ کامیاب ہوتا ہے، اسٹیڈیم میں اور ٹی وی پر مقابلے دیکھے جاتے ہیں،براڈکاسٹرز کی توجہ بھی اس بات پر مرکوز ہوتی ہے کہ زیادہ سے زیادہ آنکھیں اسکرین پر جمی رہیں۔

انضمام الحق نے اپنے خلاف سازش کی فائلز کھول دیں

کراچی(ویب ڈیسک) انضمام الحق نے اپنی کپتانی کے خلاف بڑی سازش کی پرانی فائلز کھول دیں۔پاکستان کے سابق کپتان انضمام الحق نے اپنے یوٹیوب چینل پر انکشاف کیا کہ کچھ پلیئرز نے انھیں 2005 میں قیادت سے ہٹانے کیلے سازش رچائی تھی، انھوں نے کہا کہ مجھے اس ٹور میں کمزور ترین ٹیم کا ساتھ حاصل رہا کیونکہ کچھ اہم پلیئرز نے جانے سے انکار کردیا تھا، ان کا خیال تھا کہ اس سیریز میں ناکامی پر مجھے کپتانی سے ہٹا دیا جائے گا اور انھیں ذمہ داری سنبھالنے کا موقع میسر آجائے گا۔انضمام الحق نے اسی ٹور کے تیسرے بنگلور ٹیسٹ کا احوال بیان کرتے ہوئے کہا کہ آنجہانی کوچ باب وولمر دوسری اننگز جلد ڈیکلیئرڈکرنے کے فیصلے سے خوش نہیں تھے مگر میں نے انھیں غلط ثابت کیا۔یاد رہے کہ پاکستان نے پہلی اننگز میں یونس خان کی ڈبل سنچری اور انضمام کی سنچری سے تقویت پا کر570 رنز بنائے تھے، جواب میں بھارتی ٹیم 449پر آوٹ ہوئی،گرین کیپس نے دوسری باری 2 وکٹ پر 261 رنز بنانے کے بعد ڈیکلیئرڈ کردی تھی۔انضمام نے کہاکہ میں نے وولمر کو پیغام بھیجا کہ میں اننگز ڈیکلیئرڈ کرنا چاہتا ہوں، انھوں نے جواب دیا کہ کپتان اور نائب کو مل کر فیصلہ کرنا چاہیے، میں نے یونس سے کہا وہ راضی ہوگئے، جب میں واپس آیا تو ہیڈ کوچ نے کہا کہ میرے خیال میں آپ کا فیصلہ غلط ہوسکتا ہے، مگر میرا خیال تھا کہ اگر ہم سہواگ کو جلد آوٹ کرتے ہیں تو میزبان ٹیم دباو میں آجائے گی، اگلے روز جب عبدالرزاق نے سہواگ کو رن آوٹ کیا تو میں نے سوچا کہ اگر رزاق کسی کو رن آوٹ کرسکتا ہے تو پھر یہ ہمارا دن ہے، میرا اننگز جلد ڈیکلیئر کرنے کا فیصلہ درست ثابت ہوا اور ہم وہ میچ جیت گئے، میرا 100 واں ٹیسٹ میرے لیے بہت ہی یادگار تھا۔

مستحقین کو امداد دیتے وقت سیلفی لینے والے فنکاروں پر یاسر حسین برس پڑے

کراچی(ویب ڈیسک) اداکار یاسر حسین نے مستحقین کو امداد دیتے وقت سیلفی لینے والے فنکاروں اور افراد پر انوکھے انداز میں تنقید کی ہے۔
کورونا وائرس کے باعث ملک میں بحرانی صورتحال ہے۔گزشتہ کئی روز سے جاری لاک ڈاون کے نتیجے میں وہ افراد جو مالی طور پر مستحکم ہیں ان کا تو گزارہ ہورہا ہے تاہم اس لاک ڈاون سے سب سے زیادہ پریشانی اس مزدور طبقے کو ہورہی ہے جو روزانہ اجرت پر کام کرتا ہے۔لاک ڈاون کے باعث بہت سے غریب گھرانے فاقوں پر مجبور ہوگئے ہیں۔ ان لوگوں کی امداد کے لیے فنکار اور دیگر مخیر افراد سامنے آئے ہیں جو اپنی استطاعت کے مطابق نہ صرف ان لوگوں کی مدد کررہے ہیں بلکہ دوسروں کو بھی اس کی ترغیب دے رہے ہیں۔ تاہم المیہ یہ ہے کہ جہاں لوگوں کی مدد کی جارہی ہے وہیں کچھ لوگوں کی جانب سے اس مدد کی نمائش بھی کی جارہی ہے اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جارہی ہیں۔اداکار یاسر حسین نے ان تمام افراد جو مستحقین کی امداد کرتے وقت سیلفی لے کر سوشل میڈیا پر پوسٹ کررہے ہیں کو آڑے ہاتھوں لیا ہے اور ایک نہایت مزاحیہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے جس میں ایک شخص خدا سے اپنے گناہوں کی معافی بھی مانگ رہاہے لیکن ان گناہوں پر پچھتا بھی رہاہے جو وہ نہیں کرسکا۔اس ویڈیو کے ساتھ یاسرحسین نے لکھا یہ حال ہے آج کل کے فنکاروں اور باقی لوگوں کا۔ یا اللہ ہم سب کو ہدایت دے عقل دے جذبہ عطا فرما اور لوگوں کی مدد کرنے کی توفیق عطا فرما آمین۔صرف یاسر حسین نے نہیں بلکہ اداکار ومیزبان فیصل قریشی نے بھی ٹوئٹر پر لکھا خدارا امداد کرتے وقت تصاویر یا ویڈیو نہ بنائیں کچھ ایسے لوگ ہیں جو مجبوری کی وجہ سے یہ مدد حاصل کررہے ہیں۔ لوگوں کی مجبوری کو شہرت حاصل کرنے کا ذریعہ نہ بنائیں اور یہ وقت بڑی ظالم چیز ہے۔