لاہور(ویب ڈیسک)عید الفطر کا تہوار ہمیشہ سے ہی پاکستان شوبز انڈسٹری کے لیے بہت اہم رہا ہے، اس موقع پر ریلیز کے لیے پیش کی جانے والی فلموں کا بزنس کھڑکی توڑ ہوا کرتا ہے جبکہ اسٹیج ڈراموں کو دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد تھیٹروں کا رخ کرتی ہے لیکن اس بار ایسا کچھ نہ ہوا اور کورونا وائرس نے فلمی دنیا کی رونق اور رنگینی کو اندھیروں میں دھکیل دیا۔ملکی تاریخ میں پہلی بار عیدالفطر پر نہ ہی کوئی فلم ریلیز ہوسکی اور نہ کوئی تھیٹر شو ہوسکا۔ اس صورتحال میں فنکاروں کی بڑی تعداد شدید متاثر ہوئی اور تھیٹر سے وابستہ فنکاروں، تکنیک کاروں نے جہاں حکومت سے اپیل کی وہیں احتجاج بھی کیا تھا لیکن کسی نے ایک نہ سنی اور تھیٹر کھولنے کی اجازت نہ دی جاسکی حالانکہ مارکیٹیں، شاپنگ مالز اور دیگر مقامات کو عام عوام کے لیے کھول دیا گیا تھا۔