(ویب ڈیسک)پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ آج بھارت ایک ہندو ریاست میں تبدیل ہو رہا ہے، جہاں اقلیتیں محفوظ نہیں، بنگلور میں توہین رسالت کے واقعہ سے مسلم امہ کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔
گفتگو کے دوران پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت میں ہونے والے توہین رسالت کے واقعہ نے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا ہے۔ ویڈیو کو امت مسلمہ کے مسلمانوں کو دیکھنا چاہیے۔ انڈیا میں آج مسلم اقلیت محفوظ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسجد کو شہید کرکے مندر بنانا صحیح نہیں، ان یہ لوگ دیگر مذہبی مقامات کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں، مودی کے بھارت میں پہلے مسلمانوں کے جذبات مجروح کیے جاتے ہیں اور پھر شہید بھی مسلمانوں کو کرتے ہیں۔ گرفتار بھی مسلمانوں کو ہی کیا جاتا ہے، جب کہ ہندو انتہا پسندوں کو تحفظ دیا جاتا ہے۔
انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہیومین رائٹس واچ، ایمنیسٹی انٹرنیشنل کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ سیکیولراسٹیٹ کو تو بھارت کی اس حکومت نےدفن کردیا ہے۔ آج بھارت میں ایک ہندو اسٹیٹ جنم لے رہی ہے۔ یہ اندرونی مسئلہ نہیں ہے یہ انسانیت کا مسئلہ ہے۔
شاہ محمود کا کہنا تھا کہ پاکستان کا پورا حق بنتا ہے کہ اس کو اٹھائے۔ ہم نے کل بھی بھارتی دفتر خارجہ کیساتھ مسئلہ اٹھایا ہے۔ ہم ہر انٹرنیشنل فورم پر
اسلاموفوبیا کے مسئلے کو اٹھا رہے ہیں۔ جنرل اسمبلی کے صدر کے سامنے میں نے یہ ایشو اٹھایا تھا۔