تازہ تر ین

لاہور میں شہری سہولتوں کی بہتری کیلئے وزارتی کمیٹی قائم

(ویب ڈیسک)وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے لاہور میں شہری سہولتوں کی بہتری کیلئے وزارتی کمیٹی قائم کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیر صدارت لاہور میں شہری سہولتوں کو بہتر بنانے سے متعلق اجلاس ہوا۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے لاہور کے مسائل کے پائیدار حل کے لیے وزارتی کمیٹی قائم کر دی جس کا اجلاس ہر 15 دن کے بعد منعقد ہو گا جبکہ متعلقہ محکمے رپورٹ پیش کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے مختلف محکموں کو لاہور میں سہولتوں کی بہتری کے لیے ٹاسک بھی سونپ دیے جبکہ پارکنگ کے مسائل حل کرنے کے لیے مربوط منصوبہ بندی اور اوور چارجنگ کے سدباب کا حکم بھی دیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے میٹرو برج اور انڈر پاسز کے قریب منشیات کے عادی افراد کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کرنے اور ماحولیاتی تحفظ کے لیے دھواں اگلتی گاڑیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

اس کے علاوہ شہر میں بدنما وال چاکنگ ختم کرکے سرکاری اداروں کی دیواروں پر پینٹنگ اور گرافٹی کی جائے گی جبکہ غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور کی اسٹریٹ لائٹس کی بحالی  اور آوارہ کتوں کے خلاف مہم چلانے کا بھی حکم دیا۔

ان کا کہناہے کہ  رہائشی علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں کے رحجان کی حوصلہ شکنی کی جائے گی اور لاہور کی اہم سڑکوں کی تعمیر و مرمت ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain