(ویب ڈیسک)سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) کی حقیقت پورے پاکستان پر واضح ہو گئی ہے جوکہ جھوٹے الزامات لگا کر ہمیں کمزور کرنے کی کوششوں میں ہے۔
سابق وزیراعظم نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم بے بنیاد الزامات پر پیشیاں بھگت رہے ہیں جبکہ ملکی معیشت تباہ ہو گئی اور بےروزگاری بڑھ گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے اے پی سی کے بعد اب حزب اختلاف کی تمام جماعتیں جیل میں ہوں گی۔ نیب کی جانب سے کبھی شہباز شریف کبھی احسن اقبال اور کبھی میرے خلاف عدالت لگی ہوتی ہے جبکہ نارووال اسپورٹس سٹی مقدمے کا ریفرنس آج تک نہیں بنایا جاسکا۔
شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ نیب گردی کی وجہ سے ملک کا انتظامی ڈھانچہ مفلوج ہو گیا، انتقامی ایجنڈے کے علاوہ حکومت ترقی کو نظر انداز کر رہی ہے۔ حسد، انتقام اور جھوٹے الزامات کے سوا حکومت کے پاس کرنے کو کچھ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر بات میں وزیر اعظم عمران خان کہتے ہیں این آر او نہیں دیں گے لیکن یہ کیسے وزیر اعظم ہیں جو عوام سے کہتے ہیں تیار رہیں سردی میں گیس کی قلت ہو گی۔