(ویب ڈیسک)وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کا تقدس ہمارے ایمان کا حصہ ہے، پاکستان، سعودی عرب کی سالمیت اور سلامتی کے تحفظ کیلئے اس کے ساتھ کھڑا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی اورسعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کےدرمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دونوں وزرائے خارجہ نے اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر مشاورتی سلسلے کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اورسعودی ہم منصب شہزادہ فیصل کے درمیان ٹیلیفونک گفتگومیں دوطرفہ تعلقات، خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دو طرفہ تعلقات گہرے اور تاریخی نوعیت کے ہیں جبکہ اہم بین الاقوامی اور علاقائی امور پر دونوں ممالک کے موقف میں پائی جانے والی مماثلت خوش آئند ہے اور دونوں ممالک نے ہرمشکل وقت میں ایک دوسرے کی دل کھول کر معاونت کی ہے۔
وزیرخارجہ نے حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی تنصیبات پر ہونیوالے حملوں کی مذمت کی جبکہ دونوں وزرائے خارجہ نے اہم امور پر مشاورتی سلسلے کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔