(ویب ڈیسک)سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اور موجودہ وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کے جلسے جلوسوں اور تحریک سے گھبرانے والی نہیں ہے۔
نوشہرہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کو کوئی خطر ہ نہیں ہے کیونکہ جمہوریت کی دعویدار اپوزیشن کا اصل چہرہ قوم کے سامنے آچکا ہے۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان، نواز شریف اور آصف زرداری کے لیے احتجاجی تحریک شروع کر رہے ہیں، عوام نے مولانا فضل الرحمان کو مستر د کر کے اسمبلی سے باہر کر دیا ہے، مولانا اسلام کے بجائے اسلام آباد کے لیے اپنی سیاست کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے جلسے جلوسوں اور تحریکوں سے گھبرانے والی نہیں ہے، عمران خان نہ تو کسی کو این آر او دیں گے اور نہ ہی کسی کی بلیک میلنگ میں آئیں گے۔
خیال رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم نے حکومت کے خلاف 16 اکتوبر سے ملک بھر میں جلسے جلوسوں کا اعلان کر رکھا ہے اور پی ڈی ایم کا پہلا جلسہ گجرانوالہ میں ہو گا جس میں شرکت کے لیے مسلم لیگ ن نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو بھی دعوت دی ہے جو انہوں نے قبول بھی کر لی ہے۔