وزیراعظم عمران خان نے پی ڈی ایم کے جلسے کو ’سرکس‘ قرار دیدیا

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے گوجرانوالہ میں پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کو سرکس قرار دیدیا۔

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم عمران خان نے ٹائیگر فورس پورٹل کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نیول فارمز اور نیوی سیلنگ کلب کی تعمیر کیخلاف درخواستوں پر فیصلہ محفوظ

اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان نیول فارمز اور نیوی سیلنگ کلب کی تعمیر کے خلاف درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے پاکستان نیول فارمز اور نیوی سیلنگ کلب کی تعمیر کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت نیوی کے وکیل ملک قمر افضل نے دلائل مکمل کیے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ جہاں رول آف لا نہ ہو وہاں غربت ہوتی ہے اور اس کے اثرات عوام کو بھگتنا پڑتے ہیں۔

جسٹس اطہر من اللہ نے کہا کہ سی ڈی اے نے اسلام آباد کا ماسٹر پلان تباہ کرکے رکھ دیا ہے، یہ کورٹ دیکھے گی کہ قانون کیا ہے اور فیصلہ اسی کے مطابق ہو گا۔

انہوں نے اپنے ریمارکس میں یہ بھی کہا کہ سی ڈی اے اپنے نوٹس پر عمل نہیں کروا سکا تو آگے کیا کرے گا۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ اس صورت حال میں پارلیمنٹرینز نے پبلک فنڈز استعمال کیا ہوتا تو کیا ہوتا؟

عدالت نے فریقین کو تحریری دلائل ایک ہفتے میں جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کا فیصلہ محفوظ کر لیا۔

شہباز گل کی اپوزیشن کے جلسے پر کڑی تنقید

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ 11 جماعتیں 12واں بھارت، 18شہروں سے کرائے کے کارکن لا کر بھی اپوزیشن 22 ہزار  مجمع اکٹھا نہ کر سکی۔

شہباز گِل نےسماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنا پیغام شئیر کرتے ہوئے اپوزیشن پر تنقید کے نشتر برساتے ہوئے لکھا کہ”جلسوں سے آپکی حقیقت کیلبری کوئین، جعلی ٹرسٹ ڈیڈ، ٹی ٹی کرپشن زدہ خاندان ہی رہنی ہے بدلنی نہیں ہے”۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‏11 چھوٹے قد کے لوگ اکٹھے بھی ہو جائیں تو خان کے سیاسی قد سے چھوٹے ہی ہیں۔

اداروں کیخلاف دشمنوں کی زبان استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، شبلی فراز

وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم) کا کل کا جلسہ فلاپ شو تھا اور کسی کو اداروں کے خلاف دشمنوں کی زبان استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ اپوزیشن نے کل جو زبان استعمال کی خصوصاً بلاول بھٹو اور خواجہ آصف نے انتہائی گھٹیا زبان استعمال کی، بلاول بھٹو آپ سے یہ توقع نہیں تھی، ہمیں توقع نہیں تھی کہ آپ خواتین کے بارے میں اتنی گھٹیا گفتگو کریں گے، اُن خواتین کو اس کا حصہ بنایا جن کا سیاست سے کوئی لینا دینا نہیں۔

انہوں نے بلاول کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی اپنی والدہ بھی سیاست کرتی تھیں، آپ کو اس بات کا احساس نہیں ہوا کہ جو زبان آپ استعمال کر رہے ہیں وہ مناسب ہے یا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف نے تو بہت ہی گھٹیا کام کیا، اپنے قماش کا مظاہرہ کردیا کہ ان کی سیاسی سوچ کس طرح کی ہے، پاکستان کے عوام یہ سب کچھ دیکھ رہے تھے۔

شبلی فراز نے کہا کہ کل پی ڈی ایم کے اتحاد کے مظاہرے میں نہ تو اتحاد نظر آیا، نہ یقین نظر آیا اور نہ کوئی نظم و ضبط نظر آیا، اس اتحاد کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کو جس طرح خالی کرسیوں کے سامنے خطاب کروایا، میرے خیال میں انہوں نے مولانا صاحب کو ہمیشہ دھوکا دیا، پچھلے سال مارچ میں بھی دیا تھا اور ابھی بھی دیا ہے، یہ نظر آرہا تھا کہ ان کے پاس کوئی پروگرام نہیں۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز بتائیں کہ انہوں نے آخری مرتبہ کسی غریب سے کب ملاقات کی تھی، انہیں غریبوں کے دکھ درد کا کیا پتہ، ان کے تو جلسے میں بھی غریب لوگ نہیں تھے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان کا پہلا ہی شو اتنا فلاپ ہوا ہے کہ مجھے نہیں لگتا کہ اس کا کوئی مستقبل ہے، ایک ایک مہینے سے تیاریاں کر رہے تھے، اس کا انجام ہم نے کل ایک فلاپ شو دیکھا، آدھا اسٹیڈیم، لوگ تقریریں سنے بغیر چلے گئے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح آپ نے اداروں پر بات کی یہ بھی آپ ایسا کھیل کھیلنے جا رہے ہیں جس سے آپ پاکستان کو بہت زیادہ نقصان پہنچا رہے ہیں، آپ دشمنوں کی زبان استعمال کررہے ہیں جس کی ہم آپ کو اجازت نہیں دیں گے، ہم پوری طرح سے اداروں کے ساتھ کھڑے ہوئے ہیں اور کوئی بھی ایسی بات برداشت نہیں کی جائے گی جو اس ملک کی سلامتی، اس ملک کے لیے کھڑے ہونے والے لوگوں کو نشانہ بنائے۔

شبلی فراز نے نام لیے بغیر کہا کہ آپ نے تقرر کیا، آپ ایکسٹنشن میں شریک تھے، آج کیونکہ آپ کی منشا کے مطابق چیزیں نہیں ہو رہیں تو آپ نے گندی زبان استعمال کرنی شروع کردی ہے، یہ بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نومبر 2011 میں عمران خان نے پیش گوئی کی تھی کہ جب بھی احتساب شروع ہو گا تو یہ سب اککٹھے ہو جائیں گے اور کل ہم نے دیکھا کہ امیرزادوں کے ناخلف بچے کس طریقے سے گفتگو کر رہے تھے اور یہ بگڑے ہوئے امیرزادے کس طریقے سے عوام اور فوج کو للکار رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ 11 جماعتیں کروڑوں روپیہ خرچ کرنے کے بعد بھی اگر 15 سے 18ہزار لوگ جمع کر سکیں جبکہ گوجرانوالہ کی اپنی آبادی لاکھوں میں ہے، گوجرانوالہ ڈویژن کی آبادی کروڑوں میں ہے اور اس میں سے اپوزیشن صرف 15 سے 18ہزار آبادی جمع کر پائی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ تنظیم کا یہ حال تھا کہ پیلپز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ(ن) نے رات 2بجے مولانا فضل الرحمٰن کو خطاب کا موقع فراہم کیا، اس وقت خالی کرسیوں سے ان کا خطاب تھا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف بالکل روٹھی ہوئی محبوبہ جیسا رویہ رکھے ہوئے ہیں، انہیں سمجھ نہیں آ رہی کہ فوج سے کیسے بدلہ لیں کہ کہ انہیں ٹھکرایا کیوں، انہیں وہ وقت نہیں بھولتا جب وہ لاڈوں میں پلتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ آپ فوج کے جرنیل، سینئر افسران اور نیچے رینک کے فوجیوں اور سپاہیوں کے درمیان جو فرق قائم کرنا چاہتے ہیں تو دراصل یہ بھارت کا ایجنڈا ہے، میں اسی لیے بار بار نواز شریف کے باہر جانے کے خلاف تھا اور میں نے ہمیشہ یہ بات کی کہ نواز شریف کو باہر نہ جانے دیں کیونکہ جب ایسے لوگ باہر جاتے ہیں تو الطاف حسین بن جاتے ہیں، آپ بین الاقوامی اسٹیبلشمنٹ کا اثاثہ بن جاتے ہیں۔

غیر قانونی مہاجر ہمیں سبق پڑھا رہی ہے: ٹرمپ کی مسلم خاتون سیاستدان پر تنقید

(ویب ڈیسک)امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والی مسلم رکن کانگریس الہان عمر کو مذہبی اور لسانی تعصب کا نشانہ بنا ڈالا۔

فلوریڈا میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ریاست منی سوٹا سے ڈیموکریٹک پارٹی کی منتخب رکن کانگریس الہان عمر کو نسلی تعصب کا نشانہ بناتے ہوئے کہنا تھا کہ صومالیہ سے غیر قانونی طور پر امریکا آنے والی مہاجر ہمیں سبق پڑھا رہی ہے کہ ملک کو کیسے چلانا ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے الہان عمر کی نجی زندگی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ خاتون رکن کانگریس نے شادی بھی ایسے شخص سے کی جو رشتے میں ان کا بھائی یا ایسا ہی کچھ لگتا ہے۔

امریکی صدر کا کہنا تھا وہ الہان عمر کی وجہ سے منی سوٹا سے الیکشن جیت جائیں گے کیونکہ کانگریس رہنما ہمارے ملک سے محبت نہیں کرتیں۔

خیال رہے کہ الہان عمر 12 برس کی عمر میں صومالیہ سے امریکا منتقل ہوئی تھیں اور 5 سال بعد یعنی 17 برس کی عمر میں انہیں امریکی شہریت مل گئی تھی۔

الہان عمر 2018 میں منی سوٹا سے ڈیموکریٹک پارٹی کے ٹکٹ پر کانگریس کی رکن منتخب ہوئیں اور ان پر امریکی شہریت کے لیے بھائی سے دوسری شادی کا الزام عائد کیا جاتا ہے تاہم وہ خود پر لگنے والے الزامات کی سختی سے تردید کرتی رہی ہیں۔

اپوزیشن کا پہلا جلسہ کوئی تاثر قائم نہیں کر سکا، فواد چوہدری

(ویب ڈیسک)وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کا پہلا جلسہ کوئی تاثر قائم نہیں کرسکا،  جلسے سے اپوزیشن کو فائدہ نہیں نقصان ہوا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے گوجرانوالہ میں اپوزیشن کے جلسے پر تنقید کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ غیرجانبدارتجزیہ کاربھی کہہ رہے ہیں جلسے میں 15 سے 18 ہزار لوگ تھے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کا پہلا جلسہ کوئی تاثر قائم نہیں کر سکا، لگتا یہی ہے کہ جلسے سے اپوزیشن کو فائدہ نہیں نقصان ہوا ہے جبکہ جلسے میں قائدین کی تقاریر میں  خراب  زبان استعمال کی گئی اور اداروں کیخلاف محاذ بنانے کی ناکام کوشش کی گئی۔

نوازشریف کے ساتھ وہی ہوگا جو الطاف حسین کے ساتھ ہوا: شیخ رشید

لاہور(ویب ڈیسک): وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہےکہ طبلِ جنگ بج چکا ہے اور نوازشریف کے ساتھ وہی ہوگا جو الطاف حسین کے ساتھ ہوا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ جب دو ملاقاتوں کا ذکر کیا تو بہت سارے مسائل سے گزرنا پڑا اور دو ملاقاتوں کا ذکر کیا تو طوفان آئے گا۔

شیخ رشید نے کہا کہ گزشتہ روز کے جلسے میں نوازشریف کی تقریر نہیں سن سکا سوگیا تھا، کورونا کے بعد 6 ماہ صحت مند ہونے میں لگتے ہیں، آج کل طبیعت ٹھیک نہیں دواکھا رہا ہوں۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھاکہ نواز شریف کی سیاست ختم ہوچکی ہے، بھارت میں بانی ایم کیو ایم کو وہ کوریج نہیں ملی جو کل نواز شریف کو ملی، لندن سے نوازشریف کا سیاسی جنازہ آئے گا، اگر نواز شریف کی یہی پالیسی رہی تو یہ نہ ہو کہ عمران خان اگلے پانچ سال بھی لگالے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ نوازشریف وہ کھیل کھیل رہے ہیں جو عالمی ایجنڈا ہے، انہیں اندازہ ہی نہیں یہ کیا کھیل کھیل رہے ہیں، نوازشریف بانی ایم کیو ایم ٹو بن گئے ہیں، اعلانِ جنگ ہوچکا ہے، طبلِ جنگ بج چکا، نوازشریف کے ساتھ وہی ہوگا جو الطاف حسین کے ساتھ ہوا ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان کا کوئی آرمی چیف ایسا نہیں رہا جس سے نواز شریف نے ٹکراؤ نہ کیا ہو،  نواز شریف کھل کر سامنے آگئے، اب ان سے کھل کر سیاست ہوگی، نون لیگ ٹوٹ کر رہے گی اور کوئی وجہ نہیں نون سے شین نہ نکلے۔

ان کا کہنا تھا کہ جلسوں سے حکومتیں نہیں جاتیں، اگر جلسوں سے جانا ہوتا تو ہم نے ٹکا کر 126 دن جلسوں میں لگائے، عمران خان کے مینار پاکستان جلسے سے کوئی نہیں گیا۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارت انسانوں سے جانوروں والاسلوک کررہا ہے: مشیر قومی سلامتی

لاہور(ویب ڈیسک): وزیراعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی معید یوسف کا کہنا ہےکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت انسانوں سے جانوروں والاسلوک کررہا ہے اور ہمیں پتہ ہے کہ اُس کشمیر میں کیا حالات ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معید یوسف نے کہا کہ بھارت کےتوسیع پسندانہ عزائم سے خطےکے امن کو خطرات لاحق ہیں اور اس کے منفی عزائم سے اس کے تمام ہمسایوں کو خطرہ ہے، بھارت نے خطے میں افرا تفری پھیلا رکھی ہے۔

انہوں نےکہا کہ پاکستان میں بھارت کی دہشتگردی سے دنیا کو آگاہ کر رہے ہیں، پاکستان میں بھارتی دہشتگردی کے ثبوت ایک ایک کرکے گنوائے ہیں، پاکستان خطے میں امن و خوشحالی کیلئے کوشاں ہیں اور عالمی امن کیلئے پاکستان کی قربانیاں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں۔

مشیر قومی سلامتی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت انسانوں سے جانوروں والاسلوک کررہا ہے، ہمیں پتہ ہے کہ اُس کشمیر میں کیا حالات ہیں، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

معید یوسف نے مزید کہا کہ پاکستان کا ہدف خطے میں امن کا قیام ہے اور اقتصادی راہداری خطے کی ترقی کا منصوبہ ہے، پاکستان کا بیانیہ اکنامک سکیورٹی ہے۔

ان کہنا تھا کہ میڈیا پاکستان کی سفارتکاری کا حصہ ہے کیونکہ 90 فیصد خبریں پاکستان کے لوکل میڈیا سے اٹھا کر لگائی جاتی ہیں۔

ملتان پسندیدہ شہرہے” خبریں” نے مقامی ثقافت کو فروغ دیا:امتنان شاہد

ملتان پسندیدہ شہرہے” خبریں”نے مقامی ثقافت کو فروغ دیا:امتنان شاہد
ملتان (عوامی رپورٹر ) ایڈیٹر خبریں گروپ اور سی ای او چینل ۵ امتنان شاہد نے کہا ہے کہ انہیں ملتان شہر سے بہت پیار ہے۔ ملتان روزنامہ ”خبریں”کا شہر ہے۔یہاںکے رہائشیوں نے انہیں بہت زیادہ پیار دیا ہے۔یہاں کی ثقافت رسم و رواج اور روایات میں ایک کشش ہے۔خبریں نے یہاں کی ثقافت اور دوسری روایات کو بھی فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ تاریخی اعتبار سے بھی یہ ایک بڑا شہر ہے اور یہاں سیاحت کے منصوبوں پر کام کر کے سیاحت کو بہت زیادہ فروغ دیا جا سکتا ہے۔جس سے خطے کی معیشت مظبوط ہوگی

فاسٹ بولر عمر گل کا ہر قسم کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

پاکستان کے فاسٹ بولر عمر گل نے ہر قسم کی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔(ویب ڈیسک)

قومی ٹی ٹوئنٹی کپ میں بلوچستان کی نمائندگی کرنے والے 36 سالہ عمر گل نے سدرن پنجاب کی ٹیم کے خلاف آخری میچ کھیلا۔

میچ کے اختتام پر بلوچستان اور پنجاب کی ٹیم کے کھلاڑیوں نے قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر گل آبدیدہ بھی ہو گئے اور اس موقع پر انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ، ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر عمر گل نے پیغام میں لکھا کہ بہت سوچ سمجھ کر کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا، ہمیشہ پاکستان کے لیے دل سے کھیلا اور اپنی 100 فیصد کارکردگی دی، کرکٹ ہمیشہ سے میری محبت اور جنون ہے اور رہے گا۔

عمر گل کا کہنا تھا پاکستان کے لیے کھیلنا ایک خواب تھا جو پورا ہوا، اللہ نے مجھے بہت عزت دی جس پر مجھے فخر ہے۔

قومی کرکٹ ٹیم کے دو سابق کپتانوں وسیم اکرم اور سرفراز احمد نے بہترین کیرئیر پر عمل گل کی تعریف کی اور ان کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی ایک ویڈیو کے ذریعے عمر گل کو 20 سالہ طویل کیرئیر پر مبارکباد پیش کی۔

خیال رہے کہ عمر گل نے 47 ٹیسٹ میچوں میں 163، 130 ایک روزہ میچوں میں 179 اور 60 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں میں 85 وکٹیں حاصل کیں۔

عمر گل نے پاکستان کے لیے پہلا ایک روزہ میچ اپریل 2003 میں زمبابوے کے خلاف کھیلا جب کہ اسی سال اگست میں انہوں نے بنگلا دیش کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا، اور فاسٹ بولر نے پہلا انٹرنیشنل ٹی ٹوئنٹی میچ کینیا کے خلاف ستمبر2007 میں کھیلا۔