ہنگامی اجلاس میں اپوزیشن کے بیانیے کا جواب دینے کے لیے حکومت کی حکمت عملی طے کی جائے گی ، اجلاس میں اپوزیشن کی تحریک سے نمٹنے اور ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی میں کمی کرنے کے حوالے سے اہم فیصلوں کا بھی امکان ہے ، ذرائع
اسلام آباد (ویب ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کی تحریک سے نمٹنے کیلئے پارٹی قیادت سے مشاورت کا فیصلہ کرلیا ، اس سلسلے میں وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی کی اعلیٰ قیادت کا ہنگامی اجلاس آج طلب کرلیا ہے ۔ اس حوالے سے موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق اجلاس میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی طرف سے شروع کی جانے والی حکومت مخالف تحریک سے نمٹنے کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی ، اس سلسلے میں حکمراں جماعت کی سیاسی قیادت کا اجلاس آج وزیر اعظم ہاوَس اسلام اباد میں ہوگا ، اجلاس میں وفاقی وزراء ، جن میں وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر ، وزیر دفاع پرویز خٹک ، وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری ، پارلیمانی امور کے مشیر ڈاکٹر بابر اعوان بھی شریک ہوں گے ، وزیراعظم کی طرف سے طلب کیے گئے اس ہم اجلاس میں وفاقی وزیر شبلی فراز سمیت دیگر کو بھی شرتک کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس ضمن میں بتایا گیا ہے کہ حکمران جماعت کی اہم قیادت کے اس اہم اجلاس میں اپوزیشن کی تحریک سے نمٹنے اور ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی میں کمی کرنے کے حوالے سے اہم فیصلوں کا بھی امکان ہے ، حکومتی اجلاس میں اپوزیشن کے بیانیے کا جواب دینے کے لیے حکومت کی حکمت عملی بھی طے کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں نیب کیسز ، حکومت کی تیاریوں ، اگلے سال مارچ میں ہونے والے سینیٹ کے الیکشن اور حکومت کی طرف سے کی جانے والی قانون سازی پر بھی مشاورت ہوگی ، اس کے علاوہ حالیہ انتخابات مین کامیاب ہونے والے نئے امریکی صدر جوزف بائیڈن کی جیت اور اس پر پاکستان کے موقف کےحوالے سے بات چیت بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہے۔





































