موجودہ حکومت کوآئینی اورجمہوری نہیں مانتے ، اسمبلیوں کے ذریعے سینیٹ کے الیکشن ہوئے تو وہ جعلی ہوں گے ، 13 دسمبر کا دن تاریخی ہوگا اگر حکومت نے ایک راستہ روکا تو دوسرا راستہ بنانا ہے ، پی ڈی ایم سربراہ کی میڈیا سے گفتگو
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم سب عمران خان اور ان کے سہولت کاروں کو گھر بھیجنے کے لیے نکلے ہیں ، ہم سب ایک پیج اور ایک سٹیج پر ہیں ، پیپلز پارٹی کی سیاست بھی سڑکوں پر ہی شروع ہوئی تھی ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں کے ذریعے اگر سینیٹ الیکشن ہوا تو وہ جعلی ہوگا ، ہم آئینی ماہرین سے بھی مشاورت کر رہے ہیں ، اس سلسلے میں بیرسٹر اعتزاز احسن کا بھی موقف لیں گے تاہم پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ جلسے بھی کریں گے اور استعفوں کا بھی کہا تھا کیوں کہ حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے ہر ہتھیار استعمال کرنے کو تیار ہیں۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے بھی میڈیا سے گفتگو میں جس میں انہوں نے کہا کہ ہمارے منصوبوں پر ہی یہ تختیاں لگا رہے ہیں، انہوں نے تو ابھی تک ایک اینٹ نہیں لگائی ، اس حکومت کے خاتمے کیلئے پارٹی قیادت کے پاس استعفے جمع کیے جائیں گے۔ قبل ازیں اپوزیشن اتحاد کی حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں استعفوں کے معاملے پر پیپلزپارٹی اور ن لیگ نے اپنے موقف سے پی ڈی ایم سربراہ کو آگاہ کردیا۔ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی اور ن لیگ کا موقف سننے کے بعد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مزید بات چیت پر زور دیا جس پر پی ڈی ایم قیادت کا استعفوں کے معاملے پر مزید مشاورت اور ملاقاتوں پر اتفاق ہوگیا ، بتایا گیا ہے کہ اسمبلیوں سے استعفوں کے معاملے پر پی ڈی ایم کی طرف سے جلد دوبارہ اہم بیٹھک ہوگی۔