جاپان کے مشرقی ساحلی علاقے فکوشیما میں 7.3 شدت کا زلزلہ آیا۔
غیر ملکی ایجنسی کے مطابق جاپان میں 7.3 شدت کے زلزلے سے مشرقی ساحلی علاقہ لرز اٹھا جس کے نتیجے میں 150کے قریب افراد زخمی اور درجنوں عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا۔
زلزلے میں کسی ہلاکت کی اطلاع موصول نہیں ہوئی اور اس کے نتیجے میں سونامی بھی نہیں آیا جبکہ فکوشیما میں موجود جوہری پلانٹس کو بھی اس سے کسی قسم کا نقصان نہیں پہنچا۔
خیال رہےکہ 2011 میں اسی علاقے میں 9 ریکٹر اسکیل شدت کے زلزلے اور سونامی سے20 ہزار افراد ہلاک ہوئے تھے۔
واضح رہے کہ جاپان میں اکثر زلزلے کے جھٹکے آتے رہتے ہیں کیونکہ یہ خطے میں زلزلے کی پٹی پر واقع ہے اور یہی وجہ ہے کہ جاپان میں تعمیرات کے لیے سخت معیارات لاگو ہیں تاکہ عمارت زلزلے کے جھٹکے برداشت کر سکے۔