وفاقی وزیر منصوبہ بندی اور نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ اسد عمر نے جولائی کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر سامنے آنے کا خدشہ ظاہر کردیا۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ آج این سی او سی کے اجلاس میں مصنوعی ذہانت کی بنیاد پر وبا کی ماڈلنگ کا تجزیہ کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) کے نفاذ اور جاری مضبوط ویکسینیشن پروگرام کی عدم موجودگی میں جولائی کے دوران پاکستان میں وبا کی چوتھی لہر پھیل سکتی ہے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ برائے مہربانی کورونا سے بچاؤ کے لیے ایس او پیز پر عمل کریں اور جتنی جلد ممکن ہو ویکسن لگوائیں۔
خیال رہے کہ پاکستان میں اب تک عالمی وبا کورونا وائرس کی 3 لہریں آچکی ہیں اور تیسری لہر کے دوران 17 اپریل کو کووِڈ کیسز اپنے عروج پر پہنچے تھے۔
پاکستان میں اب تک 9 لاکھ 52 ہزار 907 افراد کے کورونا سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 22 ہزار 152 جان کی بازی ہار گئے جبکہ 8 لاکھ 97 ہزار 834 صحتیاب ہونے میں کامیاب رہے۔
دوسری جانب ملک میں ویکسنیشن کا عمل کچھ روز قبل سست پڑ جانے کے باوجود دوبارہ رفتار پکڑ چکا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3 لاکھ 37 ہزا 747 افراد کو ویکسین لگائی گئی۔
مجموعی طور پر پاکستان بھر میں اب تک کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسینز کی ایک کروڑ 45 لاکھ 3 ہزار 136 خوراکیں لگائی جاچکی ہیں۔