سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت میں انڈین سیکیورٹی فورس کے بنکر پر گرنیڈ حملہ کیا گیا ہے جس میں 5 افراد شدید زخمی ہونے کے باعث ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سری نگر میں اسپیشل سروس بیورو کے بنکر پر گرنیڈ حملہ کیا گیا ہے۔ حملے سے علاقہ لرز اُٹھا، آس پاس کی عمارتوں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔
گرنیڈ حملے پر انڈین سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی دوڑیں لگ گئیں اور مزید نفری طلب کرکے علاقے کا محاصرہ کرلیا گیا تاہم حملہ آور بآسانی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ڈی آئی جی سینٹرل ریزرو پولیس فورس کشور پرساد نے میڈیا کو بتایا کہ بنکر پر گرنیڈ حملہ دوپہر کے وقت کیا گیا جس میں اہلکار محفوظ رہے تاہم 4 شہری زخمی ہیں جنھیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
مہاراجہ ہری سنگھ اسپتال کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گرنیڈ حملے میں زخمی ہونے والے 5 افراد کو لایا گیا ہے جن میں سے 3 کی حالت نازک ہونے کے باعث ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
تاحال کسی گروپ نے حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم مودی سرکار کے 5 اگست 2019 کو کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے سیاہ اقدام کے بعد سے چپے چپے پر بھارتی فوج کے اہلکاروں کی تعیناتی کے باوجود گرنیڈ حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔