گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وفاقی وزیر اطلاعات فواہد چوہدری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایات کے مطابق لیجنڈری اداکار عمر شریف کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا۔
سندھ کے دارالحکومت کراچی کے آغا خان ہسپتال میں عمر شریف کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ وہ وزیر اعظم کی ہدایت پر ہی اداکار کی عیادت کرنے آئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ عمر شریف کا 11 ستمبر کو ہسپتال میں ڈائلاسز بھی ہوا ہے اور ان کے علاج کے لیے وزیر اعظم کے مشیر صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کی سربراہی میں میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جو اداکار کے علاج سے متعلق فیصلہ کرے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وفاقی حکومت عمر شریف کے علاج کے تمام اخراجات اور انتظامات کرے گی۔
انہوں نے عمر شریف کو ملک و قوم کا اثاثہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اداکار نے ماضی میں وزیر اعظم عمران خان کے شوکت خانم ہسپتال کی فنڈ ریزنگ میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
گورنر سندھ نے یہ بھی کہا کہ وہ وفاقی حکومت سے لیجنڈری اداکاروں کی فلاح و بہبود کے لیے فنڈز کو مختص کرکے لیجنڈری ٹرسٹ ادارے کو فعال کرنے کی بات بھی کریں گے۔
میڈیا سے بات کرتے وقت چوہدری فواد نے بتایا کہ وزیر اعظم کی ہدایات پر ہی ڈاکٹر فیصل سلطان اور عمر شریف کے معالج ڈاکٹر یاور کی سربراہی میں میڈیکل بورڈ تشکیل دیا گیا ہے جو اداکار کے علاج سے متعلق فیصلہ کرے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ جو فیصلہ میڈیکل بورڈ کرے گا، حکومت اس پر عمل درآمد کرے گی اور عمر شریف کے علاج کے لیے کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ دل کے عارضے کا علاج پاکستان میں بھی ممکن ہے مگر جو فیصلہ میڈیکل بورڈ کرے گا، اس پر ہی عمل کیا جائے گا۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بیرون ملک کا ویزا جاری کرنا یا ایئر ایمبولینس فراہم کرنا مسئلہ نہیں ہے لیکن میڈیکل بورڈ پہلے یہ دیکھے گا کہ عمر شریف بیرون ملک سفر کرنے کی حالت میں ہیں یا نہیں؟
چوہدری فواد حسین کے مطابق میڈیکل بورڈ عمر شریف کی صحت، حالت اور بیرون ملک سفر کرنے کی طاقت کو دیکھتے ہوئے جو بھی فیصلہ کرے گا، اس پر عمل کیا جائے گا۔
اسی دوران گورنر سندھ عمران اسماعیل نے ایک بار پھر واضح کیا کہ حکومت میڈیکل بورڈ کی تجاویز پر عمر شریف کو ایئر ایمبولینس فراہم کرنے سمیت امریکا و جرمنی کے علاوہ دیگر ممالک میں بھی علاج کے لیے بھیجے گی۔
خیال رہے کہ عمر شریف گزشتہ کچھ عرصے سے علیل ہیں اور ابتدائی طور پر ان کے اہل خانہ نے ان کی علالت کی خبروں کو تسلیم نہیں کیا تھا۔
گزشتہ ماہ اگست کے اختتام پر عمر شریف کی سوشل میڈیا پر بیماری کی تصاویر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد ابتدائی طور پر ان کے اہل خانہ نے ان کے علیل ہونے کی خبروں کو غلط قرار دیا تھا۔
بعد ازاں ان کے اہل خانہ نے تسلیم کیا کہ عمر شریف علیل ہیں اور دل کے عارضے میں مبتلا ہیں، ساتھ ہی اداکار کے خاندان نے حکومت سے بیرون ملک علاج کے لیے مدد بھی مانگی تھی۔
دو دن قبل عمر شریف نے ایک ویڈیو بھی جاری کی تھی، جس میں انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے بیرون ملک علاج کروانے سے متعلق مدد مانگی تھی۔
بعد ازاں اداکار کے اہل خانہ نے واضح کیا تھا کہ انہوں نے حکومت سے مالی مدد نہیں مانگی بلکہ انہوں نے حکومت سے جلد سے جلد بیرون ملک کا ویزہ جاری کرنے اور ایئر ایمبولینس کا بندوبست کرنے سے متعلق مدد مانگی ہے۔
اہل خانہ اور اداکار کی جانب سے اپیل کیے جانے کے بعد متعدد شوبز و اسپورٹس شخصیات سمیت بھارتی شوبز شخصیات نے بھی وزیر اعظم عمران خان سے عمر شریف کی مدد کرنے کی اپیل کی تھی۔
اداکار اور اہل خانہ سمیت دیگر شخصیات کی جانب سے اپیل کیے جانے کے بعد وزیر اعظم کی ہدایات پر ہی چوہدری فواد اور عمران اسماعیل نے 11 ستمبر کی شام کو عمر شریف کی عیادت کی، جس کے بعد انہوں نے اداکار کے علاج سے متعلق میڈیکل بورڈ کے قیام کی تصدیق کی۔