ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ پاکستان کا دورہ کرے گی جس کا شیڈول جاری کردیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق ویسٹ انڈیز اور پاکستان کی ویمنز ٹیموں کے درمیان 3 ون ڈے 8، 11 اور 14 نومبر کو کراچی میں ہوں گے۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ سیریز کیلئے ویسٹ انڈیز کی ٹیم یکم نومبر کو کراچی پہنچے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئر مین رمیز راجہ کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم کا پاکستان آنا خوش آئند ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین ٹیم کے بعد ویسٹ انڈیز کی مینز ٹیم بھی پاکستان آئے گی۔
دوسری جانب ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائرز اور ویسٹ انڈیز سے سیریز کیلئے پاکستان ویمنز ٹیم کا اعلان کردیا گیا ہے۔
18 رکنی پاکستان ویمنز ٹیم کی قیادت جویریہ خان کریں گی۔
پاکستان ویمن ٹیم میں جویریہ خان کے علاوہ ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ ،فاطمہ ثنا، ارم جاوید، کائنات امتیاز، ماہم طارق، منیبہ علی، نشرہ سندھو، ندا ڈار اور عمیمہ سہیل شامل ہیں۔
اس کے علاوہ رامین شمیم، سعدیہ اقبال، سدرا امین اور سدرا نواز کو بھی پاکستان ویمنز اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائرز 21 نومبر سے زمبابوے میں ہوں گے۔