تاریخ میں جب جب سنہ 2020 کا ذکر آئے گا تو کورونا کی وبا کا ذکر بھی ضرور آئے گا۔
کورونا کا ذکر آتے ہی انڈیا میں آنکھوں کے سامنے علاج کے لیے تڑپتے لوگوں، ایمبولینسز کے شور، شمشان گھاٹوں سے اٹھتے دھویں، آکسیجن سلنڈروں کے لیے بھاگ دوڑ اور ایک شہر سے دوسرے شہر پیدل جانے والے مزدوروں کی تصویریں ابھرتی ہیں۔
مزدوروں کو بھوک کے ساتھ ساتھ بیماری کے دوہرے عذاب کا بھی سامنا تھا۔
اب نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو (این سی آر بی) نے سنہ 2020 کی ‘حادثاتی اموات اور خودکشی’ کی رپورٹ جاری کی ہے، جس سے پتا چلتا ہے کہ سنہ 2020 میں سب سے زیادہ یومیہ اجرت والے مزدوروں نے خودکشی کی ہے۔
مزدوروں پر کورونا کے اثرات؟
این سی آر بی کے اعداد و شمار کے مطابق انڈیا میں گذشتہ سال تقریباً 1 لاکھ 53 ہزار لوگوں نے خودکشی کی، جن میں سے تقریباً 37 ہزار یومیہ اجرت والے مزدور تھے۔ خودکشی کرنے والوں میں تمل ناڈو کے سب سے زیادہ مزدور تھے۔ اس کے بعد مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، تلنگانہ اور گجرات کے مزدوروں کی تعداد ہے۔
تاہم اس رپورٹ میں محنت کشوں کی خودکشی کی وجوہات کے ذیل میں کورونا کی وبا کا ذکر نہیں ہے۔
لیکن مارچ کے آخر میں انڈیا میں مکمل لاک ڈاؤن کے بعد، ہر کسی نے مزدوروں کی بڑے پیمانے پر نقل مکانی اور ہجرت کی تصویریں دیکھی تھیں۔
نہ جانے کتنے ہی بھوکے پیاسے لوگ پیدل اپنے گاؤں کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
کچھ ریاستی حکومتوں نے دوسری ریاستوں میں کام کرنے والے اپنے لوگوں کے لیے ٹرینوں اور بسوں کا بھی انتظام کیا تھا۔ مرکزی حکومت نے غریبوں میں مفت راشن تقسیم کرنے کا بھی اعلان کیا تھا۔ لیکن محنت کشوں کے مصائب، پریشانی اور فاقہ کشی کے وسیع مسائل کے سامنے یہ کوششیں ناکافی تھیں۔
انڈیا میں سنہ 2017 سے ہر سال خودکشی کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا آرہا ہے۔ سنہ 2020 میں گذشتہ سال سنہ 2019 کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
خودکشی کے واقعات میں اسکولی طلبہ کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا گیا ہے۔