اسلام آباد‘ راولپنڈی‘ لاہور (نیوز ایجنسیاں) فلورملزایسوسی ایشن کی جانب سے اسلام آباد، راولپنڈی میں ہڑتال آج (پیر کو) ہو گی جبکہ پنجاب میں کل (منگل کو )ہو گی، آٹے کے بحران کا خدشہ پیدا ہوگیا ۔فلورملز ایسوسی ایشن نے آج ( پیرکو) راولپنڈی اوراسلام آباد میں جبکہ کل( منگل کو) پنجاب بھر میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔فلورملزنے جنوبی پنجاب کے سرکاری گوداموں سے گندم نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جنوبی پنجاب سے گندم اٹھانے سے آٹے کے تھیلے کی لاگت 85 روپے بڑھ جائے گی۔پنجاب حکومت نے فلورملز پر مصنوعی بحران پیدا کرنے کا الزام لگایا ہے۔ محکمہ خوراک نے کہا ہے کہ ملز نے سرپلس اضلاع سے گندم کا پچیس فیصد کوٹہ اٹھانا ہوتا ہے۔فلور ملز ایسوسی ایشن نے دعویٰ کیا ہے کہ محکمہ خوراک نے گندم کی فراہمی روک دی جس کے باعث راولپنڈی اور اسلام آباد میں گندم کے سنگین بحران کا خطرہ ہے جو پورے صوبے میں پھیل جائے گا۔محکمہ خوراک پنجاب نے کہا کہ صوبے میں گندم کی قلت نہیں ، چند مل مالکان مصنوعی بحران پیدا کرنا چاہتے ہیں۔
دوسری جانب وزارت پٹرولیم اور سوئی ناردرن گیس کمپنی نے گیس فراہمی کے حوالے سے نئی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ ذرایع کے مطابق وزارت اور گیس کمپنیوں نے نیا گیس شیڈول تشکیل دے دیا، 24 گھنٹے میں سے اب صرف روزانہ چند گھنٹے گیس مل سکے گی، گھریلو صارفین کو صبح ساڑھے5بجے سے ساڑھے8بجے تک گیس ملے گی۔ اس طرح دن ساڑھے11بجے سے دوپہر2بجے تک گیس ملے گی، شام 4سے رات 10بجے تک گیس آئے گی، گیس فراہمی کے شیڈول کا نفاذ دسمبر سے فروری تک ہوگا۔ صدر لاہور چیمبر نعمان کبیر نے گیس فراہمی شیڈول کو مسترد کردیا اور کہا گیس فراہمی کا یہ شیڈول صارفین سے ظلم ہوگا، گیس کی فراہمی میں ناکامی کے ذمہ داران کا تعین کیا جائے۔ نعمان کبیر کا کہنا تھا کہ متبادل فیول ایل پی جی کوئلہ تیل پہلے ہی مہنگے ہیں، گیس عدم فراہمی سے صنعتی پہیہ رک جائے گا، وزیر اعظم گیس فراہمی کی اس صورت حال کا نوٹس لیں۔