وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سمندرپار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کا بل منظور ہونے پر عوام اور اوورسیزپاکستانیوں کو مبارکباد دیتے ہیں اب 90لاکھ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹنگ کا حق مل جائے گا۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا کہ پوری کوشش کی انتخابی اصلاحات پر اپوزیشن سےاتفاق رائے ہو جائے لیکن بدقسمتی سے اپوزیشن کا رویہ منفی رہا، نوازشریف اینڈ کمپنی نے کرکٹ بھی اپنے امپائرز کے بغیر نہیں کھیلی، مارشل لاکی گود میں پرورش پانے والوں کی سیاست ہمیشہ دوسروں کے کندھوں پر رہی آج ایک بار پھر ثابت ہوگیا پی ٹی آئی ملک کی بڑی جماعت ہے۔
فواد چودھری نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد لانے کی کوشش کرنے والوں کی آج آنکھیں کھل جانی چاہئیں اپوزیشن میں قیادت کا انحطاط ہےتمام سیاسی بونےہیں تمام سیاسی بونے پی ڈی ایم میں جمع ہیں اپوزیشن مایوسی کےعالم میں ہے ان کی مایوسی میں مزیداضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آزادانہ اور شفاف انتخابات کیلئے جو ریت رکھی ہے اس سے فائدہ ہو گا، اپوزیشن نے پہلے سال زور لگایا ہمیں نہیں نکال سکے، اپوزیشن نے دوسرے سال بھی ہمیں نکالنے کا زورلگایا ناکام رہے، تیسرے سال بھی ہمیں نکالنے کا زور لگایا ناکام رہے اپوزیشن کوصرف اتنا کہتاہوں تھکے ہوئے پہلوانوں کاکام نہیں۔