لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں آڈیٹر جنرل آف پاکستان محمد اجمل گوندل نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مالیاتی امور میں شفافیت حکومت پنجاب کا طرہ امتیاز ہے۔ ترقیاتی منصوبوں میں مالیاتی ڈسپلن نافذ کرنے سے کروڑو ں روپے بچائے ہیں۔پنجاب کے ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت پر کوئی انگلی نہیں اٹھا سکتا ۔مالیاتی امور میں پنجاب حکومت کی شفافیت دوسرے صوبوں کے لئے قابل تقلید ہے۔صوبے کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ پیش کرنے کا اعزاز پی ٹی آئی حکومت کو حاصل ہے -فنڈز کے بروقت اور صحیح استعمال کو یقینی بنانے کے لئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کررہے ہیں -ترقیاتی منصوبوں میں اعلیٰ معیار اور فنڈز کے بروقت استعمال کویقینی بنانے کے لئے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کانظام متعارف کرایا ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی وزیر انسانی حقوق و اقلیتی امور اعجاز عالم اور رکن پنجاب اسمبلی یوڈیسٹر چوہان(Youdhister Chohan ) نے ملاقات کی-وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے یوڈیسٹر چوہان کورکن پنجاب اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباددی اور کہاکہ اقلیتی برادری نے پاکستان کی تعمیر وترقی میں بھرپور کردار ادا کیاہے-اقلیتی برادری کو پاکستان میں برابر کے حقوق حاصل ہیں-اقلیتی برادری کیلئے ملازمتوں کے مختص 5 فیصد کوٹے پر 100فیصد عملدرآمد کرانے کےلئے ہدایات جاری کر دی ہیں-اقلیتی برادری کی فلاح وبہبود کیلئے رواں مالی سال 2ارب 50کروڑ روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔تاریخ میں پہلی بار اقلیتوں کیلئے ہائرایجوکیشن میں 2فیصد کوٹہ مقر ر کیا ہے اور2فیصد کوٹہ سے اقلیتی طلبہ پربہترین کالجوں او ریونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھل گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ سابق دور میں اقلیتی برادری کی فلاح کے لئے عملی طورپر کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا-پنجاب کے 40 محکموں میں مینارٹی سیل بنا کر فوکل پرسن مقرر کئے ہیں۔144 تحصیلوں، 36 اضلاع اور 9 ڈویژن میں بھی مینارٹی سیل قائم کر کے فوکل پرسن تعینات کر دیئے ہیں اوراس اقدام سے نچلی سطح پر اقلیتی برادری سے متعلقہ ایشوز کو حل کرنے میں مدد ملے گی-