اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم وفنی تربیت میں انکشاف ہواہے کہ اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کے ہوسٹل میں رہنے والی طالبات کے ساتھ اجتماعی زیادتی ہوئی ہے مگر یونیورسٹی معاملہ دبارہی ہے رکن کمیٹی حامد حمیدنے آئندہ کمیٹی اجلاس میں معاملے کے شواہد پیش کرنے کاعندیہ دے دیا۔ کمیٹی نے اجلاس میںنہ آنے پر وائس چانسلر اسلامی یونیورسٹی بہاولپور کوسمن کرنے کافیصلہ کرتے ہوئے وائس چانسلرکو دفتری کام سے روکنے کی ہدایت کردی۔ کمیٹی نے اسلام آباد یمن یونیورسٹی بل اور انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ آف سائنس آرٹس اینڈ ٹیکنالوجی پاس کرد یئے ،کمیٹی نے ہائیرایجوکیشن کمیشن کی کارکردگی پر مہناز اکبر عزیز کی سربراہی میں سب کمیٹی بنادی۔منگل کوقومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے تعلیم وفنی تربیت کااجلاس چیئرمین میاں نجیب الدین اویسی کی سربراہی میں قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد میں ہوا۔اجلاس میںلوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے تحت اسلام آباد کے تعلیمی اداروں کو میونسپل کارپوریشن ک ماتحت کرنے کا معاملے اٹھاتے ہوئے رکن کمیٹی مہناز اکبر عزیز نے کہاکہ کئی اساتذہ آج سے احتجاج پر چلے گئے۔ علی نواز اعوان نے کہاکہ یہ قدم ایک بہتر مستقبل کا جانب ایک کوشش ہے، پہلے آرڈیننس پڑھ تو لیں پھر دیکھیں،ملازمین کی مراعات اور تنخواہیں وہی رہیں گی۔مہناز اکبر عزیز نے کہاکہ اگر ایسا ہے تو پھر مس انفارمیشن کو روکنا چاہئے۔ وائس چانسلر اسلامی یونیورسٹی بہاولپور کی اجلاس میں عدم موجودگی پر کمیٹی نے شدید برہمی کااظہارکیا۔کمیٹی رکن فاروق اعظم ملک نے کہاکہ اسلامی یونیورسٹی بہاولپور میں7ارب کی بے ظابطگیوں کا معاملہ ہے، 10 ہزار طلبا ءکی حد تھی لیکن اس نے 60 ہزار بچوں کو داخلہ دے دیا وی سی کمیٹی میں نہیںآتا تو اس کو کو گرفتار کرنا چاہیے۔کمیٹی رکن صداقت عباسی نے کہاکہ وی سی کوایک ہفتہ کا وقت ملنا چاہئے جس پر رکن کمیٹی فاروق اعظم ملک نے کمیٹی میںشدید احتجاج کیا۔ کمیٹی رکن مہناز اکبر عزیز نے کہاکہ یہ مسئلہ آج سے نہیں تین ماہ سے ہے، یہ مسئلہ تقریبا ہر یونیورسٹی کا ہے۔کمیٹی رکن علی نواز اعوان نے کہاکہ وی سی اپنے آپ کو وزیر اعظم کے عہدے کے برابر سمجھتے ہیں، وی سی یا یہاں موجود یونیورسٹی کے نمائندے کو تین دن کے لئے جیل بھیجیں۔کمیٹی رکن عندلیب عباس نے کہاکہ ایسے افراد کو لٹکایا جانا چاہیے،یہ تضحیک آمیز رویہ ہے۔مہناز اکبر عزیز نے کہاکہ وی سی کمیٹی اراکین کو فون کر کے کہتے رہے ہیں کہ معاملہ ختم کردیں،ان کو سمن کیا جانا چاہیے اور دفتری کام سے بھی روکا جائے،کمیٹی کا وائس چانسلر اسلامی یونیورسٹی بہاولپور کی عدم حاضری پرشدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے وائس چانسلربہالپور یونیورسٹی کے سمن جاری کرنے کافیصلہ کرتے ہوئے کہاکہ جب تک وی سی بہاولپوریونیورسٹی کو کمیٹی میں لایا نہیں جاتا تب تک کسی بھی قسم کی تدریسی و غیر تدریس سرگرمی وی سی نہیں کریں گے۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کی طالبات کے ساتھاجتماعی زیادتی کا انکشاف کرتے ہوئے کمیٹی رکن حامد حمید نے کہاکہ ہاسٹل میں مقیم طالبات ہاسٹل کا وقت ختم ہونے کے بعد باہر نکلتی ہیں،یونیورسٹی اس معاملہ کو چھپانے کی کوشش کر رہی ہے،طالبات کے ساتھ اجتماعی زیادتی ہوئی، میں یہ معاملہ اگلے اجلاس میں بھی لے کر آﺅں گا ۔مہناز اکبر عزیز نے کہاکہ یونیورسٹیوں کے حالات خراب ہیں نارووال یونیورسٹی میں 22 نومبر سے احتجاج جاری ہے اور تدریسی عمل بھی رکا ہوا ہوا ہے، ابھی تحقیقات نہیں ہوئیں تو اتنے مسئلے ہیں، جب ہونگی تو کیا ہوگا۔وائس چانسلر قائد اعظم یونیورسٹی نے کمیٹی کوبتایاکہ یونیورسٹی میں 40 فیصد طلبا سکالرشپ پر تعلیم حاصل کر رہے ہیںیونیورسٹی میں تمام معذور طلبا مفت تعلیم حاصل کر رہے ہیںیونیورسٹی میں تین نئے ہاسٹل بنانے جا رہے ہیں۔پاکستان ہنگری سکالرشپ پروگرام کا معاملہ پر مہناز اکبر عزیز نے کہاکہ ہائر ایجوکیشن کمیشن سکالرشپس کے معاملہ پر خاطر خواہ کام نہیں کر رہی،ہنگری کی کاوشوں کو سراہنا چاہئیے۔علی نواز اعوان نے کہاکہ ہنگری کی حکومت سکالرشپس کا نمبر بڑھانے میں دلچسپی رکھتی ہے۔کمیٹی نے ایچ ای سی کی کارکردگی پر سب کمیٹی تشکیل دے دی۔کمیٹی کی کنوینر مہناز اکبر عزیز ہونگی کمیٹی ایچ ای سی کے زیر انتظام یونیورسٹیوں کے معاملات دیکھے گی۔