اسلام آباد (ویب ڈیسک ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گندم، یوریا، چینی، آٹا، پٹرول سمیت دیگر اشیا کی سمگلنگ پر قابو پانے اور منی لانڈرنگ کو روکنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں، سمگلنگ کی وجہ سے مصنوعی قلت پیدا ہوتی ہے اور مہنگائی بڑھتی ہے۔وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت سمگلنگ اور منی لانڈرنگ کی روم تھام کے اقدامات پر جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراءشیخ رشید ، حماد اظہر، مخدوم خسرو بختیار، سید فخر امام، اسد عمر، مشیر خزانہ شوکت ترین، مشیر تجارت عبد الرزاق داد، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر، چیئر مین ایف بی آر اور سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی۔اجلاس کے دوران وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایف آئی آے نے ڈالر کی منی لانڈرنگ اور غیر قانونی ہولڈنگ کے خلاف وسیع تحقیقات کی ہیں، بارڈر کراسنگز پر افرادی قوت بڑھائی جا رہی ہے، پٹرول کی سمگلنگ کو روکنے، ذخیرہ اندوزوں کیخلاف آپریشن میں کامیابی حاصل ہوئی۔وزیراعظم عمران خان نے گندم، یوریا، چینی، آٹا، پٹرول سمیت دیگر اشیا کی سمگلنگ پر قابو پانے اور منی لانڈرنگ کو روکنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ عمران خان نے کہاکہ سمگلنگ کی وجہ سے ملک کی معیشت کو شدید نقصان پہنچتا ہے،سمگلنگ اور منی لانڈرنگ کی روک تھام کے لیے ہنگامی اقدامات کئے جائیں، اقدامات کا مقصد عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ اشیا ضروریہ کی قیمتوں میں فرق سمگلنگ کی وجہ بنتی ہے۔ سمگلنگ کی وجہ سے مصنوعی قلت پیدا ہوتی ہے جس کی وجہ سے قیمتیں بڑھ جاتی ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے اہم ملاقات کی جس میں بلوچستان کی ترقی اور سائل کے فوری حل سے متعلق امورپر گفتگو کی گئی ۔ بدھ کو ہونے والی ملاقات میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بھی ملاقات میں موجود تھے ۔ملاقات میں بلوچستان کی ترقی اور مسائل کے فوری حل سے متعلق امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی ۔وزیراعلی کی وزیراعظم سے موسم سرما میں صوبے کو بلا تعطل گیس اور بجلی کی فراہمی کی درخواست کی گئی ۔وزیراعظم نے وزارت توانائی کو بلوچستان کو گیس اور بجلی کی فراہمی کےلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی ۔ملاقات میں جنوبی بلوچستان پیکج پر عملدرآمد پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ملاقات میں پیکج پر تیز تر عملدرآمد کیلے فنڈز کے فوری اجراءسے اتفاق کیاگیا ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ کراچی،چمن شاہراہ کی تعمیر کا منصوبہ وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے،گوادر میں پانی اور بجلی کے ترقیاتی منصوبوں کےلئے وفاقی حکومت بھرپور معاونت کریگی۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیاکہ جنوبی بلوچستان پیکیج کی طرز پر شمالی بلوچستان پیکج کا بھی جلد اعلان کیا جائیگا۔وزیراعلی بلوچستان نے صوبے کی ترقی کے لئے عملی اقدامات پر وزیراعظم سے اظہار تشکر کیا گیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے حکومتی اراکین کی فہرست پر نظرثانی کا فیصلہ کیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پبلک اکاﺅنٹس کمیٹی کے اراکین کی تفصیلات طلب کر لیں۔