چیئرمین پیمرا کا لائسنس معطل کرنے کا اختیار غیر قانونی قرار

سندھ ہائیکورٹ نے چیئرمین پیمرا کا ٹی وی چینل کا لائسنس معطل کرنے کا اختیار غیر قانونی قرار دے دیا۔

چیئرمین پیمرا کی جانب سے ٹی وی چینل کا لائسنس معطل کرنے کے اختیارات سے متعلق کیس میں سندھ ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ 24 اپریل 2001 کو ہونے والے پیمرا اجلاس کی کارروائی غیر قانونی تھی۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کے نتیجے میں اٹھائے گئے اقدامات بھی غیر قانونی تصور ہوں گے۔

سندھ ہائیکورٹ کا اپنے فیصلے میں کہنا تھا کہ پیمرا آرڈیننس کی سیکشن 30 کے تحت ٹی وی چینل کا لائسنس معطل کرنے کا اختیار چیئرمین پیمرا یا کسی افسر کو نہیں دیا جا سکتا۔

خیال رہے کہ پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن نے چیئرمین پیمرا کے اختیارات کو سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

اسلام آباد انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت فراہم کردی گئی

اسلام آباد انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کی سہولت فراہم کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی سی اے اے کی ہدایت پر نجی لیبارٹریز کو ایئرپورٹ پرکاونٹر قائم کرنے کی اجازت دی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اسلام آباد انٹر نیشنل ایئرپورٹ سے  2 پروازوں کے ذریعے جانے والے مسافروں کے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کئے گئے ہیں۔

اس ضمن میں سی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سے دبئی اور ابو ظہبی جانے والی ایمریٹس اور ایئر بلو کی پرواز کے تمام مسافروں کے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کئے گئے ہیں، مجموعی طور پر343 مسافروں  کے ریپڈ ٹیسٹ کرکے ان کی منزل مقصود کیلئے روانہ کیا گیا ہے۔

سی اے اے حکام نے مزید کہا ہے کہ مسافروں کو پرواز سے 5 گھنٹہ قبل ایئرپورٹ پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پاکستان افغانستان میں امن کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے، شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان افغانستان میں قیام امن کیلئے اپنی کاوشیں جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مشاورتی کونسل برائے امور خارجہ کے اجلاس کی صدرات کی، اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر،وفاقی وزیر خزانہ، شوکت ترین، مشیر تجارت رزاق داؤد، وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان ایمبیسڈر محمد صادق ،سیکرٹری خارجہ سہیل محمود، اسپیشل سیکرٹری رضا بشر تارڑ، ماہرین امور خارجہ،سابق خارجہ سیکرٹریز و سفراء اور دیگر اراکین کونسل کی شرکت کی ہے، دوران اجلاس افغانستان کی تیزی سے بگڑتی ہوئی صورتحال سمیت اہم سفارتی امور پر مشاورت کی گئی ہے اور دوران اجلاس پاکستان میں کورونا وبا کی موجودہ صورتحال، وبا کے معاشی مضمرات اور ان سے نمٹنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے بھی تفصیلی تبادلہ ء خیال ہوا ہے۔

اجلاس میں شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سمارٹ لاک ڈاؤن سمیت ہماری موثر حکمت عملی کی وجہ سے پاکستان میں کورونا وبا کے پھیلاؤ کی شرح میں بہت کمی آئی ہے، کورونا وبا کے معاشی مضمرات سے نمٹنے کیلئے تمام کاوشیں بروئے کار لا رہے ہیں،

وزیر خارجہ نے مزید کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں میں افغان سر زمین کا استعمال ہونا افسوسناک ہے، پاکستان،  خطے میں تعمیر و ترقی اور روابط کے فروغ کیلئے  قیام امن کو ناگزیر سمجھتا ہے، افغانستان میں اگر صورتحال مزید خراب ہوتی ہے تو پاکستان سب سے زیادہ متاثر ہو گا۔

جنوبی وزیرستان: فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان شہید، ایک دہشت گرد ہلاک

جنوبی وزیرستان میں مشتبہ دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری بیان کے مطابق 11 اور 12 اگست کی رات سراروغا میں فوجی چیک پوسٹ نے علاقے میں تین سے چار مشتبہ دہشت گردوں کی نقل و حمل کی نشاندہی کی۔

بیان میں کہا گیا کہ ‘مشتبہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے لیے فوری کوئیک ری ایکشن فورس علاقے میں بھیجی گئی جن پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی۔

فوجی جوانوں نے فائرنگ کا بھرپور جواب دیا جس کے نتیجے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔

دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے کے دوران مردان سے تعلق رکھنے والے نائیک ضیاالدین نے جام شہادت نوش کیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیرستان: دہشت گردوں کے حملوں میں دو فوجی جوان شہید

آئی ایس پی آر کے بعد مطابق گرفتار دہشت گرد نے بعد ازاں انکشاف کیا کہ انہوں نے فوجی پوسٹ پر حملے کا منصوبہ بنایا تھا۔

ترجمان نے کہا کہ پاک آرمی ملک سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور ہمارے بہادر فوجیوں کی قربانیوں سے ہمارا عزم اور مضبوط ہوگا۔

واضح رہے کہ 31 جولائی کو خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع جنوبی اور شمالی وزیرستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملوں میں 2 فوجی جوان شہید جبکہ 9 زخمی ہوگئے تھے۔

حکام کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں نے افغان سرحد کے قریب شمالی وزیرستان کے ضلعی علاقے شوال میں سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا، سیکیورٹی فورس کے ایک اہلکار نے جامِ شہادت نوش کیا جبکہ دو زخمی ہوئے۔

مزید پڑھیں: شمالی وزیرستان: دہشت گردوں کے حملے میں 3 جوان شہید

علاوہ ازیں سیکیورٹی فورسز کے اہلکار جنوبی وزیرستان کے دو اضلاع میں حملوں کی زد میں آئے جس میں ایک اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوئے۔

دہشت گردوں نے وانا میں واقع جنوبی وزیر ستان کے ہیڈ کوارٹر سے 30 کلو میٹر فاصلے پر تیارزہ میں قائم چیک پوسٹ پر حملہ کیا، دہشت گردوں نے چیک پوسٹ کو متعدد راکٹس سے نشانہ بنایا۔

ضلعی پولیس افسر شوکت علی نے تیارزہ میں حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملے میں ایک جوان شہید جبکہ 5 زخمی ہوئے ہیں۔

طالبان کا ایک ہفتے میں11 صوبوں پر قبضہ، غنی حکومت کا حصہ بننے سے انکار

کابل : (نیوز ایجنسیاں) افغان طالبان نے اہم صوبائی دارلحکومتوں پر قبضے کے بعد فوج کے ہیڈ کوارٹر سمیت مزید 2 ائیرپورٹس پر قبضہ کر لیا۔

طالبان نے افغانستان کے دوسرے اہم ترین شہر قندھار  پر بھی قبضہ کر لیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزنی اور ہرات مکمل طور  پر طالبان کے کنٹرول میں جا چکے ہیں جس کے بعد طالبان کے زیر قبضہ صوبوں کی تعداد 11 ہو گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق طالبان کی دارالحکومت کی جانب پیش قدمی تیزی سے جاری ہے اور طالبان کابل سے صرف 130 کلومیٹر دور  رہ گئے ہیں۔

امریکی انٹیلی جنس نےخدشہ ظاہر کیا ہے کہ کابل پر طالبان کا قبضہ صرف 3 ماہ کی کہانی رہ گیا ہے، دوسری جانب حملے روکنے کے لیے افغان حکومت نے طالبان کو اقتدار میں شراکت کی پیشکش کر دی ہے۔

ادھر قندوز حملے کی ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے جہاں ائیرپورٹ پر تعینات افغان فوج کی 217 پامیر کور نے مزاحمت کے بغیر طالبان کے آگے ہتھیار ڈالے جبکہ شبرغان ائیر پورٹ پہلے ہی طالبان کے کنٹرول میں جا چکا ہے۔

گلوکارہ نازیہ حسن کی موت پر اسرار بن گئی ،اشتیاق بیگ پر قتل کا الزام

لاہور (نیٹ نیوز) گلوکار زوہیب حسن نے انکشاف کیا ہے کہ نازیہ حسن کے سابق شوہر اشتیاق بیگنے انہیں زہر کھلایا اور برا سلوک کرتے رہے دوسری جانب سابق شوہر اشتیاق بیگ نے الزامات کو مسترد کردیا۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے زوہیب حسن نے کہا کہ نازیہ کے سابق شوہر اشتیاق بیگ نے گلوکارہ کو برطانیہ میں قیدی بنا کر رکھا اور ان سے برا سلوک کرتے تھے، اشتیاق بیگ نے نازیہ کو زہر آلود کھانا دیا اور یہ بات نازیہ نے مرنے سے قبل خود اسکاٹ لینڈ یارڈ کو بتائی۔

زوہیب حسن نے کہا کہ نازیہ حسن نے اشتیاق بیگ کے مظالم سے تنگ آکر طلاق لی، اشتیاق بیگ سے نازیہ کی شادی کروانا سب سے بڑی غلطی تھی۔

زوہیب کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں، اشتیاق بیگ

دوسری جانب اشتیاق بیگ نے نجی نیوز ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے گلوکار زوہیب حسن کے تمام الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ 21 سال بعد زوہیب حسن جو باتیں کر رہے ہیں ان میں کوئی صداقت نہیں۔

اشتیاق بیگ نے کہا کہ نازیہ حسن میری محبت تھی اور میں نے کینسر کے باوجود اس سے شادی کی، ہمارے درمیان مسائل تب شروع ہوئے جب نازیہ نے گلوکاری چھوڑ دی جس سے اس کے بھائی زوہیب کا کیریئر تباہ ہوا، نازیہ کے جانے کے 21 سال بعد بھی میں نے شادی نہیں کی۔

نازیہ حسن کے سابق شوہر نے کہا کہ اگر یہ تمام باتیں سچ تھیں تو آج 21 سال بعد انہیں کیوں خیال آیا؟ میرے پاس برطانیہ کا سرٹیفکیٹ موجود ہے جس میں صاف لکھا ہے کہ نازیہ کا انتقال کینسر کے باعث ہوا اور وہ اس وقت بھی میری اہلیہ تھیں۔

انہوں نے کہا کہ نازیہ اگر اولاد کی ضد نہ کرتیں تو شاید آج زندہ ہوتیں، میں پورے علاج کے دوران ان کے ساتھ رہا اور تمام اخراجات برداشت کیے، نازیہ کی وفات سے قبل بچے کی حوالگی کے لیے ان کے والد نے مجھ سے ایک ملین پاونڈ مانگے جس پر میں نے برطانوی عدالت سے رجوع کیا، میں بچے کی لندن میں پرورش کے لیے تیار نہ تھا لیکن نازیہ کی والدہ نے بچے کی پرورش کی ذمہ داری اٹھائی اور عدالت نے بچہ ان کے حوالے کر دیا۔

اشتیاق بیگ نے کہا کہ زوہب حسن عشرت العباد کے ایڈوائزر رہ چکے ہیں، انہیں 1 ملین پاؤنڈ نہیں ملے اس لیے مجھ پر الزامات لگائے جا رہے ہیں، میں ان سے بلیک میل ہونے والا نہیں، پاکستان آکر زوہیب کے الزامات کے خلاف عدالت سے رجوع کروں گا اور ان پر ایک ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ کروں گا۔

خیال رہے کہ پاکستان کی معروف پاپ گلوکارہ نازیہ حسن 2000ء میں 35 سال کی عمر میں کینسر جیسے موذی مرض کے سبب انتقال کر گئی تھیں۔

تحریک عدم اعتماد کا شوق ہے تو سینیٹ سے شروع کریں: شاہد خاقان عباسی

اسلام آباد : (این این آئی) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد سودے کے بغیر ممکن نہیں ہوسکتی، تحریک عدم اعتماد کا اگر شوق ہے تو سینیٹ سے شروع کریں۔پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر نے کہا کہ کراچی کے جلسے میں پی ڈی ایم میں شامل تمام جماعتیں شرکت کریں گی۔انکا کہنا تھا کہ صحافی لاپتہ ہونے لگیں تو بڑی تکلیف دہ بات ہے ۔

ہم پہلے دن سے کہہ رہے تھے کہ لاپتہ افراد کا معاملہ حل کرنے کی ضرورت ہے ، جمہوریت کے اندر لاپتہ افراد نہیں ہونے چاہئیں۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ سینیٹ میں پتہ چل جائے گا کہ تحریک عدم اعتماد کی حقیقت پاکستان میں کیا ہے ۔

جو ملک آئین کے مطابق نہیں چلتے وہاں تحریک عدم اعتماد بھی نہیں ہوتی۔ادھرمسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مریم نواز اپنے صاحبزادے کی تقریب نکاح میں شرکت نہیں کریں گی، انہوں نے کوئی درخواست دی ہے اور نہ ہی دیں گی۔اپنے ایک ٹویٹ میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران صاحب اور انکے ترجمانوں کے چہرے جھوٹ کی سیاہی سے کالے ہوچکے ہیں۔ زندگی، صحت اور بچوں پر سیاست کرنے والے قابل ترس ہیں۔

بھارت کا ریکارڈ ختم گوجرانوالہ کے طلباء نے 40 سیکنڈ میں 52040 پودے لگا کر عملی ریکارڈ قائم کر دیا

اس سے قبل بھارت نے ایک منٹ میں 37 پودے لگانے کا ریکاڈ بنا رکھا تھا ،پاکستان طلباء کا ریکارڈ قوم کیلئے آزادی تحفہ ثابت ہوگا

پورا شہر جوش و خروش سے قومی مہم میں شریک ہوا ،بزرگ،خواتین ،زعما،اساتزہ طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کرتے نظر آئے

گوجراوالہ ( بیورو رپورٹ) گوجرانوالہ کے پر جوش طلباء و طالبات نے بھارت کا ریکارڈ توڑ ڈالا صرف 40 سیکنڈ میں 52040 پو دے لگا کر گوجرانوالہ نے نیا عالمی ریکارڈ قائم کردیا قبل ازیں بھارت نیا یک منٹ میں 37 ہزار پودے لگانے کا ریکارڈ بنا رکھا تھا ، يوم آزادی سے صرف دو دن قبل بنایا جانے والا یہ ریکارڈ پوری قوم کیلئے آزادی کا خوب صورت تحفہ ثابت ہوا

جہانگیر ترین گروپ کے 6 ارکان کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا امکان

جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے کچھ ارکان 14اگست کے بعد سیاسی طور پر اپنی وفاداریاں ظاہر کریں گے

آئندہ سوموار کو پریس کانفرنس ہوسکتی ہے ،ترین نے گروپ ارکان کو اپنا فیصلہ کی اجازت دے دی :چینل 5 ذرائع

لاہور (شعیب بھٹی ) باخبر ذرائع نے روزنامہ خبریں /چینل فائیو کو بتایا ہے کہ ترین گروپ سے وابستہ ارکان اسمبلی اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لئے یوم آزادی گزرنے کا انتظار کر رہے ہیں اور یہ ارکان 14اگست کے بعد سیاسی طور پر اپنی وفاداریاں ظاہر کریں گے ۔ اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے کچھ ارکان اسمبلی گروپ سے رابطے میں موجود پاکستان پیپلز پارٹی کی بجائے دیگر سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے میں ہیں جن کی تعداد آٹھ سے زیادہ بتائی گئی ہے جبکہ پانچ سے چھ ارکان اسمبلی اس وقت پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت سے رابطے میں ہیں جن کے متعلق امکان ہے کہ وہ اگلے سوموار تک اس بارے میں پریس کانفرنس بھی کر سکتے ہیں ۔ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ جہانگیر ترین نے سیاست کے حوالے سے اپنے گروپ میں شامل تمام ايم این ایز اور ایم پی ایز کو واضح طور پر اجازت دے دی ہے کہ وہ اپنے مستقبل کا خود فیصلہ کر سکیں کیونکہ ان سے متعلق یہ بھی امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ وہ ملک سے باہر بھی جاسکتے ہیں

امریکہ کا سفارتی عملہ اور شہریوں کو نکالنے کیلئے کابل فوج بھیجنے کا فیصلہ

واشنگٹن : (نیٹ نیوز) امریکہ نے افغانستان سے سفارتی عملے کے انخلا کیلئے فوجی بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکا نے افغانستان سے اپنے سفارتی عملے اور شہریوں کو نکالنے کے لیے کابل ایئرپورٹ پر 3 ہزار فوجی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے

ذرائع کے مطابق امریکی فوجیوں کو افغانستان بھیجنے کا مقصد سفارتی عملے کا انخلا اور تحفظ ہے۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے فوجی بھیجنے کے حکم نامے پر دستخط کر دیئے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکی فوجی اہلکار برطانوی شہریوں کے انخلا میں بھی مدد کریں گے۔

اس کے علاوہ امریکی فوجیوں کی تعیناتی سے متعلق امریکی محکمہ خارجہ نے بھی تصدیق کردی ہے، امریکی فوجی اہلکار 24 سے 48 گھنٹے میں کابل ایئر پورٹ پر پہنچ جائیں گے۔

اس موقع پر برطانیہ نے بھی افغانستان سے سفارتی عملے کے انخلا کا اعلان کیا ہے۔

برطانوی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ سفارتی عملے کے محفوظ انخلا کے لیے 600 فوجی بھیجے جائیں گے۔