وزیراعظم عمران خان کی وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ملاقات

وزیراعظم عمران خان نےوزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے ملاقات کی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق لاہورمیں وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے ملاقات کی جس میں عثمان بزدار نے صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کیا ۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں پنجاب کے انتظامی امور، عوام کے ریلیف کے اقدامات، مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے تدارک کے لائحہ عمل اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت پر تفصیلی گفتگو ہوئی ہے۔

اس موقع پر عثمان بزدار نے وزیراعظم کو حکومت پنجاب کے انتظامی ڈھانچے کی بہتری کیلئے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا جن کو وزیرِ اعظم نے تسلی بخش قرار دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں محرم الحرام کے دوران ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنانے کے حوالے سے بھی وزیر اعلیٰ پنجاب نے  وزیر اعظم کو بریفنگ دی  اور  بھونگ میں مندر کی تعمیر اور اقلیتوں کے تحفظ کیلئے انتظامات کو مزید مستحکم کرنے کی حکمت عملی پر بھی بریفنگ دی ۔

  اس موقع پربلدیاتی و کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشنز کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی ۔

افغان حکومت بلیم گیم سے بازرہے، بےبنیاد الزامات مسترد کرتے ہیں:وزیرخارجہ

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان حکومت کو بلیم گیم سے باز رہنے کا مشورہ دیتے کہا ہے کہ وہ موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے تعمیری مذاکرات کرے۔ افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ افغانوں نے کرنا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ افغانستان میں امن واستحکام سب کی ذمہ داری ہے۔ امید پر دنیا قائم ناامید نہیں ہونا چاہیے، افغان بات چیت کامیاب ہوتی ہے تو سہرا افغان قیادت کو جائے گا، تاہم ناکامی کی صورت میں بھی افغان قیادت ذمہ دار ہوگی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں ناکامی کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوششیں جاری ہے، ایسے الزامات پر حیرانگی اور افسوس بھی ہوتا ہے۔ بارہا واضح کر چکے افغانستان میں ہمارا کوئی پسندیدہ فریق نہیں، افغان قیادت کے بے بنیاد الزامات مسترد کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے کچھ ملک کے لوگ اندر سے بھی ایسے الزام لگاتے ہیں۔ بھارت کی زبان بولنے والوں پر دکھ ہوتا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ سی پیک پر قومی اتفاق رائے موجود ہے۔ اس اہم قومی منصوبے کو نشانہ بنانے کی کوششں ہوتی رہتی ہیں۔ اقتصادی راہداری کو مشکلات کے باوجود آگے بڑھائیں گے، سی پیک پر کام جاری رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے ساتھ بات چیت کے لیے سفارتی میکنزم موجود ہے۔ اگر افغانستان کو بطور ہمسایہ کوئی مسئلہ درپیش ہے تو موجودہ میکنزم کے ذریعے اٹھایا جائے۔ پاکستان سمجھتا ہے کہ ایک دوسرے پر الزام تراشی کے بجائے پائیدار امن کے لیے آگے بڑھا جائے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان مسئلہ پر منہ پھیرنے کی نہیں بلکہ سر جوڑنے کی ضرورت ہے۔ افغان سفیر کی بیٹی کے اغوا کا جو تاثر دیا گیا وہ درست نہیں ہے۔ مجھے خدشہ ہے وہ یہ تسلیم نہیں کریں گے، یہ ایک لمبی کہانی ہے۔

’چین پاکستان کو رواں ہفتے ویکسین کی 60 لاکھ خوراکیں فراہم کرے گا‘

اسلام آباد: پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ کا کہنا ہے کہ چین پاکستان کو رواں ہفتے ویکسین کی 60 لاکھ خوراکیں فراہم کرے گا۔

 مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق ملاقات میں خطے میں امن، خوشحالی اور ترقی کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا، چینی سفیر نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں تعاون بڑھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

چینی سفیر نے کہا کہ چین پاکستسان کو اس ہفتے ویکسین کی 60 لاکھ خوراکیں فراہم کرے گا، سال کے آخر تک 10 کروڑ ویکسین کی خوراکیں پاکستان کو فراہم کی جائیں گی۔

نونگ رونگ نے کہا کہ چین دو طرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے، چین کے تجربات پاکستان کی خوشحالی میں معاون ثابت ہوں گے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اسٹریٹجک تعاون شراکت داری تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائے گی، دونوں ممالک ہر طرح کے حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے قومی مفاد کے بنیادی امور پر چین کی حمایت کرتا ہے، صدر مملکت نے جموں و کشمیر تنازع، ایف اے ٹی ایف پر چین کی حمایت کو سراہا۔

عارف علوی نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے پر عزم ہیں، دشمن عناصر سی پیک منصوبے سے خوش نہیں، دشمن عناصر سی پیک منصوبے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

صدر مملکت نے داسو واقعے پر چینی شہریوں کے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ چینی شہریوں کی حفاظت پاکستان کی اولین ترجیح ہے، حکومت پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے اقدامات کررہی ہے۔

اولمپکس میں شاندار کارکردگی، ارشد ندیم کو ٹوکیو میں پاکستانی سفیر نے تعریفی سند دی

ٹوکیو اولمپکس میں شاندار کارکردگی دکھانے پر جاپان میں تعینات پاکستان کے سفیر امتیاز احمد نے ایتھلیٹ ارشد ندیم  کو   تعریفی سند پیش کی۔

ارشد ندیم نے  ٹوکیو اولمپکس میں  جیولین تھرو مقابلے میں شاندار کارکردگی دکھائی اور فائنل میں پانچویں پوزیشن حاصل کی تھی۔

ارشد ندیم کوئی میڈل تو حاصل نہیں کرسکیں البتہ انہوں نے  پوری دنیا میں پاکستانیوں کے دل ضرور جیتے۔

اولمپکس میں شاندار کارکردگی پر ٹوکیو میں پاکستان کے سفیر  امتیاز احمد نے ارشد ندیم کو تعریفی سند پیش کی۔

عوام کا وزیر اعظم سے ایتھلیٹس کو سہولیات کی فراہمی کا مطالبہ

وزیراعظم عمران خان نے حال ہی میں کھلاڑیوں اور نوجوانوں کو تحریک دینے کے لیے ٹوئٹر اور انسٹا گرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کی جسے کچھ لوگوں نے سراہا تاہم ایک بڑے طبقے کا ماننا ہے کہ وہ ایتھلیٹس کے لیے ویڈیو پوسٹ کرنے سے کہیں زیادہ کرنے کا اختیار رکھتے ہیں۔

جہاں ایک تعریف وزیر اعظم کو ستائش اور تنقید دونوں کا سامنا ہے تو وہیں اس پوسٹ پر کچھ سوشل میڈیا صارفین نے ازراہ مذاق یہاں تک کہا کہ ملک میں ٹک ٹاک پر پابندی کے باوجود وزیراعظم ٹک ٹاک ویڈیوز پوسٹ کررہے ہیں۔

انہوں نے ٹوکیو میں جاری اولمپکس کی ویڈیوز پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ‘میں چاہتا ہوں کہ ہمارے پاکستانی نوجوان یہ دوڑ دیکھیں اور اس میں سے وہ اہم ترین سبق حاصل کریں جو کھیل نے مجھے سکھایا ہے کہ ‘آپ ہارتے تب ہی ہیں، جب آپ کوشش ترک کردیتے ہیں’۔

انہوں نے نیدرینڈز کی رنر سفان حسن کی ویڈیو شیئر کی جنہوں نے ریس کے ابتدائی مرحلے میں گرنے کے باوجود 1500 میٹر کی ریس میں سونے کا تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔

کئی لوگوں نے اس ٹوئٹ پر وزیر اعظم کے پیغام اور بحیثیت ایتھلیٹ اور کھلاڑی ان کی خدمات کو سراہا۔

ڈینیئل الیگزینڈر نے لکھا کہ عمران خان کو ڈیبیو کے بعد تین سال کے لیے ٹیسٹ کرکٹ سے ڈراپ کردیا گیا لیکن وہ عظیم ایشین کرکٹر کی حیثیت سے ریٹائر ہوئے اور آخری میچ میں پاکستان کے لیے ورلڈ کپ جیتا، کبھی ہار نہیں ماننی چاہیے، لیجنڈ عمران خان۔

انیلا خالد لکھتی ہیں کہ مجھے عمران خان کے حوالے سب سے اچھی چیز یہ لگتی ہے کہ وہ عوام تحریک اور تعلیم دیتے رہتے ہیں، وہ ایک روبوٹ وزیر اعظم جیسا رویہ نہیں رکھتے۔

کچھ لوگوں نے ان کے اس طرز عمل کا مذاق بھی اڑایا کیونکہ پاکستان میں ٹاک ٹاک پر پابندی ہے اور خود ملک کے وزیر اعظم اس کی ویڈیوز شیئر کررہے ہیں۔

البتہ اکثر عوام نے وزیراعظم سے کھیلوں کے لیے فنڈ اور مقامی ایتھلیٹس کی معاونت کا مطالبہ کیا۔

احمد علی نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ وزیر اعظم ریس دیکھ کر اس سے وہ اہم سبق سیکھیں جو کھیلوں نے مجھے سکھایا ہے کہ آپ اسی وقت جیت سکتے ہیں جب آپ اپنے ایتھلیٹس کو وہاں بھیجنے کے قابل ہوتے ہیں۔

فردوس عاشق اعوان کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات,سیالکوٹ الیکشن میں کامیابی پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو شاباشی اور مبارکباد دی

رہنما پی ٹی آئی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی گورنر ہاؤس لاہور میں وزیراعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ الیکشن میں کامیابی پر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو شاباشی اور مبارکباد دی۔

ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی سیاسی بصیرت کی تعریف بھی کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان جلد اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان سے دوبارہ ملاقات کریں گی۔

یکم اکتوبر 2021 سے صرف ویکسینیٹڈ شہری ریلوے پر سفر کر سکیں گے ، این سی او سی

وزارت ریلوے کا کہنا ہے کہ یکم اکتوبر 2021 کے بعد کم از کم کورونا ویکسین کی ایک ڈوز لگوانے والے مسافروں کو سفر کرنے کی اجازت ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ کورونا ویکسین لگوانے سے متعلق عوام کی آگاہی کے لیے پاکستان ریلوے باقاعدہ مہم کا آغاز کر رہا ہے۔

ترجمان ریلوے کا کہنا ہے کہ اس آگاہی کے لیے الیکٹرانک اور سوشل میڈیا پر باقاعدہ مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے ، ریلوے اسٹیشنوں پر پوسٹرز بھی لگائے جائیں گے اور لوگوں میں پمفلٹس بھی تقسیم کیے جائیں گے۔

ویکسین کے بوسٹر شاٹ کے اندراج کیلئے نادرا کا نیا سرٹیفکیٹ جاری کیا جائے گا، شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ خلیجی ممالک میں منظورہ شدہ ویکیسنز کے بوسٹر شاٹ کے اندراج کے لیے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی( نادرا) کا نیا سرٹیفکیٹ متعارف کروایا جائے گا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’جن افراد نے چینی ویکسین لگائی ہے جو خلیجی ممالک میں قابل قبول نہیں ہے ان کے لیے رواں ہفتے نادرا کا نیا سرٹیفکیٹ متعارف کروایا جائے گا جس میں اضافی ویکسین کے اندراج کی گنجائش ہوگی‘۔

خیال رہے کہ سعودی عرب کی سیاحتی ویب سائٹ کے مطابق سائنو فارم یا سائنو ویک ویکسین کی دونوں خوراک لگوانے والے غیر ملکیوں کو منظورہ شدہ چاروں میں سے کسی ایک ویکسین کا بوسٹر شاٹ لگوانے کے بعد ملک میں داخلے کی اجازت دے دی تھی۔

سعودی حکام کی جانب سے ملک میں آنے والے افراد کے لیے آکسفورڈ/ ایسٹرازینیکا، فائزر/بائیو این ٹیک یا موڈرنا ویکسین کی منظوری دی تھی۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت این ڈی ایس اور اسرائیل مل کر جو پاکستان کے خلاف سازش کرتے ہیں وہ اس بات کا تقاضہ ہیں کہ ہم یکجا ہو کر ان کا مقابلہ کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس ملک کی بدنصیبی کے اپوزیشن کو سمجھ نہیں ہے کہ آئندہ 6 ماہ میں اس خطے کی کیا صورتحال ہوگی اور یہ کہنا کہ کسی کو گرفتار کیا تو یہ ہوجائے گا، کچھ نہیں ہوگا، اپنی کوشش آپ کرلیں، قانون اپنی جگہ پر ہے جس کی خلاف ورزی پر قانون کا اطلاق ہوگا۔

انہوں نے کہا اسلام آباد میں تحفظ یقینی بنانے کے لیے 2ہزار ہولیس اہلکاروں کی بھرتی کی درخواست کی ہے جس میں پہلے مرحلے میں ایک ہزار اور دوسرے مرحلے میں مزید ایک ہزار اہلکار رکھے جائیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ اسلام آباد کے سیکٹر ای-11 میں جس نالے کو 12 فٹ سے کم کرکے 4 فٹ کیا گیا ان میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید انہوں نے بتایا کہ رواں ہفتے 2 مرتبہ چینی سفیر سے ملاقات ہوئی، چین اور پاکستان کی دوستی پر پوری قوم یک زبان ہے۔

انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس ملک میں انتشار اور خلفشار پھیلانے کی ناکام کوشش کرنا چاہتے ہیں وہ منہ کے بل گریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ داسو ڈیم کی تحقیقات وزارت داخلہ کے پاس ہے، اداروں نے تحقیقات مکمل کرلی ہیں جس کا اعلان وزیر خارجہ کریں گے جبکہ افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا سے متعلق تمام شواہد افغان تحقیقاتی ٹیم کو فراہم کردی گئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے افغان ٹیم سے مطالبہ کیا ہے کہ افغان سفیر، ان کی بیٹی سے تفتیش اور جو جرمن فون ہمیں فرانزیک کے لیے چاہیے اس کے لیے رابطہ کروائیں۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا پاسپورٹ 16 فروری سے منسوخ ہے، انہیں وطن واپس آنا چاہیے، لیڈر وہ ہوتا ہے جو ملک میں جیتا اور مرتا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ نواز شریف کے پاس 2 ہی آپشنز ہیں ایک یہ کہ پاسپورٹ کی منسوخی کے خلاف اپیل کرلیں دوسرا کہ برطانیہ میں اسائلم لے لیں جو ہوسکتا ہے وہ نہ لیں کیوں کہ وہ سمجھتے ہیں کہ بہتری کے حالات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک صاحب نے بیان دیا کہ شہباز شریف کو گرفتار کیا تو قیامت آجائے گی جبکہ اس ملک میں بھٹو پھانسی لگ گیا تو کوئی چڑیا نہیں پھڑکی، آپ اس سے بڑے لیڈر تو نہیں ہیں کہ یہاں قیامت برپا کردیں گے، قانون کی حکمرانی ہونی چاہیے۔۔

انہوں نے ایک مرتبہ دہرایا کہ ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں سے نام نکالنے کے لیے اپیل کا وقت گزر چکا ہے لیکن شہباز شریف نے درخواست نہیں دی۔

ان کا کہنا تھا کہ جو کچھ اس ملک میں ہورہا ہے اس کے پیچھے دہشت گردی، را، این ڈی ایس، اسرائیل ہے، میڈیا میں بھی انہوں نے ہمیں نشانہ بنایا ہوا ہے لیکن عمران خان کی قیادت میں اس سے نکلیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ وزارت داخلہ کو اسلحہ لائسنس کے اجرا کی اجازت مل گئی ہے جس کی کچھ شرائط ہیں جنہیں لوگوں کو سمجھنے اور پڑھنے کی ضرورت ہے۔

فردوس عاشق اعوان کو پنجاب اسمبلی میں داخل ہونے سے روک دیا گیا

حال ہی میں وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی کے عہدے سے مستعفی ہونے والی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو پنجاب اسمبلی میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔

اطلاعات کے مطابق فردوس عاشق اعوان حال ہی میں سیالکوٹ کے ضمنی الیکشن میں کامیابی حاصل کرنے والے احسن سلیم بریار کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے پنجاب اسمبلی آئی تھیں لیکن سکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے انہیں اندر جانے سے روک دیا۔

سوشل میڈیا پر ڈالی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ فردوس عاشق اعوان پنجاب اسمبلی کی سیڑھیوں پر سکیورٹی اہلکاروں کا حال احوال لیتی ہیں اور  اندر جانے لگتی ہیں تو  اہلکار انہیں روک کر کہتے ہیں کہ آپ ہمارے لیے قابل احترام ہیں لیکن آپ اندر نہیں جا سکتیں کیونکہ آپ کا نام مہمانوں کی فہرست میں موجود نہیں ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی سابق معاون خصوصی سکیورٹی اہلکاروں سے کہتی ہیں کہ احسن سلیم بریار والی فہرست دیکھیں میرا نام اس میں شامل ہو گا، جس پر سکیورٹی اہلکار لسٹ دیکھتے ہیں لیکن اس میں فردوس عاشق اعوان کا نام شامل نہیں تھا۔

بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ میرا نام احسن سلیم بریار کی تقریب حلف برداری کے لیے آنے والے مہمانوں کی فہرست میں شامل تھا لیکن پتا نہیں کس نے میرا نام نکلوا دیا۔

ڈالر کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ

انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت میں کاروباری ہفتے کے پانچویں روز اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں 45 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 163.45 سے بڑھ کر 163.90 روپے پر بند ہوا ہے۔