کورونا کا پھیلاؤ؛ امریکا میں پاکستانی سفارتخانہ بند

اسلام آباد / واشنگٹن: کورونا کے پھیلاؤ کے خدشات کےپیش نظر واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانہ بند کردیا گیا۔

پاکستانی سفارتخانے کے ترجمان کے مطابق کورونا کیسز کے ممکنہ پھیلاؤ و خطرات کے پیش نظر واشنگٹن ڈی سی میں پاکستانی سفارتخانہ بند کردیا گیا ہے، تاہم یہ بندش صرف آئندہ 3 روز تک کےلئے ہے۔

ترجمان کے مطابق سفارتخانہ 4 سے 6 جنوری تک بند رہے گا، سفارتخانہ کو جراثیم کش سپرے کرنے کے بعد کھول دیا جائے گا، اس دوران قونصلر سروسز بھی بند رہیں گی، جب کہ سفارتخانے کے تمام عملے کا کورونا ٹیسٹ بھی کروایا جائے گا، تاہم ویزہ یا پاسپورٹ کے لئے آن لائن سروس کھلی رہے گی

قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر کورونا کا شکار

لاہور:قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر کورونا وائرس کا شکار ہو گئیں جس کے بعد انہوں نے خود کرقرنطینہ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے اور کورونا وائرس کا شکار ہونے پر قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر نے خود کرقرنطینہ کر لیا۔
قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثناء میر قائداعظم ٹرافی کے کمنٹری پینل میں شامل ہیں اور کورونا وائرس کے مثبت آنے کے بعد دیگر کمنٹیٹرز کو بھی کورونا ٹیسٹ کرانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

واضح رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے وار جار ی ہیں اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کےمزید 1 ہزار 895 نئے کیسز سامنے آ گئے جس کے بعد پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 4 لاکھ 88 ہزار 529 ہوگئی جبکہ گذشتہ 24 گھنٹو ں میں کورونا وائرس نے مزید 39 افرادکو موت کی وادی میں دھکیل دیا جس کے بعد ملک میں اموات کی  مجموعی تعداد 10 ہزار 350 ہوگئی۔

پی ڈی ایم اپنی موت آپ مررہی ہے‘این آراوکو بھول جائیں.عمران خان

پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کی تحریک کرپشن بچانے اور این آراو حاصل کرنے کے لیے ہے.وزیراعظم کا پارٹی ترجمانوں کے اجلاس سے خطاب

اسلام آباد(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) فارغ ہوچکی ہے اور اپنی موت آپ مررہی ہے اپوزیشن کی پوری تحریک این آر او کے لیے ہے جو نہیں دونگا. پارٹی ترجمانوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت کو پی ڈی ایم سے کوئی خطرہ نہیں ہے پی ڈی ایم نے کورونا کے دنوں عوام کی زندگی سے کھیلنے کوشش کی.

نجی ٹی وی نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے پارٹی ترجمانوں کے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ کمزور معیشت کو درست ٹریک پر لگا دیا ہے تمام معاشی اعشاریے درست سمت میں جارہے ہیں نئے سال میں کارکردگی مزید بہتر کرنے اور ڈیلیوری پر توجہ ہوگی. ذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نے ترجمانوں کو معاشی کامیابیاں اجاگر کرنے کی ہدایت دی کردی وزیر اعظم نے پارٹی ترجمانوں کو اپوزیشن کو ٹف ٹائم دینے کی بھی ہدایت کردی خیال رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ اگر اپوزیشن والے اگر یہ سمجھ رہے ہیں کہ جلسے سے میرے اوپر کوئی پریشر بڑھ جائے گا تو یہ بڑی غلط فہمی ہیں، یہ جو مرضی کریں، کسی کو این آر او نہیں ملے گا.نجی ٹی وی سے انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ اپوزیشن کا اتحاد یونین آف کروکس (Union of crooks) ہے عمران خان نے کہا کہ مجھے کرسی چھوڑنے پڑی تو چھوڑ دوں گا لیکن ملک سے غداری نہیں کروں گا. انہوں نے کہا تھا کہ بے شک یہ جلسہ کریں لیکن کورونا میں یہ لوگوں کی جانیں خطرے میں ڈال رہے ہیں، جلسہ کرنے والے آرگنائزر جنہوں نے ٹرانسپورٹ دی ،کرسیاں فراہم کیس ان سب پر ایف آئی آر درج ہوگی.وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ یہ لاہور جلسہ کرنے جا رہے ہیں، لاہور میں تیزی سے کورونا کیسز بڑھ رہے ہیں پرسوں ہمارے 78 لوگ کورونا سے جاں بحق ہوئے گزشتہ روز 54 افراد فوت ہوئے ہیں کیسز ہمارے بڑھتے جارہے ہیں ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کو بالکل اجازت نہیں دیں گے جو بھی لاہور جلسے میں ساﺅنڈ سسٹم لگائے گا اور جو بھی کرسیاں لگائے گا، سب پر ایف آر درج ہوگی.وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ لیکن ہم انہیں وہاں جانے سے نہیں روکیں گے ہم کوئی رکاوٹیں کھڑی نہیں ہونگی تاکہ یہ ڈرامے نہ کریں کوئی انقلابی نہ بنیں، یہ کوئی چی گویرا نہ بنیں یہ سب چوری بچانے کیلئے جلسے کر رہے ہیں ہم نے کہا یہ کریں یہ قانون کی خلاف ورزی کریں گے ان کے خلاف مقدمات درج ہوں گے لیکن ہم روکاوٹیں پیدا نہیں کریں گے تاکہ ڈرامے کریں اور عوام کے سامنے خودکو مظلوم بناکر پیش نہ کرسکیں.

منی لانڈرنگ کیس: شہباز شریف نے ایک بار پھر میڈیکل بورڈ بنانے کی استدعا کر دی

منی لانڈرنگ کیس میں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے ایک بار پھر میڈیکل بورڈ بنانے کی استدعا کر دی۔

شہباز شریف، حمزہ شہباز و دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت احتساب عدالت کے جج جواد الحسن نے کی۔

شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو عدالت میں پیش کیا گیا لیکن شہباز شریف کے وکیل اسلام آباد میں مصروفیت کے باعث پیش نہ ہوئے۔

دوران سماعت شہباز شریف نے کہا کہ یکم دسمبر کا اخبار دیکھیں، چینیوٹ مائنز میں کرپشن ہوئی، میرے دور میں مائنز سے کروڑوں کا خزانہ نکلا، وہ خزانہ عوام کا ہے، وہ سپریم کورٹ گئے، قانون کے مطابق وہاں کام شروع کیا لیکن وہاں کرپشن ہوئی، اس کا ذمے دار کون ہے؟

صدر مسلم لیگ نے کہا کہ جج صاحب آپ اپنے اختیارات استعمال کریں جس پر فاضل جج نے کہا کہ آپ کو بکتر بند گاڑی سے بلٹ پروف گاڑی میرے حکم پر  ہی دی گئی، جب پاور استعمال کرنے کا وقت آئے گا ،استعمال کریں گے۔

شہباز شریف نے ایک بار پھر میڈیکل بورڈ بنانے کی استدعا کی جس پر فاضل جج نے کہا کہ آپ تحریری درخواست دیں، میں اس پر قانون کے مطابق حکم دوں گا۔

منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج جواد الحسن  کریں گے۔ احتساب عدالت 4گواہوں کے بیانات قلمبند کرچکی ہے ۔

واضح رہے کہ عدالت میں ڈی جی نیب لاہور نے شہباز شریف ان کی اہلیہ تہمینہ درانی بیٹے، بیٹی اور داماد کی جائیداد قرق کی رپورٹ جمع کروائی تھی۔

وزیر تعلیم شفقت محمود کا 18جنوری سے مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان

وزیر تعلیم شفقت محمود نے 18جنوری سے مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نویں سے 12ویں جماعت تک تعلیمی اداروں کو 18جنوری سے کھول دیا جائے گا۔

معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے وفاقی وزیر تعلیم کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے سخت احتیاطی اقدامات اٹھائے جن کا تعلق ہمارے تعلیمی اداروں کو بند کرن ےسے تھا اور جو دیگر ہم نے ایس او پیز پر عملدرآمد کیا جیسے بڑے اجتماعات، شادی ہال اور ریسٹورنٹس بند جگہ پر ڈائننگ پر پابندی عائد کی۔

انہوں نے کہا کہ سب سے واضح اثر تعلیمی بند کرنےسے پڑا، یہ تعلیمی ادارے ہمارے ملک کے مستقبل کے لیے بہت اہم حصہ ہیں اور ہم نے بادل نخواستہ ہی انہیں بند کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈیٹا سے یہ چیز واضح ہوئی ہے کہ شاید اس وقت ہمیں اس معاملے میں مزید احتیاط اور التوا کرے کی ضرورت پڑے تاکہ تعلیمی ادارے کھولنے سے قبل ہماری دوسری لہر کی شدت میں کمی آ چکی ہو۔ ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ تعلیمی ادارے ادارے کرنے کا اثر پڑا اور دوسری لہر میں کچھ ٹھہراؤ دیکھنے میں آیا۔

اس موقع پر وزیر تعلیم نے مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 18 جنوری سے نویں سے 12ویں جماعت تک اسکول کھل جائیں گے جس کے بعد 25 جنوری سے پرائمری سے آٹھویں جماعت تک تعلیمی ادارے کھولنے کی اجازت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ یکم فروری سے جامعات اور اعلیٰ تعلیمی ادارے کھولنے کی اجازت ہو گی۔

بھارت نے اپنی ہندو توا پالیسی سے سیکولر ازم کا تصور دفن کردیاہے:وزیر خارجہ

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت نے اپنی ہندو توا پالیسی سے سیکولر ازم کا تصور دفن کردیاہے۔

انہوں نے آج (پیر) ایک بیان میں کہا کہ عالمی ذرائع ابلاغ بھارت پر کھل کر تنقید کررہے ہیں جہاں اقلیتوں کو امتیازی سلوک کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے عالمی برادری کے سامنے دستاویز رکھی ہے جس میں ملک میں بھارت کی طرف سے دہشت گردی کرانے کے ثبوت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کو ہر فورم پر اٹھاتا رہے گا اور کشمیریوں کی حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔

مریم نواز بھول گئیں،شاہی خاندان نے لاہور سنوارنے کا نام لے کر جنوبی پنجاب کے فنڈز پر ڈاکہ ڈالا: شبلی فراز

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز  نے کہا کہ  مریم نواز کس منہ سے جنوبی پنجاب کا رونا روتی ہیں، جاتی  امراء  روڈ کی بار بار کارپٹنگ ہوتی رہی اور جنوبی پنجاب کی سڑکیں موہنجوڈارو کا نقشہ پیش کرتی ہیں، مریم نواز کی بہاولپور میں پی ڈی ایم جلسے سے کی گئی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ افسوس  مریم نواز بہاولپور میں خطاب کرتے ہوئے یہ بھول گئیں کہ اس شاہی خاندان نے لاہور کو بنانے سنوارنے کے نام پر جنوبی پنجاب کے عوام کے فنڈز پر ڈاکہ ڈالا، وفاقی وزیر اطلاعات  نے شریف خاندان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام تعلیم صحت اور روشنی کو ترستے رہے جبکہ ان کے سارے وسائل لاہور پر خرچ کردئیے گئے، جنوبی پنجاب کے کاشتکار اس شاہی ٹولے سے نفرت کرتے ہیں، مسلم لیگ نے اپنے دور حکومت میں انہیں بھوکے مرنے پر مجبور کیا،گنے کے کاشتکار اپنی فصلیں ٹرالیوں پہ لیے حکومتی پالیسیوں کو کوستے، مسلم لیگ نے جنوبی پنجاب کی نفرت میں کپاس کے کاشتکاروں کی زندگیاں تباہ کیں، وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ فصل کی بیجوں سے لیکر کیڑے مار ادویات کی فراہمی روک کے اس شاہی ٹولے نے کسانوں کو بھوکے مرنے پہ مجبور کیا،  جاتی  امراء کے روڈ کی بار بار کارپٹنگ ہوتی رہی اور جنوبی پنجاب کی سڑکیں موہنجوڈارو کا نقشہ پیش کرتی ہیں، وفاقی وزیر اطلاعات  نے کہا کہ مریم نواز کس منہ سے جنوبی پنجاب کا رونا روتی ہیں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام سے اپنا وعدہ نبھا رہی ہے،پہلی بار تخت لاہور کے بجائے  جنوبی  پنجاب کے ایک دور افتادہ علاقے سے وزیراعلی منتخب کیا گیا، علیحدہ سیکریٹریٹ قائم کیا گیا، آج جنوبی پنجاب میں یکساں ترقیاتی کام ہورہے ہیں،سینیٹر شبلی فراز کا کہنا تھا کہ عوام مطمئن ہیں یہی خوف ہے اقتدار سے عدلیہ اور اپنی کرتوتوں کی وجہ سے نکالے گئے کرپٹ خاندان کی نیندیں اڑا رہا ہے۔

مالی فائدے کیلئے مصر‘ ترکی اور عمان کے اسرائیل سے تعلقات

مالی فائدے کیلئے مصر‘ ترکی اور عمان کے اسرائیل سے تعلقات
ترکی سے اسرائیل برآمد ہونے والے تمباکو اور مشروبات میں21فیصد اور پلاسٹک، سیمنٹ اور شیشے کی مصنوعات کی برآمد میں 31 فیصد اضافہ ہوا

مصر امن معاہدے کے بدلے ہر سال 103 ارب ڈالر کی فوجی اور 250ملین ڈالر کی اقتصادی امداد حاصل کرتا ہے۔
کیمپ ڈیوی معاہدے کی پاداش میں مصر کی رکنیت معطل کرنے والی عرب لیگ کے اکثر ممالک آج کل اسرائیل کے حلیف ہیں۔
اسرائیل اور اردن کے درمیان نام نہاد امن معاہدے سے عمان نے اسرائیل سے اپنا 380 مربع کلو میٹر رقبہ واپس لے لیا۔
سوڈان اور کئی خلیجی ریاستیں اسرائیل کو تسلیم کرنے کے قریب پہنچ گئیں ان کا کہنا ہ اسرائیل سے تعلق جوڑ و اور مال بناﺅ

عثمان بزدار کی ہدایت پر 10 منصوبوں کیلئے12 ارب روپے فنڈز کی منظوری

بزدار حکومت یکساں اور حقیقی ترقی کیلئے سرگرم عمل ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر کیبنٹ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ نے سوا 12ارب روپے کے 10 ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی۔ کریم بلاک علامہ اقبال ٹاؤن میں فلائی اوور کی تعمیر 2ارب 20کروڑ روپے کی لاگت سے ہوگی۔ میو ہسپتال کے نیوروسرجری ڈیپارٹمنٹ کیلئے الیکٹرومیڈیکل ایکیوپمنٹ کی خریداری کیلئے 35کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ میانوالی سرگودھا روڈتا واں بھچراں 3کلو میٹر سڑک کے لئے 7کروڑ روپے، کوٹ چھٹہ میں اسسٹنٹ کمشنرکی رہائش گاہ اورتحصیل کمپلیکس کی تعمیر کیلئے 12کروڑ  5لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ ایک کروڑ روپے سے کوہ سلیمان تحصیل میں موضع کاروںمیں سول ڈسپینسری کے قائم کی جائے گی۔ 53لاکھ روپے کی لاگت سے کھرڑبزدارکے بی ایچ یو کورورل ہیلتھ سینٹر کے طورپر اپ گریڈ کیا جائے گا۔ مری میں گھیل تا لیفٹیننٹ ارسلان عالم شہید ستی ہاؤس سڑک کی تعمیر ساڑھے 3کروڑ روپے کی لاگت سے ہوگی۔ فیروز پور روڈ پر گلاب دیوی ہسپتال انڈر پاس 95کرورڑ روپے کی لاگت سے بنایا جائے گا۔ شیراں والا فلائی اوورکی تعمیر کیلئے ساڑھے چار ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ شاہکام چوک پر فلائی اوور3ارب 80کروڑ روپے کی لاگت سے بنایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود اور ترقی دل و جان سے عزیز ہے۔ترقی سب کا حق ہے، کسی کو محروم نہیں رہنے دیں گے۔پاکستان تحریک انصاف کا منشور ہی برابری ہے، ترقی بھی برابر ہوگی۔ محرومیوں کا ازالہ کریں گے اور پسماندہ علاقوں کو ترقی یافتہ کے برابر لائیں گے اور پنجاب کے ہر شہر ، قصبے اور دیہات تک ترقی کے ثمرات پہنچائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے بلوچستان کے علاقے مچھ میں فائرنگ کے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے فائرنگ سے کان کنوں کے جاں بحق ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے۔ عثمان بزدار نے پنجاب پبلک سروس کمیشن میں’’ پیپر لیک سکینڈل‘‘ کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کردی ہے۔ چیئرمین سی ایم آئی ٹی علی مرتضیٰ کی سربراہی میںکمیٹی پانچ دن کے اندر رپورٹ پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے قرنطینہ کے دوران طبیعت میں بہتری آنے پر لان میں واک کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدارکا کہنا ہے کہ صحت نہیں، اپنے عوام کی زیادہ فکر ہے۔ گھر سے سرکاری امور باقاعدگی کے ساتھ سرانجام دے رہا ہوں۔ صحب یابی کیلئے دعائیں کرنے والوں کا پھر شکریہ ادا کرتا ہوں۔ صحت بہتر ہونے پر نئے جوش و جذبے سے عوام کی خدمت کروں گا۔ سب کیلئے مشورہ ہے کہ ماسک پہنیں اور سماجی فاصلے کی پابندی کریں۔

مذاکرات کے دروازے کھلے، لانگ مارچ اسلام آباد آیا تو ڈیل کرونگا: شیخ رشید

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا لانگ مارچ اسلام آباد آتا ہے تو میں اسے بطور وزیر داخلہ ڈیل کروں گا، جیسے انھوں نے استعفے دئیے ویسے یہ پنڈی بھی جائیں گے، پہلے اسلام آباد تو آئیں، مدرسوں کے طلبہ کو کہیں گے کہ اسلام اور اسلام آباد میں فرق کریں،عمران خان سے پوچھ کر ہی نواز شریف کے پاسپورٹ پر بیان دیا ہے، ری نیو نہیں ہوگا ،گرینڈ ڈائیلاگ ہو رہے ہیں یا نہیں اس کا مجھے علم نہیں۔ ایک انٹرویومیں انہوںنے کہاکہ مولانا فضل الرحمان ایسی باتیں کر

رہے ہیں جو عالم دین کے شایان شان نہیں، یہ منہ اور مسور کی دال، یہ استعفوں کی باتیں کر رہے تھے، جیسے انھوں نے استعفے دئیے ویسے یہ پنڈی بھی جائیں گے، پہلے اسلام آباد تو آئیں۔شیخ رشید نے کہا کہ میں یہ نہیں کہوں گا کہ پی ڈی ایم کو بیرونی فنڈنگ ہو رہی ہے، لیکن پی ڈی ایم اور بھارت کا پاکستان کے خلاف موقف تقریبا ایک جیسا ہے، پاک افواج کے پیچھے پاکستان کی عوام سیسہ پلائی دیوار کی طرح ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا نواز شریف کا پاسپورٹ ری نیو نہیں ہوگا کیوں کہ مجھے ہدایت دی گئی ہے، عمران خان سے پوچھ کر ہی نواز شریف کے پاسپورٹ پر بیان دیا ہے، ان کے پاسپورٹ کی میعاد ختم ہو رہی ہے تو انھیں آنا چاہیے، وہ بیمار ہیں تو علاج کیوں نہیں کرا رہے۔شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان چاہتے ہیں یہ سینیٹ الیکشن میں حصہ نہ لیں تاہم میں چاہتا ہوں یہ سینیٹ الیکشن میں حصہ لیں، عمران خان کو سینیٹ میں اکثریت ملی تو 72 گھنٹے میں وہ ترامیم کر دیں گے، ن لیگ اور جے یو آئی کا بس چلے تو سینیٹ اور ضمنی انتخاب کا بائیکاٹ کر لیں ، لکھ کر رکھ لیں ن لیگ بھی سینیٹ کے الیکشن میں حصہ لے گی۔انھوں نے کہا کہ یہ دونوں پارٹیاں کسی بھی طرح چاہتی ہیں حکومت چلی جائے، لیکن اندر سے ایسی آوازیں اٹھیں گی کہ اپنے ہی فیصلوں پر عمل نہیں کر سکیں گے، دونوں پارٹیاں مجبوری میں سینیٹ اور ضمنی انتخاب میں حصہ لیں گی، اپوزیشن میں لاہور جلسے کے بعد وہ دم خم نہیں ، اپوزیشن کے پاس لانگ مارچ کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں بچا، اپوزیشن صرف لانگ مارچ کا فیصلہ کریگی باقی فیصلے یہ نہیں کر سکتے۔شیخ رشید نے کہا گرینڈ ڈائیلاگ ہو رہے ہیں یا نہیں اس کا مجھے علم نہیں، ہاں میں چاہتا ہوں کہ ڈائیلاگ ہوں، سیاست دان کبھی بھی مذاکرات کے راستے بند نہیں کرتا، اسٹیبلشمنٹ بھی کبھی بھی نہیں چاہے گی کہ ڈائیلاگ نہ ہوں، لیکن اپوزیشن کہتی ہے عمران خان سے مذاکرات نہیں کریں گے، تو وہ کس سے مذاکرات کرے گی؟۔