بھان متی کنبہ سے کوئی خطرہ نہیں:PTI کور کمیٹی

سلام آباد (نامہ نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشکل وقت ہے گھبرائیں نہیں، مہنگائی پر قابو پا لیں گے۔جمعہ کووزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس کی اندرونی

کہانی سامنے آ گئی، وزیراعظم نے اپوزیشن کے سیاسی معاملات پر گفتگو سے گریز کیا۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس کے دوران معیشت مہنگائی اور عوامی ریلیف کے اقدامات زیر بحث رہے۔وزیراعظم نے ویلفیئر کے حکومتی اقدامات کو عوام تک پہنچانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو آسان الفاظ میں بتائیں کہ حکومت ان کیلئے کیا کر رہی ہے، عام آدمی کا ریلیف اس وقت حکومت کی توجہ کا مرکز ہے۔اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ایک مرتبہ پھر اپنی ٹیم کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت ہے گھبرائیں نہیں ہم اس پر قابو پا لیں گے۔اس دوران وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر قومی کرکٹ ٹیم کو نہ گھبرانے کا مشورہ دیا، انھوں نے گفتگو کے دوران سیمی فائنل میچ میں شکست کا حوالہ دیا، اور ارکان سے کہا کہ کل کے میچ میں آپ نے دیکھا کیا ہوا؟وزیر اعظم نے کہا کہ پر اعتماد ٹیم جیسے ہی خوف کی جانب گئی تو بولنگ غلط ہونے لگی، بظاہر ٹیم آخر میں دبا کو بہتر طریقے سے ہینڈل نہیں کر سکی، اگر ٹیم آخر تک پر اعتماد رہتی تو نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ عالمی برادری صورتحال کی سنگینی کو تسلیم کرے، افغان عوام کی مشکلات کو کم کرنے میں مدد کیلئے منجمد اثاثوں کی بحالی سمیت فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔جمعہ کووزیر اعظم سے ٹرائیکا پلس کے خصوصی نمائندگان برائے افغانستان کی ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران انہوں نے ٹرائیکا پلس میکانزم کی اہمیت کو اجاگر کیا۔انہوں نے افغانستان کی صورتحال اور چیلنجز پر قابو پانے کے لیے کامیاب خصوصی نمائندگان کو مبارکباد دی اور ٹرائیکا پلس کے اہم کردار پر روشنی ڈالی۔اس موقع پر عمران خان نے خطے کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے افغانستان میں امن و استحکام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ مسلسل کہتا رہا ہوں افغانستان کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، پاکستان نے ہمیشہ ایک جامع سیاسی تصفیے کی حمایت کی۔وزیراعظم نے انسانی حقوق کے احترام اور انسداد دہشت گردی کے پرعزم اقدامات کی اہمیت پر زور دیا اور بین الاقوامی برادری کا افغانستان کے ساتھ عملی اور تعمیری کردار کی اہمیت پر بھی زور دیا۔انہوں نے افغانستان میں انسانی بحران اور اقتصادی تباہی سے بچنے کے لیے بھی اقدامات پر خصوصی طور پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری صورتحال کی سنگینی کو تسلیم کرے، افغان عوام کی مشکلات کو کم کرنے میں مدد کے لیے منجمد اثاثوں کی رہائی سمیت فوری اقدامات کی ضرورت ہے

پی آئی اے کابل آپریشن کے لئے مکمل طور پر تیار

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک نے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے کابل آپریشن کے لئے مکمل طور پر تیار ہے ،کابل آپریشن میں ریڈار کوور نہ ہونا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔

ارشد ملک کا کہنا تھا کہ کابل ائیر پورٹ کنٹرول زون میں نہیں، جس کی وجہ سے انشورنس دس گنا زیادہ ہے، انشورنس بڑھنے کے سبب اپریشن جاری نہیں رکھا جاسکتا ہے۔

انھوں نے کہا پی آئی اے کی فلیٹ میں تین طیارے لائے ہیں ، آگے ماہ مزید تین طیارے پہنچ جائیں گے، نئے طیارے 2017 کے ماڈل کے ہوں گے، نئے معاہدے کے تحت اگر طیارہ گرانڈ ہوگا تو اس کا کرایہ ادا نہیں کیا جائے گا، نئے طیارے جو آئیں گے وہ اب پاور بائی آورر کے تحت کام کریں گے۔

پی آئی اے کے سی ای او کا کہنا تھا کہ رواں سال اب تک پرندے ٹکرانے کے 60 واوعات ہوچکے ہیں ، پرندے ٹکرانے سے لاکھوں ڈالر کے اخراجات کا بوجھ پڑتا ہے ، انٹرنیشنل سیکٹر میں سعودی عرب اور گلف ممالک بہت اہم ہیں۔

ارشد ملک نے مزید بتایا سعودی عرب سے چالیس فیصد ریونیو آتا تھا ، اگر یہ دونوں سیکٹر مکمل چلیں تو پی آئی اے دو ہزار انیس کی سطح پر آجائے گا ، پی آئی اے کا اپنے روٹس بھی بڑھانے کا پلان ہے۔

افغان عوام کی معاشی ترقی کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت ہے، آرمی چیف

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ نے ملاقات کی، ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، افغانستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جب کہ مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پربھی بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان دوطرفہ روابط کی روایت کو برقرار رکھنے اور امریکا کے ساتھ طویل المدتی اور ملٹی ڈومین پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے، آرمی چیف نے انسانی بحران سے بچنے اور افغان عوام کی معاشی ترقی کے لیے مربوط کوششوں کی ضرورت پر زوردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تھامس ویسٹ نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار، بارڈر مینجمنٹ کے لیے خصوصی کاوشوں، علاقائی استحکام میں کردار کو سراہا، اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر سفارتی تعاون کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دُلہا دُلہن نے شادی کے کارڈ پر کھانے کے پیسے بھی درج کردیے

 غیر ملکی جوڑے  کی جانب سے مہمانوں کو بھیجے گئے دعوت نامے میں در ج تھا کہ شادی میں شرکت کرنے والے مہمان شادی میں کھائے جانے والے کھانے کے لیے 99 ڈالر (تقریباً7ہزار 370  روپے ساتھ لائیں ) کیوں کہ نوبیاہتا جوڑا مہمانوں کے کھانےکے اخراجات نہیں اٹھاسکتا۔

ریڈیٹ پر ایک صارف کی جانب سے اس دعوت نامے سے متعلق آگاہ کیا گیا جس پر فی مہمان 99  ڈالر لکھے گئے تھے لیکن اس شادی میں ایک دلچسپ بات یہ تھی کہ بچوں کا کھانا مفت تھا۔

 

افغانستان میں نماز جمعہ کے دوران ایک اور دھماکا، 2 افراد جاں بحق

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ننگر ہار کے علاقے اسپن غر کی مسجد میں ہونے والے دھماکے میں 12 افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب افغان میڈیا کا بتانا ہے کہ نماز جمعہ کے دوران ہونے والے دھماکے میں 2 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوئے۔

مقامی افراد کے مطابق دھماکا مسجد کے اندر ہوا اور اس کی آواز دور دور تک سنی گئی، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس سے قریبی عمارتیں بھی لرز اٹھیں۔

کسی بھی گروپ کی جانب سے ننگر ہار میں ہونے والے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے تاہم افغان حکام کا کہنا ہے کہ علاقے کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل خوست، پکتیا، قندھار اور ہرات میں بھی جمعے کے روز مساجد میں دھماکے ہو چکے ہیں۔

مالی، چوکیدار اور ڈرائیور کا جعلی ویکسینیشن میں ملوث ہونے کا انکشاف

تفصیلات کے مطابق مالی ، چوکیدار اور ڈرائیور بھی جعلی ویکسی نیشن میں ملوث نکلے ، جس کے بعد ایف آئی اے سائبرکرائم سندھ زون نے سکھر میں کارروائی کی ، کارروائی میں کورونا کی جعلی انٹریاں کرنیوالے 3ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

سربراہ سائبرکرائم سندھ عمران ریاض نے بتایا ملزمان کاتعلق بیسک ہیلتھ یونٹ نیو سکھرسےہے، ملزمان سینٹر میں چوکیدار،ڈرائیور اور مالی کا کام کرتےہیں، گرفتارملزمان میں فیصل، فضل اورحیدر شامل ہیں۔

عمران ریاض کا کہنا تھا کہ ملزمان ویکسین لگائے بغیر انکانام سسٹم میں شامل کرتےتھے اور این آئی ایم ایس سسٹم پرجعلی انٹری کرتےتھے،جعلی کوروناسرٹیفکیٹ اورپی سی آرٹیسٹ کیخلاف مہم جاری ہے۔

یاد رہے گذشتہ ماہ ایف آئی اے سائبر کرائم نے جعلی کوویڈ ٹیسٹ ریزلٹس اورویکسی نیشن سرٹیفیکیٹ بنانے والے 6 ملزمان کو گرفتار کیا تھا ، ملزمان نے ایک منظم گروہ کے طور پر کام کررہے تھے۔

گریٹر اقبال پارک کیس : عائشہ اکرم کے بیان پر ایک ملزم کو رہائی مل گئی

تفصیلات کے مطابق لاہور کی سیشن عدالت میں گریٹر اقبال پارک کیس میں گرفتار ملزم افتخار احمد کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی ، متاثرہ خاتون عدالت پہنچیں اور عدالت کے روبرو ملزم کے حق میں بیان دے دیا۔

متاثرہ خاتون نے کہا ملزم افتخار احمد میرا ملزم نہیں ہے،ملزم کو ضمانت پر رہا کیا جائے مجھے اعتراض نہیں ہے، عدالت نے خاتون کے بیان کے بعد ملزم کی ضمانت منظور کرتے ہوئے اسے ایک لاکھ روپے مچلکے جمع کروانے کا حکم دے دیا۔

یاد رہے چند روز قبل گریٹر اقبال پارک ہراسگی کیس میں متاثرہ خاتون عائشہ نے بیان ریکارڈ کرایا تھا ، متاثرہ خاتون نے ایف آئی اے کو بیان میں کہا تھا کہ ریمبو نے منگیتر کے ساتھ بنائی گئی ویڈیو پر بلیک میل کیا، ریمبو نے خان بابا کے ساتھ مل کر بلیک میل کیا۔

عائشہ کا کہنا تھا کہ خان بابا واہ کینٹ ٹیکسلاکا رہائشی اورانایہ کے نام سے سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنارکھاہے، ملزم ریمبو 10 لاکھ روپے بلیک میل کرکے لے چکا ہے۔

ایف آئی اے ذرائع نے کہا ہے کہ عائشہ ایف آئی اے کو بلیک میلنگ سے متعلق ثبوت نہ دےسکی جبکہ 10 لاکھ سے متعلق بھی کوئی ثبوت تاحال نہیں دیا گیا۔

خیال رہے 14 اگست کے روز مینار پاکستان پر عائشہ اکرم کو وہاں موجود 400 افراد کی جانب سے تشدد اور جنسی حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

قومی کپتان بابر اعظم کے والد کی قوم سے درخواست

انسٹاگرام  پر  بابراعظم کے والد اعظم صدیقی نے  چھوٹے بیٹے سفیر اعظم کے ہمراہ اسٹیڈیم میں لی گئی تصویر شیئر کرتے ہوئے ایک پوسٹ کی۔

اعظم صدیقی نے لکھا کہ ٹی ٹوئنٹی ور لڈکپ میں پاکستانی ٹیم کا سفر ختم ہوا، کھلاڑیوں نے کوشش کی ، پر اللہ کو منظور نہیں تھا لیکن  میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ اصل سفر تو اب شروع ہوا ہے، ٹیم بن گئی ہے  آگے کرکٹ بھی بڑی ہے اورایک سال بعد پھر آسٹریلیا ورلڈکپ ہے۔

اعظم صدیقی نے اپنی پوسٹ میں قوم سے درخواست کی کہ  ٹیم نے جیت کے لیے جان لگادی، یہی وجہ تھی کہ ہم  یک طرفہ میچ نہیں ہارے، ٹیم کو آپ لوگوں کی ہمت اور پیار کی ضروت ہے، بہادر قوم کی طرح بچوں کا دل بڑا کیجیے کیونکہ ایک اصول ہے بہادر ہار کر بھی بہادر رہتا ہے اور بزدل جیت کر بھی بزدل رہتا ہے، اپنے بچوں کو بزدل ہارےہوئے دل شکستہ میں شمار نہ کیجیےگا۔

انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے لکھا کہ انشاء اللہ یہی ٹیم قوم کے لیے بڑے بڑے کپ جیتے گی۔

مشترکہ اجلاس کی منسوخی: وزیراعظم نے پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اہم اجلاس آج پھر طلب کرلیا ، اجلاس شام چار بجے وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا۔

اجلاس میں وفاقی وزرا ، گورنرسندھ عمران اسماعیل ، گورنر خیبر پختوںخواہ اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت شرکت کرے گی، وزیراعظم اہم قومی اور سیاسی امور سمیت پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس منسوخ ہونے پر کور کمیٹی اراکین کو اعتمادمیں لیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کور کمیٹی اتحادی جماعتوں کےتحفظات اورمطالبات کا جائزہ لے گی، جس کے بعد ق لیگ،ایم کیو ایم کےا ی وی ایم پر تحفظات دور کئے جائیں گے۔

حکومت اپوزیشن اور پی ٹی آئی ارکان کے مطالبات کا بھی جائزہ لے گی جبکہ کور کمیٹی سیاسی صورتحال ،بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں پر غور کرے گی اور مہنگائی پرقابو پانے کیلئےاقدامات سے متعلق بھی مشاورت کی جائے گی۔

خیال رہے حکومتی اتحادیوں ایم کیوایم اورق لیگ نے ای وی ایم پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ووٹ دینے سے انکار کر دیا تھا جبکہ وزیراطلاعات فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ دونوں اتحادیوں نے بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کیا تھا

 

پی پی اور پی ڈی ایم میں دوریاں کم ہونے لگیں، بلاول اور فضل الرحمان کی آج ملاقات ہوگی

ذرائع کا بتانا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم کے درمیان دوریاں کم ہونے لگی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی نے جے یو آئی ف سے رابطہ کیا ہے اور خورشید شاہ نے پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم کے درمیان تعلقات کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری آج پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کریں گے جس میں ملکی سیاسی صورت حال اور حکومت مخالف تحریک پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ چند روز قبل بھی خورشید شاہ نے پیپلز پارٹی کی پی ڈی ایم میں دوبارہ شمولیت کا اشارہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ سیاست میں کوئی چیز حرف آخر نہیں ہوتی، میں نے مولانا فضل الرحمان اور شہباز شریف سے رابطہ کیا ہے اور پارٹی میں میری بات کو اہمیت دی جاتی ہے۔