لاہور: (ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے عشائیہ کی اندرونی کہانی سامنے آگئی جس کے مطابق متعدد ارکان اسمبلی نے سانحہ مری بارے تندو تیزسوالات کئے جبکہ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ انکوائری رپورٹ کی روشنی میں غفلت کے ذمہ دار بچ نہیں پائیں گے۔
12 جنوری کو اسلام آباد میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی جانب سے ارکان قومی اسمبلی کے اعزاز میں دیئے جانے والے عشائیہ میں بزدار سے ایم این ایز نے سانحہ مری پر سوالات کیے ، ارکان اسمبلی نے کہا سانحہ مری کے ذمہ داروں کے خلاف فوری ایکشن ہوناچاہیےتھا۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ انکوائری کرا رہے ہیں، کارروائی ضرور ہوگی۔
ارکان اسمبلی کا کہنا تھا کہ انکوائری تو معاملات کو ٹھنڈا کرنے کا باعث بنتی ہے ، ابتدائی انکوائری رپورٹ کے تناظر میں ایک سے د و ذمہ داروں کو ہتھکڑی لگنی چاہیے تھی جس پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اس واقعہ میں انصاف نہ صرف ہوگا بلکہ ہوتا ہوا نظر بھی آئے گا اور ذمہ داروں کو قانون کے شکنجے میں لائیں گے۔